۳ مئی ۲۰۲۵
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
لاہور
میانوالی کے علاقے کمر مشانی میں تھانہ کمرمشانی کے ایس ایچ او خرم شہزاد کے ہاتھوں محسن خان نامی نوجوان پر مبینہ طور پرتشدد کا واقعہ پیش آیا۔ نوجوان کو تین روز قبل غیر قانونی طور پر حراست میں لیا گیا اور حبسِ بیجا میں رکھتے ہوئے جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ محسن خان کو حراست کے بعد کسی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا اور نہ ہی کوئی ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق، محسن خان نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں اس نے الزام عائد کیا تھا کہ کمرمشانی پولیس بغیر سرچ وارنٹ اور لیڈی پولیس اہلکار کے شہریوں کے گھروں میں داخل ہوتی ہے اور چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتی ہے۔ ویڈیو میں محسن خان نے یہ بھی کہا تھا کہ پولیس کا فرض عوام کی حفاظت کرنا ہے، نہ کہ ان کے گھروں پر بلاجواز کارروائیاں کرنا۔
ویڈیو سامنے آنے کے بعد، محسن خان کو مبینہ طور پر پولیس نے گھر سے گرفتار کر کے تھانے منتقل کیا، جہاں اسے تین دن تک حبسِ بیجا میں رکھا گیا اور شدید جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ متاثرہ کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ انہیں دو روز تک محسن کی گرفتاری اور مقام حراست کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی گئی اور ملاقات کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔
محسن خان کو مقامی سماجی شخصیات کی کوششوں سے بازیاب کروایا گیا۔ رہائی کے بعد سامنے آنے والی تصاویر میں اس کے جسم پر تشدد کے نشانات واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔ یہ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں، جس کے بعد اہل علاقہ نے تھانہ کمر مشانی کے ایس ایچ او کے خلاف احتجاج کیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) میانوالی، کیپٹن (ر) محمد اجمل نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او خرم شہزاد کو فوری طور پر معطل کر کے لائن حاضر کر دیا ہے۔ مزید انکوائری کے لیے ایس پی انویسٹی گیشن میانوالی کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق انکوائری رپورٹ کی روشنی میں مزید محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
محسن خان پاکستان تحریک انصاف کے کارکن ہیں اور انہیں 9 مئی کے واقعات کے بعد کچھ دن قبل ہی جیل سے رہائی ملی تھی۔
واقعے پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے شدید مذمت کی گئی ہے۔ پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے ردعمل میں کہا:
محض سچ بولنے اور پولیس گردی پر تنقید کرنے کی پاداش میں اغوا کر لیا گیا؟ مطلب توہین ایس ایچ او! ہم محسن نیازی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس بربریت کی شدید مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ انہیں فوری طور پر بازیاب کیا جائے۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے بھی سوشل میڈیا پر ردعمل دیتے ہوئے کہا
نو مئی کے مقدمات سے رہا ہونے والے پی ٹی آئی کارکن محسن نیازی کو کمر مشانی، میانوالی سے پولیس نے اغوا کر لیا۔ محسن نیازی نے سوشل میڈیا پر ایس ایچ او کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ غریب نوجوان لڑکا تین دن سے ایس ایچ او خرم شہزاد کے ٹارچر سیل میں ہے۔
سوشل میڈیا پر واقعہ منظر عام پر آنے کے بعد ڈی پی او میانوالی نے ایکشن لیا اور تھانہ کمرمشانی کے ایس ایچ او خرم شہزاد کو معطل کر دیا ۔