14 اپریل 2025

رپورٹ: رانا مالہی


اسلام آباد: پیر کے روز سپریم کورٹ میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے تبادلوں کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کے دوران پانچ رکنی آئینی بینچ نے اٹارنی جنرل، جوڈیشل کمیشن، سپریم کورٹ اور ہائیکورٹس کے رجسٹرار، اسلام آباد ہائیکورٹ سے ٹرانسفر ہونے والے ججز، صوبائی ایڈووکیٹ جنرلز اور اسلام آباد کے ایڈووکیٹ جنرل کو نوٹسز جاری کردیئے۔

سپریم کورٹ میں جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں پانچ رکنی آئینی بینچ کیس کی سماعت کی۔ دیگر ججز میں جسٹس نعیم اختر افغان، جسٹس شاہد بلال، جسٹس صلاح الدین پنہور اور جسٹس شکیل احمد شامل ہیں۔

جسٹس محمد علی مظہر نے دوران سماعت بتایا کہ اس کیس میں سات درخواستیں ہمارے سامنے ہیں، جن میں راجہ مقسط، بانی پی ٹی آئی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز اور دیگر شامل ہیں۔ راجہ مقسط اور بانی پی ٹی آئی کے وکیل ادریس اشرف روسٹرم پر آئے اور مؤقف اختیار کیا کہ انہوں نے بنیادی حقوق کی بنیاد پر درخواست دائر کی ہے۔

بینچ کے سربراہ نے ریمارکس دیے کہ سینیارٹی سے متعلق کیس میں پانچوں ججز بھی ہمارے سامنے درخواست لائے ہیں، اس لیے کیوں نہ ہائیکورٹ ججز کی درخواست کو پہلے سنا جائے۔ جسٹس مظہر کا کہنا تھا کہ رولز کے مطابق سینئر وکیل کو پہلے سنا جانا چاہیے۔ اس موقع پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے وکیل منیر اے ملک اور صلاح الدین روسٹرم پر آگئے اور دلائل کا آغاز کیا۔

منیر اے ملک نے دلائل میں مؤقف اختیار کیا کہ صدر مملکت کے پاس ججز کے تبادلے کا لامحدود اختیار نہیں، آرٹیکل 200 کو آرٹیکل 175 اے کے ساتھ ملا کر پڑھنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین کے مطابق تمام ججز کے ساتھ یکساں سلوک کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جج کا تبادلہ صرف عارضی طور پر ہو سکتا ہے۔

جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے کہ صدر مملکت کے پاس ججز کے تبادلے کا اختیار ہے، اگر ججز کے تبادلوں میں اضافی مراعات ہوتیں تو اعتراض بنتا۔ چیف جسٹس پاکستان کی سفارش پر تبادلے آئین کے مطابق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین میں صرف اتنا لکھا ہے کہ صدر جج کا تبادلہ کر سکتے ہیں، اگر صدر خود سے تبادلے کریں تو سوال اٹھے گا۔

جسٹس مظہر نے مزید کہا کہ اس کیس میں دو اہم نکات ہیں، پہلا یہ کہ ججز کا تبادلہ ہوا، اور دوسرا یہ کہ ان کی سینیارٹی کا تعین کیسے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سول سروس کے سینیارٹی رولز یہاں لاگو نہیں ہوں گے، سوال یہ ہے کہ سینیارٹی پرانی ہائیکورٹ والی چلے گی یا نئی ہائیکورٹ سے شمار ہوگی؟ منیر اے ملک نے جواب دیا کہ ان کا اعتراض دونوں امور پر ہے۔

جسٹس مظہر نے کہا کہ آئین کے مطابق جج کا تبادلہ رضامندی سے ہونا چاہیے، متعلقہ ہائیکورٹس کے چیف جسٹسز اور چیف جسٹس پاکستان کی رضامندی بھی لازمی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر دوبارہ حلف ہو بھی تو دیکھنا ہوگا کہ سینیارٹی پہلے حلف سے چلے گی یا نئے سے، کیونکہ اگر نئے حلف سے سینیارٹی شروع کی گئی تو تبادلے سے پہلے کی سروس صفر ہوجائے گی۔

منیر اے ملک کا کہنا تھا کہ آئین میں واضح طور پر درج نہیں کہ تبادلہ عارضی ہوگا یا مستقل، تاہم آئینی روح یہی تقاضا کرتی ہے کہ جج کو اس کی مرضی سے ہی ٹرانسفر کیا جائے۔

دوران سماعت جسٹس محمد علی مظہر نے وکیل منیر اے ملک سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی درخواست میں جج کو کام سے روکنے کی استدعا ہی نہیں کی گئی، صرف زبانی استدعا کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر کراچی ہائیکورٹ بار کے وکیل فیصل صدیقی روسٹرم پر آئے اور کہا کہ ان کی درخواست میں ججز کو کام سے روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔

جبکہ عدالت نے ججز کے تبادلے کا ریکارڈ طلب کرنے کی استدعا مسترد کردی۔ جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ کون سا ریکارڈ منگوانا چاہتے ہیں؟ ہائیکورٹس کا یا ایوان صدر کا؟ انہوں نے کہا کہ ججز تبادلوں کا نوٹیفکیشن تو لگا ہوا ہے، اور اگر ریکارڈ میں طریقہ کار درست ہوا تو کیا درخواست واپس لے لیں گے؟

جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا قیام ایکٹ کے ذریعے ہوا ہے، کیا اس ایکٹ میں ججز کا تبادلہ کر کے لانے کا سکوپ موجود ہے؟ منیر اے ملک نے مؤقف اختیار کیا کہ ایکٹ میں صرف نئے ججز کی تعیناتی کا ذکر ہے، ٹرانسفر کی گنجائش موجود نہیں۔ جسٹس نعیم افغان نے سوال اٹھایا کہ اگر ججز کی آسامیاں خالی تھیں تو انہی صوبوں سے نئے ججز کیوں نہیں تعینات کیے گئے؟

انہوں نے یہ سوال بھی کیا کہ ججز کے حلف میں کون سی ہائیکورٹ کا ذکر ہوتا ہے؟ منیر اے ملک نے بتایا کہ حلف کے ڈرافٹ میں صوبے کا ذکر ہوتا ہے اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے لیے “اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری” کا ذکر شامل ہوتا ہے۔ جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ سینیارٹی اس حلف سے گنی جاتی ہے جو بطور ایڈیشنل جج لیا جاتا ہے، مستقل ہونے پر دوبارہ حلف ہوتا ہے۔

سپریم کورٹ نے جوڈیشل کمیشن کو بھی نوٹس جاری کردیا تاہم ہائیکورٹس کے مستقل چیف جسٹسز کی تقرری روکنے کی استدعا مسترد کردی۔ جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ جوڈیشل کمیشن کا اجلاس کب ہے، جس پر منیر اے ملک نے بتایا کہ اجلاس 18 اپریل کو بلایا گیا ہے۔ جسٹس مظہر نے کہا کہ ہم کیس 17 اپریل کو سنیں گے۔

عدالت نے اسلام آباد ہائیکورٹ ججز کی نئی سینیارٹی لسٹ معطل کرنے کی استدعا بھی مسترد کردی۔ سماعت 17 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here