۲۴ مئی ۲۰۲۵
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
لاہور
میاں چنوں کے ایک نجی کلینک میں خاتون سے مبینہ نازیبا حرکات کے الزام میں گائناکالوجسٹ ڈاکٹر کو گرفتار کر لیا گیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک خاتون اپنے شوہر کے ہمراہ طبی معائنے کے لیے کلینک آئی۔ چیک اپ کے دوران وہ ڈاکٹر کے کمرے میں گئی، جہاں سے واپس آ کر اس نے اپنے شوہر کو بتایا کہ ڈاکٹر نے اس کے ساتھ غیر اخلاقی حرکات کی ہیں۔ شوہر نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی، جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ڈاکٹر رفیق گجر کو حراست میں لے لیا اور تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔
پولیس کے مطابق، متاثرہ خاتون کے شوہر نے الزام عائد کیا کہ ڈاکٹر نے چیک اپ کے دوران غیر اخلاقی حرکات کیں اور جنسی زیادتی کی کوشش کی۔ متاثرہ کے شوہر محمد اعجاز غنی نے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس میں انہوں نے الزام لگایا کہ وہ اپنی بیوی کے چیک اپ کے لیے ڈاکٹر رفیق کے کلینک پر آئے تھے، جہاں ڈاکٹر نے ٹیسٹ کے بہانے خاتون کو ہراساں کیا۔ جس کے بعد انہوں نے پولیس کو طلب کیا اور پولیس ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس نے واقعہ کی ایف آئی آر درج کرتے ہوئے پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 376 (جنسی زیادتی) اور 511 (جرم کی کوشش) شامل کی ہیں۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق، ڈاکٹر نے متاثرہ خاتون کو چیک اپ کے بہانے اندر بلایا اور اس دوران غیر اخلاقی حرکات کیں، نیز خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کی کوشش بھی کی۔
تھانہ سٹی کے تفتیشی افسر گل فراز نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ڈاکٹر رفیق گجر کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے انہیں 4 جون تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ گل فراز کے مطابق، کیس کی تفتیش جاری ہے اور کلینک کے دیگر اسٹاف کے بیانات بھی قلمبند کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ملزم نے اپنے اوپر لگنے والے الزامات کی تردید کرتے ہوئے اسے بلیک میلنگ اور بدنامی کی سازش قرار دیا ہے۔
دوسری جانب، کلینک کے اسٹاف نے بھی ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ چیک اپ کے دوران خاتون کے ساتھ موجود کمرے میں پانچ خواتین اسٹاف بھی موجود تھیں۔ اسٹاف کے مطابق، یہ واقعہ پہلے سے منصوبہ بند لگتا ہے اور مذکورہ جوڑا ممکنہ طور پر ڈاکٹر کو بدنام کرنے کی نیت سے کلینک پر آیا۔ ویڈیو میں موجود نرسز نے کہا کہ وہ کئی برسوں سے ڈاکٹر رفیق گجر کے ساتھ کام کر رہی ہیں اور آج تک انہیں ڈاکٹر کے رویے سے کوئی شکایت نہیں ہوئی۔ ان کے مطابق، ڈاکٹر رفیق گزشتہ 18 سال سے کلینک چلا رہے ہیں اور اب تک ان کے خلاف کوئی ایسا واقعہ سامنے نہیں آیا۔
ادھر، متاثرہ خاتون کے شوہر نے میڈیا سے گفتگو میں روتے ہوئے انصاف کی اپیل کی اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے واقعے کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی اہلیہ کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ ناقابلِ برداشت ہے اور اس پر فوری ایکشن لیا جانا چاہیے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کیس کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور تفتیش کے دوران حاصل ہونے والے شواہد کی روشنی میں ہی کسی نتیجے پر پہنچا جائے گا۔ کلینک کے سی سی ٹی وی فوٹیج، اسٹاف کے بیانات اور دیگر ممکنہ شواہد کو بھی شامل تفتیش کیا جا رہا ہے تاکہ واقعے کی اصل حقیقت سامنے لائی جا سکے۔