۶ مئی ۲۰۲۵
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم ، رانا مالہی
لاہور
پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی اور سرحد پار جنگی بیانات کے پس منظر میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار پیپلز رائٹس کے زیر اہتمام اسلام آباد اور لاہور میں امن کے حق میں مظاہرے منعقد کیے گئے۔ مظاہروں کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے خلاف آواز بلند کرنا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے شہریوں کے جذبات کی ترجمانی کرنا تھا۔
مظاہرین نے ’’جنگ نہیں، امن چاہیے‘‘ جیسے نعرے لگائے اور ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر امن، بات چیت، انسانی فلاح، اور ترقی کے پیغامات درج تھے۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، جن میں صحافی، انسانی حقوق کے کارکن، فنکار، اساتذہ اور طلبہ شامل تھے، مظاہروں میں شریک ہوئے۔
مظاہرے میں شریک افراد کا کہنا تھا کہ دونوں ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ کسی صورت کسی مسئلے کا حل نہیں بلکہ اس سے نہ صرف دونوں ملکوں کے عوام کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچے گا بلکہ پورے خطے کا امن خطرے میں پڑ جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومتوں کو جنگی بیانات کے بجائے مذاکرات اور سفارتی ذرائع سے مسائل کے حل کی طرف جانا چاہیے۔
ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) کی کوچیئرپرسن اور سینئر صحافی منیزے جہانگیر نے مظاہرے میں شرکت کی اور وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا’’جنگ کرنے کے بعد بات چیت کرنے سے بہتر ہے کہ ہم پہلے ہی بات چیت کریں تاکہ ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔ حکومتوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر کشیدگی کم کرنے کے اقدامات کرنے چاہئیں۔‘‘
معروف مصورہ اور سماجی کارکن سلیمہ ہاشمی نے کہا کہ جنگ کا سب سے زیادہ بوجھ عام شہریوں کو اٹھانا پڑتا ہے’’سرحد کے دونوں طرف عوام پسی ہوئی ہے، انہیں جنگ نہیں، روٹی، تعلیم، صحت اور روزگار چاہیے۔ ہمیں انسانیت کو مقدم رکھنا ہوگا۔‘‘
سینئر صحافی اور تجزیہ کار امتیاز عالم نے بھی مظاہرے میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا’’دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کو جنگ کی دھمکیاں دینا بند کر دینی چاہئیں۔ دہشت گردی کے خلاف پاکستان اور بھارت کو مشترکہ حکمتِ عملی اپنانا ہوگی۔ پراکسی جنگیں خطے کو مزید عدم استحکام کی طرف دھکیلتی ہیں، ان کا فوری خاتمہ ضروری ہے۔‘‘
مظاہروں میں شریک دیگر شرکاء نے کہا کہ وہ امن، خوشحالی، تعلیم اور ترقی چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگی ماحول سے عوام کا معاشی، ذہنی اور سماجی طور پر نقصان ہوتا ہے۔ مظاہرین نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ کشیدگی میں کمی کے لیے سنجیدہ سفارتی کوششیں کرے۔مظاہرے پرامن انداز میں اختتام پذیر ہوئے اور شرکاء نے امید ظاہر کی کہ خطے کے رہنما عوام کے مسائل کو مقدم رکھیں گے اور جنگ کی بجائے امن، بھائی چارے اور ترقی کا راستہ اختیار کریں گے۔