19 اپریل 2025
رپورٹ: رانا مالہی
راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کو راولپنڈی کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔ ہفتے کے روز گرفتار کی گئی عالیہ حمزہ کو دیگر پانچ پی ٹی آئی کارکنان کے ہمراہ سول جج ممتاز ہنجرا کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں پولیس نے ان کے جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا کی۔
عدالت میں پیشی کے دوران پولیس نے پی ٹی آئی رہنما شمیم آفتاب اور ان کے ڈرائیور کو مقدمے سے خارج کرنے کی درخواست بھی کی، جس پر عدالت نے سماعت مکمل کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کر لیا۔
عالیہ حمزہ کی گرفتاری راولپنڈی کے علاقے ڈھوک کمال دین میں فلسطین کے حق میں منعقدہ یوتھ کنونشن کے بعد عمل میں آئی، جہاں پولیس کے مطابق مظاہرین نے سڑک بلاک کی، پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کیا اور سرکاری کام میں مداخلت کی۔ اس موقع پر عالیہ حمزہ، محمد زاہد، نعمان اسلم، عادل منیر اور شمیم آفتاب کو گرفتار کر لیا گیا، جب کہ 25 سے 30 کارکنان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
عالیہ حمزہ پر درج ایف آئی آر میں روڈ بلاک کرنے، اشتعال دلانے، مزاحمت کرنے اور کارِ سرکار میں مداخلت کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق، ملزمان احتجاج کے دوران شدید ہنگامہ آرائی کر رہے تھے۔
عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عالیہ حمزہ نے کہا، “ہم پرامن تھے، میں نے پولیس کو کہا کہ مجھے گرفتار کر لو لیکن میرے کارکنان کو نہ چھیڑو۔ ان سے پوچھیں کہ ہمیں پوری رات حبسِ بے جا میں کیوں رکھا گیا؟ کیا تفتیشی افسر عدالت میں قرآن پر حلف دے گا؟”
انہوں نے مزید کہا کہ، “پولیس اہلکاروں کے سامنے میں موجود تھی، کسی نے پتھراؤ نہیں کیا۔ ظلم جتنا مرضی کر لیں، ہم ہنس کر سہیں گے۔ فلسطین کے لیے ہونے والے یوتھ کنونشن سے بھی یہ ڈر گئے ہیں۔”
دوسری جانب، پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل نے انسداد دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، “عالیہ حمزہ کو بلاوجہ گرفتار کیا گیا۔ عمران خان کی بہنوں کو حراست میں لے کر ویران جگہوں پر چھوڑا جاتا ہے۔ میں خود گرفتار ہو چکی ہوں، ڈاکٹر یاسمین راشد آج تک جیل میں ہیں، اور کئی دیگر خواتین رہنما بھی قید میں ہیں۔ پاکستان کی تاریخ میں خواتین کے ساتھ ایسا سلوک پہلے کبھی نہیں ہوا۔”
واضح رہے کہ عالیہ حمزہ کی گرفتاری اس وقت عمل میں آئی جب وہ پی ٹی آئی ورکرز کنونشن میں شرکت کے لیے راولپنڈی کے علاقے ایئرپورٹ تھانے کی حدود میں موجود تھیں۔ گرفتاری کے بعد انہیں خواتین تھانے منتقل کیا گیا جب کہ دیگر کارکنوں کو ایئرپورٹ تھانے لے جایا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق، ان پر سڑکیں بند کرنے اور پولیس پر پتھراؤ کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
پی ٹی آئی کی دیگر خواتین رہنماؤں، بشمول سیمابیہ طاہر، کنول شوزب اور طاہرہ اورنگزیب نے بھی حکومتی کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے۔