04 اپریل 2025
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد: اسلام آباد اور راولپنڈی میں افغان سٹیزن کارڈ (ACC) رکھنے والے شہریوں کے انخلا کی سرکاری ڈیڈ لائن ختم ہو چکی ہے۔ اس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ کسی بھی ایسے افغان باشندے کو گرفتار اور ملک بدر کیا جائے جو جرائم میں ملوث پایا جائے۔ اس پالیسی کے تحت نہ صرف ملزم بلکہ اس کے اہل خانہ کو بھی ڈی پورٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکومت نے 31 مارچ کو راولپنڈی اور اسلام آباد سے تمام افغان شہریوں کی واپسی کے لیے حتمی تاریخ مقرر کی تھی۔ تاہم، حکام کے مطابق جبری بے دخلی کا عمل سست روی کا شکار ہے۔ وفاقی حکومت نے یکم اپریل سے غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو زبردستی ملک بدر کرنے کا فیصلہ کیا تھا، لیکن ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے وفاقی حکومت سے اس عمل کے لیے فنڈز کی فراہمی اور 10 اپریل تک کی مہلت طلب کر لی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ لنڈی کوتل میں قائم ٹرانزٹ کیمپ سنسان پڑا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، اس وقت ملک میں تقریباً 8 لاکھ افغان سٹیزن شپ کارڈ ہولڈرز موجود ہیں، جنہیں جبری طور پر افغانستان واپس بھیجنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب، مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق راولپنڈی پولیس کے سربراہ نے راول، پوٹھوہار اور صدر ڈویژن کے سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت دی ہے کہ ضلع میں مقیم یا کام کرنے والے غیر قانونی افغان شہریوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔ پولیس حکام کو یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر کسی افغان شہری کو کسی جرم میں ملوث پایا جائے تو اسے فوراً حراست میں لیا جائے۔ تاہم، مبصرین کے مطابق یہ حکم اجتماعی سزا کی شکل اختیار کر چکا ہے، کیونکہ اگر کسی خاندان کا ایک فرد بھی جرم میں ملوث پایا گیا تو پورے خاندان کو ڈی پورٹ کیا جائے گا۔