۲۰ مئی ۲۰۲۵
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
لاہور
کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی (کے ای ایم یو) لاہور کے شعبہ فزیالوجی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر ثاقب سہیل کے خلاف طلباء کو ہراساں کرنے، زبانی بدسلوکی اور جسمانی تشدد کے الزامات درست ثابت ہو گئے۔ یونیورسٹی کی پانچ رکنی انکوائری کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں حکومت پنجاب کے محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے انہیں ان کی موجودہ ذمہ داریوں سے فارغ کرتے ہوئے فوری طور پر رپورٹ کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
یہ فیصلہ اُس انکوائری کے بعد سامنے آیا جو 16 مئی 2025 کو پیش آنے والے واقعے کی روشنی میں کی گئی۔ ایم بی بی ایس کے سیکنڈ ائیر کے طلباءنے شکایت درج کرائی کہ کلاس کے دوران پروفیسر ثاقب سہیل نے طلباء پر نہ صرف چیخ و پکار کی بلکہ انہیں بدزبانی کا نشانہ بھی بنایا، اور کچھ طلباء کو جسمانی تشدد کا بھی سامنا کرنا پڑا۔
ایک متاثرہ طالب علم کی جانب سے یونیورسٹی انتظامیہ کو جمع کرائی گئی تحریری شکایت میں بتایا گیا

’’پروفیسر صاحب نے فزیالوجی کی کلاس میں داخل ہوتے ہی طلباء پر چیخنا شروع کر دیا، انہیں ’کتا‘، ’حرام خور‘ اور ’خبیث‘ جیسے الفاظ کہے۔ تین طلباء کو فوراً کلاس سے نکال کر مستقل بنیادوں پر معطل کر دیا۔ بعد ازاں، انہوں نے چھڑی اٹھا کر ایک طالب علم کو محض اس وجہ سے مارا کہ وہ یہ یاد نہ کر سکا کہ دو دن قبل وہ کہاں بیٹھا تھا۔‘‘
شکایت میں مزید بتایا گیا کہ ’’ایک طالب علم کی گردن پر چھڑی سے زور سے دباؤ ڈال کر اسے پیچھے دھکیلا گیا، جس سے وہ سانس لینے میں مشکل محسوس کر رہا تھا۔ کلاس کے کم از کم پانچ طلباء کو چھڑی سے مارا گیا، اور ایک طالب علم کے والد کے بارے میں نازیبا الفاظ استعمال کیے گئے۔‘‘طلبا نے مزید کہا کہ پروفیسر نے انہیں فیل کرنے کی دھمکیاں بھی دیں۔ طلبا نے مطالبہ کیا ہے کہ پروفیسر ثاقب سہیل کو برطرف کیا جائے اور تمام لیکچر رومز میں نگرانی کے لیے کیمرے نصب کیے جائیں۔
یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پرو وائس چانسلر کی سربراہی میں سینئر فیکلٹی ممبران پر مشتمل پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی، جس نے الزامات کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کیں۔ انکوائری رپورٹ میں کہا گیا کہ الزامات درست ہیں اور ایک طالب علم کی گردن پر تشدد کا نشان بھی دیکھا گیا۔

پروفیسر ایاز نے میڈیا کو جاری ایک بیان میں بتایا کہ 337 طلباء میں سے اکثریت نے الزامات کی تصدیق کی، جبکہ یونیورسٹی کی بعض خواتین فیکلٹی ممبران کی جانب سے بھی پروفیسر ثاقب سہیل کے خلاف پہلے سے ہراسانی کی شکایات موجود تھیں۔ معاملے کی سنگینی کے پیش نظر انکوائری رپورٹ محکمہ صحت پنجاب کو ارسال کی گئی جس پر فوری ایکشن لیتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر ثاقب سہیل کو ان کی موجودہ ذمہ داریوں سے فارغ کرتے ہوئے فوری طور پر رپورٹ کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا۔