27 مئی 2025
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد: منگل کے روز سپریم کورٹ کے گیارہ رکنی آئینی بینچ نے مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلے پر دائر نظرثانی درخواستوں کی سماعت کی۔ جبکہ بینچ کی سربراہی جسٹس امین الدین خان کر رہے ہیں۔
سماعت کے دوران جسٹس جمال خان مندوخیل نے وکیل فیصل صدیقی سے استفسار کیا کہ وہ نظرثانی کو سپورٹ کر رہے ہیں یا مخالفت؟ جس پر فیصل صدیقی نے کہا کہ وہ عدالت کے سابقہ فیصلے کو سپورٹ کر رہے ہیں۔
جسٹس امین الدین خان نے فیصل صدیقی سے دریافت کیا کہ آیا وہ سنی اتحاد کونسل کی طرف سے دلائل دیں گے، جس پر انہوں نے جواب دیا کہ وہ چھ درخواستوں میں پیش ہو رہے ہیں۔ اس موقع پر جسٹس مندوخیل نے وکیل سلمان اکرم راجہ سے مکالمے میں یاد دلایا کہ وہ پہلے پاکستان تحریک انصاف کی نمائندگی کر رہے تھے اور اب سنی اتحاد کونسل کو سپورٹ کر رہے ہیں۔
سلمان اکرم راجہ نے عدالت کو بتایا کہ وہ پی ٹی آئی کی جانب سے کچھ نکات پر عدالت کی معاونت کریں گے۔ وکیل حامد خان نے مؤقف اپنایا کہ پی ٹی آئی کو جان بوجھ کر فریق نہیں بنایا گیا۔
وکیل فیصل صدیقی نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ اس بینچ کے چھ ججز نے اصل مقدمہ نہیں سنا تھا، اور اب بینچ کا مقصد صرف مخصوص نشستوں کے معاملے کو دیکھنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یا تو ان نشستوں کو خالی چھوڑا جاتا یا پھر انہیں انصاف کے تقاضوں کے مطابق تقسیم کیا جاتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن کے کیس میں اضافی گراؤنڈز شامل کیے۔
انہوں نے کہا کہ 13 میں سے 11 ججز نے واضح طور پر قرار دیا تھا کہ مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کی بنتی ہیں، یہ فیصلہ گیارہ ججز کا تھا، صرف اقلیتی فیصلے کے خلاف نظرثانی دائر کی گئی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ نظرثانی کی درخواستوں میں جسٹس مندوخیل کے اختلافی فیصلے پر انحصار کیا گیا۔ فیصل صدیقی نے اپنی سات گزارشات عدالت کے سامنے رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے وہ اس اعتراض کا جواب دیں گے کہ اگر پی ٹی آئی فریق نہیں تھی تو ریلیف کیسے دیا گیا۔
دلائل میں انہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیا جس میں “بلے” کے نشان سے متعلق بات کی گئی تھی۔ جسٹس امین الدین خان اور جسٹس مسرت ہلالی نے نشاندہی کی کہ وہ نکتہ چیلنج ہی نہیں ہوا تھا، لیکن فیصل صدیقی نے مؤقف اپنایا کہ یہ وہی معاملہ تھا جہاں سے تنازعہ شروع ہوا۔
مزید دلائل میں، فیصل صدیقی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو بطور جماعت تسلیم کرنے سے انکار کیا اور ان کے امیدواروں کو مختلف انتخابی نشانات الاٹ کیے۔ اس پر جسٹس مسرت ہلالی نے استفسار کیا کہ کیا اس فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا، جس پر فیصل صدیقی نے بتایا کہ سلمان اکرم راجہ نے چیلنج کیا تھا۔
جسٹس مندوخیل نے نشاندہی کی کہ پی ٹی آئی نے خود کو پارٹی نہ سمجھنے کی حد تک جا کر فیصلے کی غلط تشریح کی، جبکہ سلمان اکرم راجہ نے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو چیلنج کیا۔
فیصل صدیقی نے کہا کہ مخصوص نشستوں سے متعلق قومی و صوبائی اسمبلی کی 78 نشستوں پر تنازع ہے، اور اگر یہ نشستیں دیگر جماعتوں کو دی گئیں تو حکومت کو دو تہائی اکثریت حاصل ہو سکتی ہے، جو کہ متنازعہ ہو گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس روز انتخابی نشانات الاٹ ہونے تھے اسی روز سپریم کورٹ نے انٹرا پارٹی انتخابات کا فیصلہ سنایا، اور پی ٹی آئی نظریاتی کے ٹکٹ جمع کرائے گئے، بعدازاں ان کے چیئرمین نے میڈیا پر آکر ان سے انکار کر دیا۔
جسٹس امین الدین نے سوال کیا کہ کچھ جیتے ہوئے امیدواروں کو جماعت بدلنے کی اجازت دی گئی، کیا بہتر نہ ہوتا کہ سب کو یہ حق دیا جاتا؟ فیصل صدیقی نے کہا کہ “میری ہار میں ہی میری جیت ہے۔”
جسٹس مسرت ہلالی نے اعتراض اٹھایا کہ سنی اتحاد کونسل کے وکیل فیصل صدیقی کس طرح پی ٹی آئی کی نمائندگی کر سکتے ہیں؟ فیصل صدیقی نے جواب دیا کہ کیس کے حقائق کی بنیاد پر انہیں اس کی اجازت کی ضرورت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب تک سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں ہوتا، وہ امیدوار سنی اتحاد کونسل کے ہی تصور کیے جائیں گے۔
جسٹس مسرت ہلالی نے سوال اٹھایا کہ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے خود اپنی جماعت اور انتخابی نشان سے الیکشن کیوں نہیں لڑا؟ فیصل صدیقی نے کہا کہ وہ اس سوال کا بعد میں جواب دیں گے، کیونکہ وہ ابھی نظرثانی کی قابلِ سماعت ہونے پر دلائل دے رہے ہیں۔
فیصل صدیقی نے کہا کہ نظرثانی صرف فیصلے میں غلطی یا نقص کی بنیاد پر ہو سکتی ہے، اور موجودہ درخواستیں ناقابل سماعت ہیں۔ انہوں نے خورشید بلڈر کیس کا حوالہ دیا کہ صرف پارٹیز ہی نظرثانی دائر کر سکتی ہیں۔
جسٹس مندوخیل نے کہا کہ سپریم کورٹ آخری فورم ہے، یہاں سے کہاں جائیں؟ جسٹس محمد علی مظہر نے وضاحت دی کہ آئین کے آرٹیکل 185(3) کے تحت انٹرا کورٹ اپیل سپریم کورٹ میں فائل کی جا سکتی ہے۔
بینچ نے کیس کی سماعت جمعرات تک ملتوی کر دی۔ فیصل صدیقی اپنے دلائل جاری رکھیں گے۔ جب جسٹس امین الدین نے استفسار کیا کہ مزید کتنا وقت درکار ہو گا، تو فیصل صدیقی نے کہا کہ وہ ایک سے دو سماعتوں میں دلائل مکمل کر لیں گے۔