22 اپریل 2025
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد: اسلام آباد میں واقع انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کی 22 سالہ طالبہ ایمان فیروز کو ہفتے کی رات نجی ہاسٹل کے کمرے میں فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ یہ اندوہناک واقعہ سیکٹر جی-10/1 میں واقع ایک نجی گرلز ہاسٹل میں پیش آیا۔
پولیس کو دیےگئے بیان کے مطابق، ایمان کے بھائی زید خان نے بتایا کہ رات تقریباً 12:15 بجے ایک نامعلوم شخص ہاسٹل کی دیوار پھلانگ کر احاطے میں داخل ہوا اور تقریباً ایک گھنٹے تک اندر چھپا رہا۔ 1:30 بجے جب ایمان اپنے کمرے سے باہر نکلی تو حملہ آور نے اُسے روک لیا۔ ایمان پیچھے ہٹنے کی کوشش کر رہی تھی کہ ملزم زبردستی کمرے میں داخل ہو گیا، جہاں ایمان کی تین روم میٹس بھی موجود تھیں۔
ملزم نے سب لڑکیوں کو خاموش رہنے کا کہا اور پستول نکال کر ایمان پر فائر کر دیا۔ گولی لگنے سے ایمان شدید زخمی ہو گئی۔ ہاسٹل انتظامیہ اور دیگر طالبات نے فوری طور پر ایمان کو پمز اسپتال منتقل کیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکی اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔
عینی شاہدات کے مطابق، ملزم کی عمر 25 سے 26 سال کے درمیان تھی، قد درمیانہ اور سفید لباس پہنے ہوئے تھا۔ پولیس نے مقدمہ قتل کی دفعات کے تحت درج کر کے تفتیشی افسر ابرار حسین کی سربراہی میں کارروائی شروع کر دی ہے۔
دوسری جانب، انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ افسوسناک واقعہ یونیورسٹی یا اس کے ہاسٹلز کے اندر پیش نہیں آیا بلکہ ایک نجی ہاسٹل میں پیش آیا، جس کا یونیورسٹی سے کوئی تعلق نہیں۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے طالبہ کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا ہے اور طالبہ کی المناک موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔
جب ہمارا رابطہ ایمان فیروز کے خاندان سے ہوا تو اُنہوں نے میڈیا سے بات کرنے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت بات کرنے کی پوزیشن میں نہیں، جلد تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔
واقعے کے بعد انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات نے سوشل میڈیا پر اس قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کئی اہم سوالات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک نامعلوم مسلح شخص کا ہاسٹل میں داخل ہو کر طالبہ کو قتل کر کے بحفاظت فرار ہو جانا سیکیورٹی نظام پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔
طلبہ کا کہنا ہے کہ ملک میں خواتین پہلے ہی دوہرے اور تہرے جبر کا شکار ہیں، انہیں شاپنگ مالز سے لے کر دفاتر تک ہراسانی کا سامنا ہوتا ہے، ایسے میں دارالحکومت میں ایک طالبہ کا قتل خواتین کے خلاف بڑھتے جرائم کا کھلا ثبوت ہے۔
انہوں نے اس امر پر بھی روشنی ڈالی کہ دور دراز سے آنے والے طلبہ کو سرکاری ہاسٹلز میں جگہ نہ ملنے کی وجہ سے پرائیویٹ ہاسٹلز میں رہنا پڑتا ہے، جہاں نہ صرف سیکیورٹی کے مسائل ہیں بلکہ دیگر بنیادی سہولیات بھی ناکافی ہیں۔ مہنگے سرکاری ہاسٹلز کی وجہ سے طلبہ غیر محفوظ ماحول میں رہنے پر مجبور ہیں، جو اس جیسے سانحات کا باعث بن سکتا ہے۔
طلبہ نے ایمان فیروز کے بہیمانہ قتل کی پرزور مذمت کرتے ہوئے حکومت اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعہ کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائیں، قاتل کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، اور تمام طلبہ کو یونیورسٹی کے ہاسٹلز میں محفوظ رہائش فراہم کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔