۹ اپریل ۲۰۲۵
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
لاہور
لاہور ہائی کورٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کی بندش، وی پی این پر پابندی، اور ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز کی سست روی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کے دوران وفاقی حکومت کی جانب سے ایکس استعمال کرنے والے سرکاری افسران کی فہرست پیش نہ کیے جانے پر اٹارنی جنرل آف پاکستان کو 17 اپریل کو عدالت طلب کرلیا ۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ کیس میں پی ٹی اے کی طرف سے رپورٹ جمع کرائی جاچکی ہے، وہ حکومتی اراکین جو ایکس استعمال کر رہے ہیں، ان کی لسٹ طلب کی گئی تھی، ہمارے لیے یہ ممکن ہی نہیں کہ ایسی کوئی لسٹ مہیا کریں۔
عدالت نے اس پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اٹارنی جنرل منصور اعوان کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر قانونی وضاحت فراہم کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے قرار دیا کہ اٹارنی جنرل بتائیں ایکس کی بندش کے نوٹیفیکشن کی کیا قانون حیثیت ہے؟ آئندہ سماعت پر اٹارنی جنرل مکمل تیاری کے ساتھ پیش ہوں۔
درخواست صحافی حافظ شاکر محمود کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جنہوں نے مؤقف اپنایا کہ حکومت نے عوامی آگاہی اور اظہار رائے کے بنیادی حق کو محدود کرنے کے لیے نہ صرف ایکس جیسا بین الاقوامی پلیٹ فارم بلاک کر رکھا ہے بلکہ انٹرنیٹ کی رفتار بھی جان بوجھ کر سست رکھی جا رہی ہے اور وی پی اینز کے استعمال کو محدود کیا جا رہا ہے۔
درخواست گزار کی جانب سے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور وفاقی حکومت ایکس کی بندش سے متعلق مختلف مؤقف رکھتی ہیں۔
لاہور ہائی کورٹ میں کیس کی سماعت تین رکنی بینچ نے کی جس کی سربراہی چیف جسٹس عالیہ نیلم کر رہی ہیں۔
درخواست گزار کا مؤقف
درخواست میں کہا گیا کہ بین الاقوامی ادارے ورلڈ پاپولیشن ریویو کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان اس وقت دنیا میں انٹرنیٹ کی رفتار کے حوالے سے 198 ویں نمبر پر ہے، جو کہ فلسطین، بھوٹان، گھانا، عراق، ایران، لبنان، اور لیبیا جیسے ممالک سے بھی نیچے ہے۔
درخواست گزار نے مزید کہا کہ حکومت کی طرف سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز تک رسائی محدود کر کے شہریوں کے اظہار رائے، معلومات تک رسائی، تعلیم، کاروبار، اور تحقیق جیسے اہم شعبوں کو متاثر کیا جا رہا ہے، جو آئین پاکستان کے آرٹیکل 19 اور 19-اے کی خلاف ورزی ہے۔
پس منظر
قبل ازیں، اسی کیس کی ایک سماعت 20 مارچ 2025 کو ہوئی تھی، جس میں پی ٹی اے کے چیئرمین میجر جنرل (ر) حافظ الرحمان عدالت میں پیش ہوئے تھے۔ عدالت نے اس وقت وی پی اینز پر پابندی سے متعلق پی ٹی اے کے مؤقف کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ دنیا بھر میں وی پی اینز کاروباری، تعلیمی اور سیکیورٹی مقاصد کے لیے استعمال ہوتے ہیں، اور ان پر مکمل پابندی بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کے مترادف ہو سکتی ہے۔چیف جسٹس عالیہ نیلم نے پی ٹی اے سے استفسار کیا تھا کہ ان کے پاس وی پی اینز کے حوالے سے کوئی واضح پالیسی ہے یا نہیں۔ پی ٹی اے نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ صرف رجسٹرڈ وی پی اینز کی اجازت دیتے ہیں، باقی تمام غیر رجسٹرڈ وی پی اینز کو بلاک کیا جاتا ہے۔ عدالت نے اس جواب کو ناکافی قرار دے کر مزید وضاحت طلب کی تھی۔
آئندہ سماعت
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 17 اپریل 2025 تک ملتوی کرتے ہوئے اٹارنی جنرل آف پاکستان کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے، تاکہ وہ ایکس پر پابندی، وی پی این کی بندش، اور انٹرنیٹ کی سست روی کے قانونی جواز پر عدالت کی معاونت کریں۔ عدالت نے واضح کیا کہ شہریوں کے بنیادی حقوق پر قدغن لگانے کے تمام اقدامات کا آئینی جواز پیش کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔