01 مئی 2025
رپورٹ: عامر باجوئی، خضدار، بلوچستان
تعمیراتی کام کرنے والے 45 سالہ عبدالرسول کے 8 بچے ہیں، جن میں سے ایک بھی تعلیم حاصل نہیں کر رہا۔ عبدالرسول ایک مزدور ہیں جو دیہاڑی اور سیمنٹ کا کام کرتے ہیں۔ وہ روزانہ صبح سویرے خضدار کے تاریخی “اللہ والا چوک” پر مزدوری حاصل کرنے کے لیے پہنچ جاتے ہیں۔ عبدالرسول جیسے سینکڑوں مزدور روزانہ کی بنیاد پر دیہاڑی کرتے ہیں اور اس امید کے ساتھ یہاں پہنچتے ہیں کہ ان کے گھر کا چولہا جلے۔
خضدار سے تعلق رکھنے والے مزدور عبدالرسول نے وائس پی کے سے گفتگو میں کہا، “میرے 8 بچے ہیں، 4 لڑکیاں اور 4 لڑکے، اور وہ مختلف گھروں میں محنت مزدوری کرکے گھر کے اخراجات میں میرا ساتھ دیتے ہیں۔ یہاں بدقسمتی یہ ہے کہ میرے ایک بچے نے آج تک اسکول نہیں دیکھا میں حکومت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ مزدور کی زندگی بہتر کی جائے اور بلوچستان میں مزدوری کے مواقع پیدا کیے جائیں۔”
بلوچستان پاکستان کا رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑا صوبہ ہے، اور اس کی آبادی باقی صوبوں سے کم ہے۔ یہاں پہاڑوں میں معدنی وسائل کے خزانے موجود ہیں، مگر اس کے باوجود یہاں بے روزگاری کی شرح ملک بھر میں سب سے زیادہ یعنی 9 فیصد سے بھی زائد ہے۔ بین الاقوامی لیبر آرگنائزیشن کے مطابق، صوبے میں نوجوانوں کےلیے لیبر فورس کی شرکت کی شرح 44.44 فیصد سے کم ہے، جس سے پتہ چلتا ہے کہ نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد معیشت میں حصہ نہیں لے رہی۔
بلوچستان کے دوسرے بڑے شہر خضدار کے”اللہ والا چوک” میں صبح فجرکی ازان کے وقت سے مزدور آنا شروع ہو جاتے ہیں۔ یہاں ہر ہاتھ جفاکش، ہر آنکھ میں خواب اور ہر دل روزگار کی تلاش میں ہے۔ جب کوئی کام دینے والا آتا ہے، تو یہ لوگ بھاگم بھاگ دوڑتے ہیں کہ شاید قسمت اسی لمحے دستک دے۔ طاقتور، ہٹے کٹے نوجوان چن لیے جاتے ہیں جبکہ بزرگ و کمزور حضرات مزید انتظار کرتے ہیں۔ بلوچستان کے کشیدہ حالات اور بے روزگاری نے مزدوروں کی تنگ دستی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
محمد علی بھی ان نوجوانوں میں شامل ہے جو یہاں مزدوری کرتے ہیں انہوں نے وائس پی کے کو بتایا، “ہمیں تنگدستی کا سامنا ہے۔ کبھی دیہاڑی دستیاب نہ ہو، تو گھر میں فاقہ کشی ہوتی ہے، کبھی دیہاڑی ملتی ہے، کبھی نہیں۔ جب تک سانسیں چلتی رہیں اور ہاتھ مین طقت رہے تو انسان مزدوری کر سکتا ہے، جب یہ سلسلہ ختم ہو تو پیچھے رہ جانے والا پورا خاندان متاثر ہو جاتا ہے۔ مزدور کی تو اپنی کوئی جمع پونجی بھی نہیں ہوتی۔”
صبح کے بعد جب سورج اپنی روشنی پھیلاتا ہے، توخضدار کا اللہ والا چوک مزدوروں سے تاجروں کے شہر میں بدل جاتا ہے۔ یہاں ہندو تاجروں کی اکثریت ہے، اور دن بھر یہاں کاروبار ہوتا ہے۔ یوں یہ چوک ہم آہنگی کا بھی پیغام دیتا ہے۔ خضدار کا یہ تاریخی چوک شہر کی روح تصور کیا جاتا ہے۔ یہاں ہر دن ایک نئی امید اور نئی کہانی کے ساتھ طلوع ہوتا ہے۔ یہ چوک خضدار کی مذہبی ہم آہنگی اور محنت کش عوام کی جیتی جاگتی مثال ہے۔
مزدوروں کے حالات میں بہتری کی ضرورت
بلوچستان میں متعدد شعبوں میں کام کرنے والے مزدوروں کی حالت دن بدن بگڑ رہی ہے ان مزدوروں کو نہ صرف کم اجرت پر کام کرنا پڑ رہا ہے، بلکہ وہ اپنے حقوق سے بھی آگاہ نہیں ہیں اس کے علاوہ، مزدوروں کو صحت کی سہولتیں اور دیگر بنیادی حقوق بھی نہیں مل رہے۔ یہاں کے زیادہ تر مزدور زراعت، تعمیرات، اور کان کنی کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ دور دراز علاقوں میں مزدوروں کے حالات اور بھی دگرگوں ہیں، جہاں نہ تو مناسب رہائش کی سہولت ہے اور نہ ہی انہیں وافر کھانا اور پانی میسر آتا ہے۔
مختلف تنظیموں کی جانب سے اس مسئلے پر آواز اُٹھائی گئی ہے، مگر حکومت کی جانب سے ابھی تک خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے۔ حال ہی میں ایک تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق، بلوچستان میں تقریباً 70 فیصد مزدور کم از کم اجرت سے بھی کم کما رہے ہیں۔ ان مزدوروں کا کہنا ہے کہ نہ صرف ان کی اجرتیں بہت کم ہیں، بلکہ ان کے کام کے گھنٹے بھی طویل ہوتے ہیں۔
یہ صورتحال خاص طور پر اس وقت سنگین ہو جاتی ہے جب مزدوروں کو کام کے دوران کسی حادثے کا سامنا ہو۔
بلوچستان میں اکثر تعمیراتی منصوبوں اور کانوں میں کام کرنے والے مزدور حفاظتی تدابیر کے بغیر کام کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں وہ سنگین حادثات کا شکار ہو جاتے ہیں۔ بلوچستان میں مزدوروں کے حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے ادارے بھی مسلسل رپورٹ کر رہے ہیں، مگر ان خلاف ورزیوں پر کوئی مؤثر کارروائی ابھی تک نہیں کی گئی۔ اس حوالے سے بلوچ مزدور یونین کے نمائندے کا کہنا ہے کہ حکومت کو فوری طور پر مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایک جامع قانون سازی کرنی چاہیے تاکہ ان کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے اور انہیں بہتر زندگی گزارنے کے مواقع ملیں۔
بلوچستان میں مزدوروں کے لیے اس وقت سب سے بڑی ضرورت بہتر اجرت، کام کے بہتر حالات اور تحفظ کی ضمانت ہے۔ یہ مسائل نہ صرف ان مزدوروں کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں مدد دیں گے، بلکہ ان کے بچوں کے بہتر مستقبل کی بنیاد بھی رکھیں گے۔ بلوچستان کے مزدوروں کے مسائل صرف ایک صوبے تک محدود نہیں ہیں، بلکہ یہ پورے ملک میں مزدوروں کے حقوق کی حفاظت کے لیے ایک سنگین سوال کھڑا کرتے ہیں۔