۳۰ اپریل ۲۰۲۵
سٹاف رپورٹ
لاہور
بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائے سی) کی آرگنائزر ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی نظربندی کے خلاف دائر پٹیشن پر بلوچستان ہائیکورٹ میں آج سماعت ہوئی، تاہم مقدمے میں کوئی اہم پیش رفت نہ ہو سکی۔ عدالت نے حکومتی جواب کی تیاری نہ ہونے پر سماعت پیر تک ملتوی کر دی اور حکومت بلوچستان کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ سماعت تک اپنا تحریری جواب عدالت میں جمع کرائے۔
ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کے وکیل عمران بلوچ نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آج کی سماعت رسمی کارروائی تک محدود رہی کیونکہ حکومت کی جانب سے جواب داخل نہیں کیا جا سکا۔ ان کے مطابق ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان نے عدالت سے مزید مہلت کی استدعا کی، جس پر عدالت نے حکم دیا کہ پیر تک جواب ہر صورت میں جمع کرایا جائے۔
وکیل نے مزید بتایا کہ دورانِ سماعت حکومتی وکیل کی جانب سے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے کارکنان کے خلاف تھری ایم پی او کے تحت جاری کیے گئے نوٹیفکیشنز واپس لیے جا رہے ہیں، تاہم بلوچ یکجہتی کمیٹی کے کارکنوں کے بارے میں حکومت کا موقف اب بھی برقرار ہے اور ان کی نظربندی کو ختم نہیں کیا گیا۔
ماہ رنگ بلوچ کو تھری ایم پی او کے تحت 22 مارچ 2025 کو حراست میں لیا گیا تھا۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے مبینہ طور پر کوئٹہ سول ہسپتال پر حملے اور لوگوں کو تشدد پر اکسانے میں کردار ادا کیا۔ یہ گرفتاری اس وقت عمل میں لائی گئی جب بلوچ یکجہتی کمیٹی کے ارکان جبری گمشدگیوں کے خلاف کوئٹہ میں احتجاج کر رہے تھے اور پولیس کی جانب سے ان پر کریک ڈاؤن کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ 21 اپریل 2025 کو ماہ رنگ بلوچ کی نظربندی میں ایک ماہ کی توسیع کر دی گئی تھی۔ ان کی حراست تھری ایم پی او قانون کے تحت عمل میں لائی گئی، جس کے تحت کسی بھی شخص کو امن و امان کی صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے نظر بند کیا جا سکتا ہے۔
ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور بی وائے سی کے دیگر کارکنان نے جیل میں بھوک ہڑتال کا آغاز اس وقت کیا جب ان کے ساتھی کارکن بیبو بلوچ کو کوئٹہ جیل سے پشین جیل منتقل کیا گیا۔ بی وائے سی کی قیادت نے دعویٰ کیا کہ بیبو بلوچ اور ماہ رنگ بلوچ کو دوران حراست تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
وکیل عمران بلوچ کے مطابق، ماہ رنگ بلوچ کے اہل خانہ نے حال ہی میں جیل میں ان سے ملاقات کی اور انہیں بھوک ہڑتال ختم کرنے کی درخواست کی، جس پر انہوں نے پانچ روز بعد اپنی بھوک ہڑتال ختم کر دی۔
یہ بات بھی یہاں قابل ذکر ہے کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی کی آرگنائزر ماہ رنگ بلوچ سمیت دیگر خواتین رہنماؤں کی گرفتاری کے خلاف بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کی جب سے 28 مارچ کو وڈھ سے کوئٹہ تک لانگ مارچ کا اعلان کیا گیا تھا۔ حکومتی عدم اجازت کی بنا پر بی این پی نے کوئٹہ سے قریب لکپاس کے مقام پر احتجاجی دھرنا دیا، جو 20 روز تک جاری رہا۔تاہم سردار اخترمینگل کی جانب سے دھرنا ختم کرنے کے بعد عوامی رابطہ مہم تحریک کے آغاز کا اعلان کیا گیا ہے، عوامی رابطہ تحریک کے تحت حکومت کے خلاف بی این پی جلسے اور عوامی احتجاج کا آغاز کرے گی۔