۴ اپریل ۲۰۲۵
رپورٹ : رانا مالہی
اسلام آباد
حکومت پاکستان نے پاکستان میں مقیم افغان شہریوں کو واپس بھیجنے کی تاریخ 31 مارچ رکھی گئی تھی لیکن عید کی چھٹیوں کی وجہ سے اس میں کچھ دن کی تاخیر کی گئی، لیکن اب دوباراہ اس عمل کو تیز کردیا ہے، جس میں تمام غیرقانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو ڈپورٹ کیا جائےگا، ان میں سے انسانی حقوق کے کرکنان، صحافیوں اور دیگر ایکٹیویسٹس کو بھی ڈپورٹ کیئے جانے کا امکان ہے۔ جبکہ طالبان کے پرتشدد اقتدار میں واپسی کو چار سے پانچ سال گزر چکے ہیں، اور افغان میڈیا کارکنان پر جاری کریک ڈاؤن کے نتیجے میں پاکستان میں جلاوطن صحافی بدستور جلاوطنی اور ممکنہ ملک بدری کے خطرات کے سائے میں کام کر رہے ہیں۔
صحافیوں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی تنظیم انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (IFJ) کی ایک رپورٹ کے مطابق 15 اگست 2021 سے قبل، افغانستان کا میڈیا متحرک اور آزاد تھا، جہاں 160 ٹی وی چینلز، 311 ریڈیو اسٹیشنز، 90 اخبارات، اور 26 نیوز ایجنسیاں کام کر رہی تھیں۔ لیکن طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد یہ میڈیا کا شعبہ تباہ ہو گیا، اور ملک کے دیگر بحرانوں کی طرح صحافت بھی شدید دباؤ میں آ گئی۔ جبکہ آج 16 لاکھ سے زائد افغان جلاوطنی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، جہاں وہ سخت حکومتی پابندیوں اور خود پر عائد سنسرشپ کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں۔
افغانستان میں جمہوریت کے ادوار میں بھی میڈیا پر مختلف پابندیاں عائد کی جاتی رہی ہیں، لیکن موجودہ دور صحافیوں کے لیے بدترین انسانی بحران ثابت ہوا ہے۔ طالبان کے سخت کنٹرول کے باعث بنیادی میڈیا آزادی بری طرح متاثر ہو ئی ہے، اور معلومات تک رسائی کا قانون تقریباً غیر مؤثر ہو گیا ہے۔ صحافت پر عائد سخت ضوابط اور ادارتی آزادی کے خاتمے کے باعث افغان میڈیا محض طالبان حکومت کی ترجمانی کرنے پر مجبور ہے، جبکہ آزاد صحافتی مواد مکمل طور پر ختم ہو چکا ہے۔
انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (IFJ) کی 2023-24 کی رپورٹ کے مطابق، افغانستان میں کم از کم 14 صحافیوں کو غیر قانونی طور پر گرفتار کیا گیا، جبکہ لاپتا ہونے، ہراساں کیے جانے، قانونی کارروائیوں اور تشدد کے متعدد واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔ افغان انڈیپنڈنٹ جرنلسٹس یونین (AIJU) کے مطابق، 2023 میں 85 ایسے کیسز سامنے آئے جن میں صحافیوں کو تشدد، سخت تفتیش اور دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔ 17 اپریل 2024 کو کابل میں دو نجی ٹی وی چینلز کو قومی اور اسلامی اقدار کی خلاف ورزی کے الزام میں بند کر دیا گیا، جبکہ 22 جولائی کو طالبان حکومت نے ننگرہار میں 14 میڈیا اداروں کے 17 نشریاتی لائسنسز معطل کر دیے، جس کی وجہ ٹیکس کی عدم ادائیگی بتائی گئی۔
طالبان کے خوف کے باعث تقریباً 30 سے 35 فیصد افغان صحافی فوری طور پر ملک چھوڑ کر فرار ہو گئے، جن میں سے کئی نے ایران اور پاکستان میں پناہ لی، جبکہ کچھ نے تاجکستان، ازبکستان، ترکی، شمالی امریکا اور یورپ کا رخ کیا۔
افغانستان میں طویل عرصے سے جاری تنازعات اور خانہ جنگیوں کے باعث افغان مہاجرین کا مسئلہ دنیا کے طویل ترین پناہ گزین بحرانوں میں شامل ہو چکا ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (UNHCR) کے مطابق، اس وقت 37 لاکھ افغان پاکستان میں رہائش پذیر ہیں، جن میں سے صرف 13 لاکھ رجسٹرڈ مہاجرین ہیں۔ پاکستان میں تقریباً 200 افغان صحافی بطور مہاجر رجسٹرڈ ہیں۔
یاد رہے کہ نومبر 2023 میں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے پی ون اور پی ٹو پروگرام ختم کرنے کا اعلان کیا تھا اور غیر قانونی مقیم مہاجرین کو یکم نومبر تک ملک چھوڑنے کی حدایت کی تھی،اور اس فیصلے کے تحت 20 ہزار افغان مہاجرین جبری طور پر ملک بدر کیے گئے۔
جبکہ دوسری جانب افغان نیشنل جرنلسٹس یونین (ANJU) نے 2022 میں خواتین صحافیوں کی صورتحال پر ایک تحقیق کی، جس کے مطابق 87 فیصد خواتین صحافیوں کو طالبان کے دور حکومت میں صنفی امتیاز کا سامنا کرنا پڑا، 60 فیصد اپنی ملازمتیں کھو چکی ہیں، اور 79 فیصد کو طالبان حکام کے ہاتھوں ہراسانی اور دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ 91 فیصد کام کرنے والی خواتین صحافی اپنے خاندانوں کی واحد کفیل تھیں، جبکہ 87 فیصد صحافی خوف کے باعث کام کرنے کی حوصلہ شکنی محسوس کر رہی ہیں۔ انٹرنیشنل میڈیا سپورٹ (IMS) کے مطابق، افغانستان میں صرف 600 خواتین صحافی رہ گئی ہیں، جبکہ IFJ کی رپورٹ کے مطابق ملک کے جنوبی اور جنوب مشرقی علاقوں میں کوئی خاتون صحافی کام نہیں کر رہی۔
29 مارچ 2025 کو افغانستان جرنلسٹس سپورٹ آرگنائزیشن (AJSO) نے پاکستانی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ افغان صحافیوں کی گرفتاریاں، ہراسانی اور ملک بدری بند کریں۔ تنظیم نے نشاندہی کی کہ طالبان کی دھمکیوں سے بھاگ کر پاکستان آنے والے صحافی یہاں بھی ویزے کی تجدید، قانونی مسائل اور تحفظ کے فقدان کا شکار ہیں۔ AJSO نے اقوام متحدہ اور عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ افغان صحافیوں کو قانونی تحفظ فراہم کریں اور ان کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے اقدامات کریں، کیونکہ اگر صورتحال ایسی ہی رہی تو آزادی صحافت مزید خطرے میں پڑ جائے گی۔