گرینڈ ہیلتھ الائنس پنجاب کا چیئرنگ کراس پر احتجاجی دھرنا، سرکاری اسپتالوں کی مجوزہ نجکاری پالیسی واپس لینے کا مطالبہ

گرینڈ ہیلتھ الائنس پنجاب کا دھرنا لاہور کے چیئرنگ کراس پر چوتھے روز بھی جاری ہے

0
208

۱۰ اپریل ۲۰۲۵

رپورٹ : اعتزاز ابراہیم


لاہور

پنجاب کے سرکاری اسپتالوں اور بنیادی صحت مراکز کو آؤٹ سورس کرنے اور نجکاری کی مجوزہ پالیسی کے خلاف گرینڈ ہیلتھ الائنس پنجاب کا دھرنا لاہور کے چیئرنگ کراس پر چوتھے روز بھی جاری ہے۔دھرنے میں پنجاب بھر سے نرسز، پیرا میڈیکس اور ینگ ڈاکٹرز کی بڑی تعداد شریک ہے جو شدید گرمی، حبس اور ہیٹ ویو کے باوجود اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے سرکاری اسپتالوں کی نجکاری کا فیصلہ نہ صرف عام عوام کے لیے علاج کو مہنگا اور ناقابلِ رسائی بنا دے گا، بلکہ اس سے ہزاروں ملازمین کی ملازمتیں بھی متاثر ہوں گی۔

گرینڈ ہیلتھ الائنس پنجاب کے چیئرمین ڈاکٹر سلمان حسیب نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سرکاری اسپتالوں کو بزنس سینٹرز میں تبدیل کرنے جا رہی ہے، جس کا بوجھ براہِ راست عام آدمی پر پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ علاج معالجے کی سہولیات پہلے ہی محدود ہیں، اور نجکاری سے یہ مزید مہنگی اور مشکل ہو جائیں گی۔

دھرنے میں شریک نرسز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور ینگ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ نجکاری کی پالیسی کے تحت ان کی برسوں پرانی نوکریوں کو خطرہ لاحق ہے، اور انہیں بیروزگار کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ حکومت فوری طور پر نجکاری کا فیصلہ واپس لے اور عوامی صحت کے شعبے کو محفوظ بنایا جائے۔

احتجاج کے طور پر گرینڈ ہیلتھ الائنس نے لاہور جنرل ہسپتال اور جناح ہسپتال کی آؤٹ ڈور سروسز کا بائیکاٹ بھی کر رکھا ہے۔ دھرنے کے باعث شہر کے مرکزی علاقے میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے، جبکہ مریضوں اور ان کے لواحقین کو ہسپتالوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

مظاہرین نے واضح کیا ہے کہ ان کا احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک حکومت نجکاری کے فیصلے کو مکمل طور پر واپس نہیں لیتی۔

دوسری جانب پنجاب کی سنیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ان ڈاکٹرز کو احتجاج کی بجائے ہسپتالوں میں جا کر اپنا کام کرنا چاہیے ۔ کسی کی نوکریاں نہیں جارہی ۔ اگر کسی ہسپتال کی آوٹ سورسنگ کی بھی گئی تو اس کی افادیت بڑھانےکے لئے کی جائے گی ۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here