16 مئی 2025

تحریر: کلیم اللہ


گلگت بلتستان میں عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں کی گرفتاری کے خلاف احتجاج، ہیومن رائٹس کمیشن کا اظہارِ تشویش

گلگت بلتستان میں آج عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے، جن میں مظاہرین نے مقامی انتظامیہ سے عوامی ایکشن کمیٹی کے چیئرمین احسان علی ایڈووکیٹ اور دیگر رہنماؤں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

عوامی ایکشن کمیٹی، جو مختلف سیاسی جماعتوں اور مقامی تنظیموں کا مشترکہ اتحاد ہے، کے رہنماؤں کی یہ گرفتاریاں ایسے وقت میں عمل میں لائی گئی ہیں جب انہوں نے رواں ماہ کی 24 اور 25 تاریخ کو ایک گرینڈ جرگہ منعقد کرنا تھا۔ اس جرگے میں معدنی وسائل پر مقامی اختیار، آئین ساز اسمبلی کے قیام، لینڈ ریفارم ایکٹ اور گلگت بلتستان کو سی پیک میں تیسرا فریق تسلیم کرنے جیسے انیس نکاتی مطالبات پیش کیے جانے تھے۔

عوامی ورکرز پارٹی گلگت بلتستان کے وائس پریزیڈنٹ آصف سعید نے وائس پی کے کو بتایا کہ “گزشتہ رات ہمارے متعدد ساتھیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا، جہاں گھروں میں گھس کر کارکنوں کو تلاش کیا گیا۔” ان کا کہنا تھا کہ “اس سے قبل ہم نے متعدد بار ایک نکاتی ایجنڈے پر احتجاج کیے، لیکن اس بار ہم ریاستی جبر و استحصال کے خلاف ایک قومی جرگے کے ذریعے قومی بیانیہ تشکیل دینا چاہتے تھے، جس پر حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے۔”

آصف سعید نے مزید کہا کہ “اگر گلگت بلتستان ایک متنازع علاقہ ہے تو ریاست اپنی کرنسی، دفاع اور خارجہ پالیسی اپنے پاس رکھے، لیکن ہمیں ایک بااختیار اسمبلی دی جائے تاکہ ہم اپنی فیصلے خود کر سکیں۔” ان کا کہنا تھا کہ “یہاں پاکستان کا آئین نافذ نہیں اور نہ ہی ہم اس ریاست کے آئین کا حصہ ہیں، بلکہ صرف ایک انتظامی آرڈر کے تحت اس علاقے کو چلایا جا رہا ہے۔”

عوامی ایکشن کمیٹی میں شامل ایک اور مرکزی رہنما بابا جان کا کہنا تھا کہ “گزشتہ 70 سال سے گلگت بلتستان میں ایک غیر اعلانیہ مارشل لا نافذ ہے۔ یہاں کوئی بااختیار اسمبلی موجود نہیں جو عوامی وسائل، معدنیات اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے مؤثر قانون سازی کر سکے۔”

احسان علی اور دیگر رہنماؤں کی گرفتاری پر بابا جان نے بتایا ک “وہ جرگے کی تیاری کے سلسلے میں گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں کا دورہ کر رہے تھے۔ پہلے ان دوروں کو روکا گیا، بعد ازاں ان کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کر کے انہیں گرفتار کیا گیا۔ رہائی کے بعد جب انہوں نے ریاستی رویے کے خلاف احتجاج کیا تو ان پر بغاوت کے مزید مقدمات قائم کر دیے گئے اور انہیں دوبارہ گرفتار کر لیا گیا”۔ ان کا کہنا تھا کہ “بغاوت کا مقدمہ یہاں بنتا ہی نہیں، کیونکہ گلگت بلتستان پاکستان کا آئینی نہیں بلکہ صرف انتظامی حصہ ہے، اس لیے یہ الزامات سراسر غیر قانونی ہیں۔”

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ “عوام کی آواز دبانے کے بجائے ان کی بات سنی جائے، کیونکہ مسائل کا حل طاقت کے استعمال میں نہیں بلکہ بات چیت اور مذاکرات میں ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ “یہاں عوام میں نفرتیں بڑھ رہی ہیں۔ جس طرح بھارت کشمیر میں ظلم کر رہا ہے، اسی طرح اسلام آباد کے حکمران گلگت بلتستان کے عوام پر جبر کر رہے ہیں۔”

دوسری جانب ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے گلگت بلتستان میں سیاسی کارکنوں کے خلاف مبینہ کریک ڈاؤن پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کمیشن نے عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے خطے کے مسائل کے حل اور مقامی زمین و معدنی وسائل کے تحفظ کے لیے منعقد کیے جانے والے جرگے سے قبل کی جانے والی گرفتاریوں کو قابلِ مذمت قرار دیا ہے۔اپنے بیان میں کمیشن نے کہا:کہ “احسان علی، محبوب ولی اور مسعود الرحمن سمیت تین سینئر سیاسی رہنماؤں کی مبینہ گرفتاری پر ہمیں سخت تشویش ہے۔ انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے، اور بغیر کسی قانونی جواز کے مزید چھاپوں یا گرفتاریوں سے گریز کیا جائے۔ آزادی اظہار کے بنیادی حق کو دبانے کے لیے گرفتاری کے خوف کو ہتھیار نہ بنایا جائے۔

تاہم بابا جان کہتے ہیں کہ آب تک 8 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے اور اب بھی مزید ساتھیو پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔ جبکہ عوامی ایکشن کمیٹی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ” عوامی ایکشن کمیٹی کیخلاف حکمرانوں کی طرف سے جبر اور گرفتاریوں سے یہ نظر آرہا ہے کہ حکمران کو عوام کا اتحاد و اتفاق اور قومی یکجہتی گوارا نہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ عوام منتشر رہے اور کسی بھی قومی ایشو پر قوم متفق نہ ہو۔ تاکہ یہاں کے وسائل ، زمینوں، معدنیات ، تجارت ، روزگار ، سیاحت ، کی لوٹ مار کا سلسلہ جاری رکھا جاسکے اور عوام کو انکے بنیادی انسانی ، قانونی و آئینی حقوق سے ہمیشہ کیلئے محروم رکھا جاسکے”۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here