۲۲ اپریل ۲۰۲۵

رپورٹ : اعتزاز ابراہیم


لاہور

بلوچ یکجہتی کمیٹی کی آرگنائزر ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی تھری ایم پی او کے تحت حراست میں ایک ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے۔ انہیں 22 مارچ کو کوئٹہ کے سول اسپتال پر مبینہ حملے اور اشتعال انگیزی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

ماہ رنگ بلوچ کے وکیل عمران بلوچ کے مطابق، ماہ رنگ بلوچ کی حراست میں توسیع کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا، اور جیل انتظامیہ نے زبانی طور پر آگاہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پارلیمانی پارٹی کے کارکنوں کو تھری ایم پی او کے تحت الگ طریقے سے ڈیل کیا جا رہا ہے جبکہ بی وائی سی کے کارکنوں کے ساتھ رویہ مختلف ہے۔ عمران بلوچ کا کہنا ہے کہ حکومت نے نہ پہلے ماہ رنگ بلوچ کو تھری ایم پی او کے تحت حراست میں لینے کا کوئی نوٹیفکیشن جاری کیا، اور نہ ہی اب کوئی نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ کل ڈسٹرکٹ جیل گئے تو معلوم ہوا کہ ماہ رنگ بلوچ کی تھری ایم پی او کے تحت حراست میں 30 دن کا اضافہ کر دیا گیا ہے، اور اس فیصلے کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔

بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل نے ماہ رنگ بلوچ کی تھری ایم پی او کے تحت حراست میں توسیع کو حکومت کی ہٹ دھرمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام ماہ رنگ بلوچ کو مسلسل حراساں کرنے اور اسے اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھری ایم پی او جیسے قوانین خوف و ہراس پھیلانے کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ اختر مینگل نے بتایا کہ ماہ رنگ کی رہائی کے لیے پارٹی نے بیس دن تک دھرنا دیا اور احتجاجی تحریک اب بھی جاری ہے۔

بی این پی کے رہنما ثناء اللہ بلوچ نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حراست میں توسیع کا کوئی قانونی جواز نہیں بنتا اور یہ بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تھری ایم پی او کے تحت بی این پی کے تقریباً ستر کارکنان گرفتار کیے گئے تھے، جنہیں آج عدالت نے رہا کر دیا ہے۔ تاہم بی وائی سی کے کارکنان اور ماہ رنگ بلوچ کو حراست میں رکھنا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ ثناء اللہ بلوچ کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں حالات پہلے ہی کشیدہ ہیں اور خواتین کو قید میں رکھنا بلوچستان میں مزید تشویش اور بے چینی پیدا کرے گا۔

ماہ رنگ بلوچ کی گرفتاری اور حراست میں توسیع پر انسانی حقوق کی تنظیمیں بھی تشویش کا اظہار کر چکی ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل ۱۵ اپریل کو بلوچستان ہائیکورٹ نے بلوچ یکجہتی کمیٹی کی آرگنائزر ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی 3 ایم پی او کے تحت گرفتاری کے خلاف دائر درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے درخواست مسترد کرتے ہوئے اپنی شکایات وزارتِ داخلہ کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت کی تھی ۔

یہ بات بھی یہاں قابل ذکر ہے کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی کی آرگنائزر ماہ رنگ بلوچ سمیت دیگر خواتین رہنماؤں کی گرفتاری کے خلاف بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کی جب سے 28 مارچ کو وڈھ سے کوئٹہ تک لانگ مارچ کا اعلان کیا گیا تھا۔ حکومتی عدم اجازت کی بنا پر بی این پی نے کوئٹہ سے قریب لکپاس کے مقام پر احتجاجی دھرنا دیا، جو 20 روز تک جاری رہا۔تاہم سردار اخترمینگل کی جانب سے دھرنا ختم کرنے کے بعد عوامی رابطہ مہم تحریک کے آغاز کا اعلان کیا گیا ہے، عوامی رابطہ تحریک کے تحت حکومت کے خلاف بی این پی جلسے اور عوامی احتجاج کا آغاز کرے گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here