08 اپریل 2025

سٹاف رپورٹ


جے یو آئی ف کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا ہے کہ حکومت نے جعفر ایکسپریس کے حملے میں مارے جانے والے عسکریت پسندوں کی لاشیں دفنانے کے لئے قانونی طریقہء کار کو پورا نہیں کیا۔ بغیر عدالتی حکم کے حکومت لاشیں کیسے دفنا سکتی ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ حکومت جب ایسے کام کرتی ہے تو پھر اس پر انگلیاں اٹھتی ہیں اور مسائل پیدا ہوتے ہیں۔

واضح رہےکہ جعفر ایکسپریس پرحملے میں مارے جانے والوں کی لاشیں زبردستی دفنانے کے خلاف بلوچ یکجہتی کمیٹی نے کوئٹہ میں دھرنا دیا تھا جس کے بعد ماہرنگ بلوچ کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

آج نیوز کے پروگرام سپاٹ میں گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی ف کے سینیٹر کامران مرتضیٰ کا مؤقف تھا کہ حکومت کو چاہیے تھا کہ وہ ان افراد کی لاشیں سرد خانے میں رکھتی اور پھر ان کی تصاویر اخبار میں شائع کرکے ان کے لواحقین کو تلاش کرتی یا پھر مجسٹریٹ کے ذریعے ان کی تدفین کرتی۔

پروگرام میں بات کرتے ہوئے وزیر اعظم کے کوارڈینیٹر رانا احسان افضل کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کو ریاستی اعزاز کے ساتھ دفن نہیں کیا جاتا۔

ان کا کہنا تھا کہ بی وائے سی نے جعفر ایکسپریس کے دہشتگردوں کی لاشیں چھیننے کی کوشش کی اور جب ان کو پرامن طریقے سے منتشر کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے گئے تو وہ تین لاشیں لےکرآ گئےجس پر انہوں نے سیاست کرنے کی کوشش کی۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچ لبریشن آرمی ایک دہشتگرد تنظیم ہے۔ جو ان کی مذمت نہیں کرتا، ریاست کو انہیں دیکھنا ہوگا۔

کامران مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ جعفر ایکسپریس کے حملے کے بعد حکومت نے معاملات کو مس ہینڈل کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ماہرنگ بلوچ کو پی ڈی ایم کے دور میں دھرنے سے یہ یقین دہانی کرکے اٹھایا تھا کہ مسنگ پرسنز کا مسئلہ ہو جائے گا لیکن وہ ہوا نہیں۔ آج بھی حکومت کے پاس وقت ہے کہ وہ مسنگ پرسنز کا مسئلہ حل کر لے اور ماہرنگ بلوچ کو اس کے گھر میں ہاؤس اریسٹ کر دے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان کے موجودہ حالات میں کوئی سرمایہ کاری کرنے نہیں آئے گا کیونکہ وہاں کا ماحول غیر فطری ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ یا تو حکومت چلانے والے سوچنے سے عاری ہیں یا پھر یہ سب جان بوجھ کر ہو رہا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here