29 اپریل 2025
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد: منگل کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں ججز کی سینیارٹی اور ٹرانسفر سے متعلق اہم کیس کی سماعت سپریم کورٹ کے پانچ رکنی آئینی بینچ نے کی۔ بینچ کی سربراہی جسٹس محمد علی مظہر کر رہے ہیں، جبکہ دیگر معزز ججز میں جسٹس شاہد بلال حسن بھی شامل ہیں۔
سماعت کے دوران سینئر وکیل منیر اے ملک نے اپنے دلائل کا آغاز کیا اور آئین، عدالتی فیصلوں اور قانونی تشریحات کی روشنی میں تفصیلی مؤقف پیش کیا۔
جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ آیا وفاقی حکومت کی جانب سے کوئی تحریری جواب جمع کروایا گیا ہے؟ اس پر منیر اے ملک نے کہا کہ تاحال جواب جمع نہیں کروایا گیا مگر جلد کروا دیا جائے گا۔
منیر اے ملک نے دلائل دیتے ہوئے عدالت کو آگاہ کیا کہ ججز کی ٹرانسفر سے متعلق ماضی میں کن قوانین اور آئینی دفعات کا اطلاق ہوتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1956 کے آئین میں ججز کی ٹرانسفر کے حوالے سے آرٹیکل 168(2) اور آرٹیکل 172 موجود تھے۔ ان شقوں کے مطابق ججز کی ٹرانسفر صدر مملکت کی منظوری کے بغیر نہیں ہو سکتی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ آئین کے آرٹیکل 173 میں پہلی مرتبہ ٹرانسفر کا باقاعدہ پروویژن شامل کیا گیا۔
منیر اے ملک نے الجہاد ٹرسٹ کیس کا حوالہ دیا اور کہا کہ آرٹیکل 175 اے میں ججز کی تعیناتی کے میکنزم کو واضح طور پر بیان کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ججز کے تبادلے سے متعلق اختیار رکھنے والے آرٹیکل 200 کو تنہا نہیں پڑھا جا سکتا بلکہ اس کا مطالعہ آئین کی دیگر شقوں، خاص طور پر آرٹیکل 2 اے اور آرٹیکل 175 اے کے ساتھ ملا کر کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 2 اے عدلیہ کی آزادی کی ضمانت دیتا ہے۔
دلائل میں مزید کہا گیا کہ 1976 میں آرٹیکل 200 میں پروائزو شامل کی گئی جس کے مطابق ججز کا تبادلہ ایک سال کے لیے ہو سکتا تھا، تاہم 1985 میں اس مدت کو بڑھا کر دو سال کر دیا گیا۔ اس ترمیم میں جج کی رضامندی کی شرط کو ختم کر دیا گیا اور ایک شق شامل کی گئی کہ اگر کوئی جج تبادلے کو تسلیم نہ کرے تو اسے ریٹائر تصور کیا جائے گا۔ منیر اے ملک نے واضح کیا کہ گورنمنٹ آف انڈیا ایکٹ 1935 کی سیکشن 220 کے تحت بھی ججز کی ٹرانسفر ان کی رضامندی سے مشروط تھی اور حلف لینے کی شرط عائد کی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ 1956 اور 1962 کے آئین میں بھی ججز کی ٹرانسفر کے لیے ان کی رضامندی ضروری تھی۔ تاہم 1985 کی ترمیم سے اس اصول میں تبدیلی آئی۔ ان کے مطابق آئین کے آرٹیکل 200 کا اصل مفہوم عارضی تبادلہ ہے۔
منیر اے ملک نے دلائل جاری رکھتے ہوئے کہا کہ 1956 کے آئین میں صدر مملکت دونوں ہائیکورٹس کے چیف جسٹس کی مشاورت سے ججز کا تبادلہ کر سکتا تھا، جو مخصوص مدت کے لیے ہوتا تھا۔ 1962 کے آئین میں بھی یہی طریقہ برقرار رہا۔ 1973 کے آئین میں اس مقصد کے لیے آرٹیکل 202 شامل کیا گیا جس کے تحت ٹرانسفر کی مدت اور مراعات کا تعین صدر کرتا تھا۔ تاہم 18ویں آئینی ترمیم کے بعد ججز کے ٹرانسفر سے متعلق امور آئین کے آرٹیکل 200(2) کے تحت آتے ہیں، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ تبادلہ عارضی نوعیت کا ہو گا۔ بعد ازاں 26ویں آئینی ترمیم میں آرٹیکل 200 کو تبدیل نہیں کیا گیا، اور جج کے عہدہ سنبھالنے کے بعد حلف لینے کی شرط بھی تاحال برقرار ہے۔
منیر اے ملک نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں ججز کی ٹرانسفر سے قبل پانچ آسامیاں خالی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین اور جوڈیشل کمیشن کے قواعد و ضوابط کے مطابق کسی جج کی تعیناتی یا خالی آسامی کے لیے نامزدگی کا اختیار صرف جوڈیشل کمیشن کے ممبر کو حاصل ہے۔ صدر مملکت کو مستقل جج کی تعیناتی کا کوئی اختیار حاصل نہیں۔
سماعت کے دوران جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ ہمارے سامنے جج کی اہلیت سے متعلق کوئی سوال نہیں۔ منیر اے ملک نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 200 کی زبان میں تمام نکات واضح کیے گئے ہیں اور ججز کا تبادلہ صرف عوامی مفاد میں ہی کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی تبادلہ کیا گیا ہے تو اسے عوامی مفاد میں ثابت کرنا ہوگا، جبکہ کسی بھی جج کو سزا دینے کے لیے ٹرانسفر نہیں کیا جا سکتا۔
جسٹس شاہد بلال حسن نے منیر اے ملک سے سوال کیا کہ عارضی نوعیت کے تبادلے کی مدت کتنی ہو گی؟ اس پر منیر اے ملک نے کہا کہ آئینی تاریخ کے مطابق اس کی مدت دو سال ہو گی۔ تاہم جسٹس محمد علی مظہر نے نشاندہی کی کہ موجودہ آئین میں دو سال کی مدت درج نہیں۔ جسٹس مظہر نے کہا کہ مدت نہ ہونے کی ایک تشریح یہ بھی ہو سکتی ہے کہ تبادلہ غیر معینہ مدت کے لیے ہوگا، جس پر منیر اے ملک نے مؤقف اپنایا کہ اگر جج کی مرضی کے بغیر تبادلہ کیا جائے تو دو سال کی مدت لاگو ہوگی۔ جسٹس محمد علی مظہر نے یہ نکتہ بھی اٹھایا کہ ممکن ہے کہ اگر جج اپنی مرضی سے ٹرانسفر قبول کرے تو وہ غیر معینہ مدت تک بھی جا سکتا ہے۔
عدالت نے کیس کی سماعت کل صبح تک ملتوی کر دی۔ منیر اے ملک اپنے دلائل کل بھی جاری رکھیں گے۔