سٹافرپورٹ
وفاقی وزیر براۓ بورڈ آف انویسٹمنٹ اور رہنما مسلم لیگ ن قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ حکومت نے پیٹرولیم لیوی میں جو اضافہ کیا ہے اس سے اگلے پندرہ دنوں میں قومی خزانہ میں ایک سو ارب روپے مزید جمع ہوں گے۔
آج نیوز کے پروگرام سپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے قیصر احمد شیخ کا کہنا تھاکہ پیٹرولیم لیوی کی مد میں حاصل ہونے والی رقم کو بلوچستان کی ترقی پر خرچ کیا جائے گا۔
وفاقی حکومت نے پندرہ اپریل کو عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو برقرار رکھا تھا اور پیٹرولیم لیوی کو ستر سے بڑھا کر اسی روپے فی لیٹر کر دیا تھا۔
پیٹرولیم لیوی کو بڑھانے کے لئے حکومت نے پیٹرولیم پروڈکٹس آرڈیننس کو صدارتی آرڈیننس کے ذریعے تبدیل کیا کیونکہ جون میں پیش کئے گئے بجٹ میں حکومت نے پیٹرولیم لیوی ستر روپے فی لٹر مقرر کی تھی۔
وزیر اعظم شہباز شریف کے مطابق پیٹرولیم لیوی سے اکھٹی ہونے والی رقم سے حکومت بلوچستان میں سڑکیں اور نہریں تعمیر کرے گی۔
‘بلوچستان میں ترقیاتی کام پی ایس ڈی پی سے کروائے جائیں’
اس حوالے سے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف اور خیبر پختونخواہ کے سابق وزیر خزانہ تیمور جھگڑا کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے سیاسی مسائل پیسے دے کر حل نہیں ہو سکتے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پیٹرولیم لیوی کا پیسہ وفاقی حکومت کے پاس جاتا ہے اور اگر اب حکومت یہ پیسہ بلوچستان کو دینا چاہتی ہے تو پھر اس کو بلوچستان لیوی کا نام دینا چاہیے اور بلوچستان کے ترقیاتی بجٹ میں فوری اضافہ ہونا چاہیے۔
حکومت کی اتحادی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے ممبر قومی اسمبلی مرزا اختیار بیگ نے بھی پٹرولیم لیوی میں اضافے کی مخالفت کی اور کہا کہ حکومت نے یہ اضافہ آئی ایم ایف کےکہنے پر کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگرحکومت بلوچستان کی ترقی کے لئے فنڈز دینا چاہتی ہے تو پھر پی ایس ڈی پی میں رقم مختص کرے کیونکہ پیٹرولیم لیوی کی رقم کا کوئی احتساب نہیں ہو سکتا۔
‘سمجھ نہیں آتا کہ ہمارے کچھ نمائندے مائنز اینڈ منرل بل کی حمایت کیوں کر رہے ہیں’
پروگرام میں مائنز اینڈ منرل بل اور اس پر تحریک انصاف کی اندرونی تقسیم پر بات کرتے ہوئے تیمور جھگڑا کا کہنا تھا کہ ان کی پارٹی میں ون مین شو نہیں ہے اور ہر کوئی اپنی بات کھل کر کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مائنز اینڈ منرل بل وفاق اور ایس آئی ایف سی سے آیا تھا لیکن مجھے یہ سمجھ نہیں آئی کہ ہمارے کچھ وزیر اس بل کی ہر شق کو اون کیوں کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بل میں انیس جگہ یہ لکھا گیا ہے کہ صوبے وفاق سے مشاورت کریں گے۔
اس بل پر پیپلز پارٹی کا موقف دیتے ہوئے مرزا اختیار بیگ کا کہنا تھا کہ معدنیات اور قدرتی وسائل صوبوں کی ملکیت ہوتی ہیں لیکن عالمی انویسٹمنٹ کے لئے وفاق کی گارنٹی چاہئے ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے معاہدوں میں صوبوں کے مفاد کا خیال رکھنا چاہیے۔
اس بل پر رائے دیتے ہوئے بورڈ آف انویسٹمنٹ کے وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے پیپلز پارٹی کے رہنما مرزا اختیار بیگ کی رائے سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ انویسٹمنٹ کے معاہدے ملکوں کے درمیان ہوتے ہیں اس لئے اس بل میں وفاق کا کردار بھی رکھا گیا ہے۔
وفاقی وزیر نے سوال اٹھایا کہ پچھلے ستر سالوں میں کب کسی صوبے نے کوئی براہ راست کامیاب عالمی سرمایہ کاری کروائی ہے۔ اس کا جواب دیتے ہوئے تیمور جھگڑا کا کہنا تھا کہ عالمی سرمایہ کاری میں وفاق کا ٹریک ریکارڈ کونسا اچھا ہے۔ وفاق نے پچھلے دو سالوں میں صرف البیک چکن کے ساتھ ہی ایم او یو سائن کیا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ اگر حکومت چاروں صوبوں کے ساتھ مشاورت چاہتی ہے تو پھر ایک مشاورتی ادارہ بنالے۔
تاہم قیصر احمد شیخ کا موقف تھا کہ مائنز اینڈ منرل بل کے علاوہ کوئی اور آپشن نہیں ہے کیوں کہ مائنز اینڈ منرل میں سرمایہ کاری کے لئے لوگوں کو یقین دلانا ضروری ہے کہ ان کے ساتھ معاہدوں کا تحفظ ہوگا۔