15 اپریل 2025
سٹاف رپورٹ
پاکستان کی تین بڑی سیاسی جماعتوں بشمول حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ ن، پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اس بات پر متفق ہیں کہ ایف آئی اے کو ملک کے سینئر سیاست دان اور انسانی حقوق کے کارکن سابق سینیٹر فرحت الله بابر کے خلاف کارروائی کا اختیار ہی نہیں ہے کیونکہ انہوں نے کبھی کوئی انتظامی عہدہ نہیں سنبھالا۔
آج نیوز کے پروگرام سپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کےرہنما اور سپریم کورٹ بار کے سابق صدر سینیٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ ٹیکس کے معاملات پر ایف آئی اے کارروائی کر ہی نہیں سکتا، وہ صرف منی لانڈرنگ کے معاملات کو دیکھ سکتے ہیں۔ ایف آئی اے صرف ان لوگوں کے خلاف انکوائری کر سکتی ہے جنہوں نے کوئی حکومتی عہدہ رکھا ہو جبکہ فرحت الله بابر کبھی کسی ایسے عہدے پر فائز نہیں رہے۔ یہ انکوائری ان کو ہراساں کرنے کےلئے کی جا رہی ہےکیونکہ وہ ہمیشہ عاصمہ جہانگیر کی طرح مظلوموں کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے کے مطابق وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق سینیٹر فرحت الله بابر کے خلاف اختیارات کے غلط استمعال، نا جائز دولت جمع کرنے، منی لانڈرنگ، اثاثے چھپانے اور کم ٹیکس دینےکے الزامات کے حوالے سے چھان بین کر رہے ہیں۔
ایف آئی اے کے اینٹی کرپشن یونٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر کے مطابق یہ انکوائری فرحت اللہ بابر کے سینیٹر شپ کے دور سے متعلق ہے جس میں یہ دیکھا جائے گا کہ بطور سینیٹر کیا انہوں نے مالی بدعنوانی کی ہے؟
تاہم ایف آئی اے نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ اس کے پاس فی الحال فرحت الله بابر کے حوالے سے کوئی شواہد موجود نہیں ہیں لیکن انہوں نے فرحت الله بابر سے ان کے اثاثوں اور دیگر مالی معاملات کی تفصیلات مانگی ہیں اور جب وہ سب چیزیں جمع کروا دیں گے تو اس کے بعد ہی دیکھا جائے گا کہ ان کے خلاف کس جرم کے تحت مقدمہ بن سکتا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر اور سینئر وکیل ضمیر گھمرو کا کہنا تھا کہ قانونی طور پر چھ سال سے پہلے کے اثاثوں اور ٹیکس کے معاملات کو پوچھا ہی نہیں جا سکتا اور ویسے بھی ایف آئی اے کے پاس اس طرح کے معاملات کو دیکھنے کا دائرہ اختیار ہی نہیں ہے اور اس طرح سے مالی معاملات سے متعلق عمومی سوالنامہ بھیج کر تحقیقات کرنا صرف نیب کا اختیار ہوتا تھا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا قانون تبدیل ہو گیا ہے جو ایف آئی اے ایسے تحقیقات کر رہا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹر افنان اللہ نے اس بات سے اتفاق کیا کہ ایف آئی اے اس طرح سے فرحت الله بابر کو نوٹس جاری نہیں کر سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کو یقین ہے کہ اس انکوائری سے فرحت الله بابر کے خلاف کچھ نہیں نکل سکے گا۔
پروگرام میں عمران خان کی جیل میں امریکی نژاد پاکستانیوں سے ملاقاتوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سینیٹر افنان الله کا کہنا تھا کہ جن پاکستانی نژاد امریکیوں نے جیل میں عمران خان سے ملاقات کی ہے ان میں سے کچھ لوگوں نے بہت سارے فلاحی کام کیۓ ہیں اور ان کو ہم نے تمغے بھی دیے ہوئے ہیں اس لئے ایسے لوگوں سے ملنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
اس حوالے سے بات کرتے ہوئے سینیٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ میں جب عمران خان سے ملا تھا تب انہوں نے مجھ سے امریکی نژاد پاکستانیوں سے ملاقات کے حوالے سے بات نہیں کی تھی۔ اوور سیز پاکستانی اپنے طور پر عمران خان کی رہائی کےلئےملاقاتیں کر رہے ہیں اس کا تحریک انصاف کے حوالے سے براہ راست کوئی تعلق نہیں ہے۔
پارٹی کے اندرونی اختلافات پر بات کرتے ہوئے سینیٹر علی ظفر کا کہنا تھا کہ سلمان اکرم راجہ نے جو بیان دیا ہےکہ عمران خان سےصرف منظور نظر لوگوں کو ملنے دیا جارہا ہے، اس کی میں مذمت کرتا ہوں کیونکہ عمران خان سے ملاقات کرنا جرم نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ملاقاتیں جیل حکام کی مرضی سے ہوتی ہیں اور وہ جسے چاہتے ہیں ملاقات کے لئے جانے دیتے ہیں. ان کا مزید کہنا تھا کہ کئی دفعہ ایسا ہوا ہے کہ سلمان اکرم راجہ کو ملنے جانے دیا لیکن مجھے روک لیا گیا۔ اس لئےجو بھی ملنےجاتا ہے مجھے تو خوشی ہوتی ہے۔