29 مئی 2025
سٹاف رپورٹ
ماہرِ آبی امور ڈاکٹر حسن عباس نے انکشاف کیا ہے کہ جب سے بھارت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کیا ہے، پاکستان میں دریاؤں کا بہاؤ بہتر ہو گیا ہے۔
آج نیوز کے پروگرام سپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن عباس نے کہا کہ ایک طرف آبی جارحیت کی بات ہو رہی ہے اور دوسری طرف آبی جہالت چل رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نہ تو پاکستان کا پانی مکمل طور پر روک سکتا ہے اور نہ ہی ہمیں سیلاب سے ڈرا سکتا ہے، کیونکہ ہمارے دریاؤں میں پانی سنبھالنے کی صلاحیت موجود ہے۔
سندھ طاس معاہدے پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن عباس نے کہا کہ مستقبل میں یہ معاہدہ ایک غیرمتعلقہ دستاویز بن جائے گا، اور اس پر نظرِ ثانی کی ضرورت بھی باقی نہیں رہے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ بھارت ڈیمز بنا کر بھی پاکستان کے حصے کا پانی نہیں روک سکتا کیونکہ دریاؤں میں سالانہ بہاؤ ایک سو اسی ملین ایکڑ فٹ ہوتا ہے، جبکہ ایک ڈیم زیادہ سے زیادہ صرف تین سے پانچ ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کر سکتا ہے۔
*’سندھ طاس معاہدے پر دوبارہ بات چیت ہو سکتی ہے’*
واضح رہے کہ پہلگام حملے کے بعد بھارت نے یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدے کو معطل کر دیا تھا اور بگلیہار ڈیم سے پاکستان کی طرف بہنے والے پانی کو روک لیا تھا۔
پاکستان نے اس اقدام کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارت نے پاکستان کے حصے کا پانی روکنے کی کوشش کی تو اسے اعلانِ جنگ تصور کیا جائے گا۔
وفاقی وزیرِ مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی، ڈاکٹر شذرا منصب کا کہنا تھا کہ ایسا ممکن نہیں کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کو معطل کر دے اور پاکستان کوئی ردِعمل نہ دے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدے پر دوبارہ بات چیت ہو سکتی ہے، لیکن فی الحال بھارت اس کے لیے تیار نہیں، بلکہ حالات کو مزید بگاڑ رہا ہے۔
*’ماحولیاتی تبدیلی کے تناظر میں سندھ طاس معاہدہ غیرمنطقی ہو چکا ہے’*
ماہرِ ماحولیات کشمالہ کاکاخیل کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے موجودہ دور میں سندھ طاس معاہدہ ایک غیرمنطقی دستاویز بن چکا ہے، کیونکہ جب یہ معاہدہ ہوا تھا، تب ماحولیاتی تبدیلی کسی کے تصور میں بھی نہیں تھی۔
*’مودی نے سندھ طاس معاہدے کو بے نقاب کر دیا ہے’*
تاہم ڈاکٹر حسن عباس کا کہنا تھا کہ بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے سندھ طاس معاہدہ معطل کر کے ایک اچھا کام کیا، کیونکہ اس سے یہ معاہدہ بے نقاب ہو گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی آبی معاہدے کا مقصد زیریں علاقوں کو نقصان سے بچانا، پانی کے بہاؤ کو غیر فطری طور پر روکنے سے روکنا اور آلودگی سے تحفظ دینا ہوتا ہے، لیکن سندھ طاس معاہدے نے بھارت کو یہ تمام کام کرنے کا حق دے رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انڈیا کی آبی جارحیت کے پیچھے پاکستان کی آبی جہالت ہے۔
*’انڈیا کے خلاف مقدمہ عالمی عدالت میں جانا چاہیے’*
ڈاکٹر حسن عباس نے کہا کہ بھارت کے لداخ میں مزید ڈیم بنانا چاند پر جانے سے بھی زیادہ مشکل ہے۔ ان کا مشورہ تھا کہ پاکستان کو بھارت کو عالمی عدالت میں لے جانا چاہیے، کیونکہ اس نے پاکستان کے حصے کے پانی کو روکنے کا اعلان کر کے جنگی جرم کا ارتکاب کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ایسا مقدمہ عالمی سطح پر چلا تو کوئی بین الاقوامی کمپنی بھارت کے ساتھ ڈیمز پر کام کرنے کو تیار نہیں ہو گی۔
وفاقی وزیرِ مملکت ڈاکٹر شذرا منصب نے بھی کہا کہ پاکستان بھارت کی آبی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے، اور حکومت ایک ایسے منصوبے پر کام کر رہی ہے جس سے سیلابی پانی کو پاکستان کی جھیلوں کی طرف موڑا جا سکے گا۔
*’کاربن کے اخراج پر مظلومیت کا کارڈ نہیں کھیلنا چاہیے’*
پاکستان میں ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر شذرا منصب نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر ایک فیصد سے بھی کم کاربن کا اخراج کرتا ہے، لیکن اس کے اثرات یہاں سب سے زیادہ ہیں۔ پاکستان ماحولیاتی انصاف کے لیے عالمی برادری سے بات چیت کر رہا ہے۔
ماہر ماحولیات کشمالہ کاکاخیل نے کہا کہ کاربن کے اخراج کو پاکستان نے اب تک خاطر خواہ طور پر کنٹرول نہیں کیا۔
تاہم، ڈاکٹر حسن عباس نے اختلاف کرتے ہوئے کہا، “ہمیں کاربن کے اخراج پر مظلومیت کا کارڈ نہیں کھیلنا چاہیے، بلکہ قابلِ عمل منصوبے دنیا کے سامنے رکھنے چاہئیں۔ ہم بال پین تک چین سے منگواتے ہیں، اور پھر شکایت کرتے ہیں کہ ہم صرف ایک فیصد کاربن کا اخراج کرتے ہیں۔”