27 مئی 2025

سٹاف رپورٹ


سینئر سیاست دان اور انسانی حقوق کمیشن کے سابق سربراہ افراسیاب خٹک کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں چھٹا ملٹری آپریشن شروع ہو چکا ہے، جو فیڈریشن کے لیے نقصان دہ ہوگا۔

آج نیوز کے پروگرام سپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر سے گفتگو کرتے ہوئے افراسیاب خٹک نے کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ سیاسی ہے، اور سیاسی مسائل کا فوجی حل ممکن نہیں ہوتا۔ ایسے مسائل صرف بات چیت کے ذریعے ہی حل ہو سکتے ہیں۔

بلوچستان میں بڑھتی ہوئی شورش پر تبصرہ کرتے ہوئے سابق سینیٹر اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنما ثناء بلوچ کا کہنا تھا کہ جب تک بلوچستان کی پُرامن سیاسی جماعتوں کو آہستہ آہستہ کچلنے کی کوشش کی جاتی رہے گی، اس وقت تک اس خطے—جس میں ایران بھی شامل ہے—میں سیاسی، معاشی اور سکیورٹی استحکام ممکن نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ خضدار میں اسکول بس پر حملے کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اعلان کر چکے ہیں کہ دہشت گردوں کو چُن چُن کر مارا جائے گا۔

دوسری جانب ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری بلوچ یکجہتی کمیٹی کی سربراہ ماہ رنگ بلوچ کو دہشت گردوں کی پراکسی قرار دے چکے ہیں۔

اس کے ردعمل میں ماہ رنگ بلوچ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہیں بغیر کسی ثبوت کے دہشت گردوں کی پراکسی قرار دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی جدوجہد پُرامن ہے اور انسانی حقوق کے عالمی اصولوں کے مطابق ہے۔

ماہ رنگ بلوچ نے مزید کہا کہ آج کا بلوچستان جبر، جبری گمشدگیوں اور ناانصافی کی تصویر بن چکا ہے۔

لیکن ان مسائل کو حل کرنے کے بجائے، ریاست سچ بولنے والوں کو اپنی نفرت کا نشانہ بنا رہی ہے۔

ماہ رنگ بلوچ کا یہ بھی کہنا تھا کہ بلوچستان میں کسی بھی پرتشدد واقعے کے بعد ریاستی ادارے لاپتا افراد کو قتل کر کے انہیں “عسکریت پسند” قرار دے دیتے ہیں۔

“ماہ رنگ بلوچ کو کالعدم تنظیموں کی ترجمانی کرنے کی وجہ سے حراست میں لیا گیا”

پروگرام میں شریک پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ، ظہور بلیدی کا کہنا تھا کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی کی سماجی سرگرمیوں سے کوئی مسئلہ نہیں تھا، لیکن جب سے ماہ رنگ بلوچ نے کالعدم تنظیموں کی ترجمانی اور ریاست کے خلاف زہر آلود تقاریر شروع کیں، تب ان کو حراست میں لیا گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کو بلوچ قوم سے نہیں جوڑا جانا چاہیے، اور جو لوگ پارلیمنٹ میں ہیں اور پاکستان کو تسلیم کرتے ہیں، ان سے مذاکرات میں کوئی حرج نہیں ہونا چاہیے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ماہ رنگ بلوچ سے مذاکرات ہو سکتے ہیں، تو ظہور بلیدی کا کہنا تھا کہ جب تک وہ پُرامن تھیں، ان کی بات سنی جاتی تھی، لیکن اگر وہ لوگوں کو کالعدم تنظیموں کے لیے بھرتی کریں گی تو ریاست اس کو برداشت نہیں کرے گی۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ماہ رنگ بلوچ کے خلاف لگائے گئے سنگین الزامات کے کوئی ثبوت موجود ہیں، تو ظہور بلیدی کا کہنا تھا کہ جب عدالت ثبوت مانگے گی تو وہ پیش کر دیے جائیں گے۔

“ماہ رنگ بلوچ بلوچستان کی محبوب لیڈر ہیں”

تاہم افراسیاب خٹک نے ماہ رنگ بلوچ پر لگائے گئے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے حالات فیڈریشن کے لیے سوالیہ نشان بن چکے ہیں، اور ماہ رنگ بلوچ بلوچستان کی ایک مقبول رہنما ہیں۔ جب آپ کسی سے سیاسی طور پر مقابلہ نہیں کر سکتے تو اس کے خلاف پروپیگنڈا شروع کر دیتے ہیں۔

ثناء بلوچ کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے مسئلے کا حل صرف اسی میں ہے کہ لوگوں کی بات سنی جائے، چاہے وہ تلخ ہی کیوں نہ ہو۔ بلوچستان میں کئی اسٹیک ہولڈرز ہیں، جن سے بات چیت کرنی ہوگی۔

ظہور بلیدی کا کہنا تھا کہ حکومت بات چیت کے لیے تیار ہے اور اس کے لیے ماحول بھی بنا سکتی ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ بات چیت کس سے کی جائے۔ اگر ڈاکٹر مالک بلوچ اور ثناء بلوچ اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں تو ضرور کریں۔

افراسیاب خٹک نے کہا کہ مذاکرات کے لیے پہلے ماحول بنانا ہوگا، اور یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ ماہ رنگ بلوچ ایک مقبول لیڈر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست کو مرنے مارنے، آپریشن کی اور لوگوں کو گم کرنے کی پالیسی کو ختم کرنا ہوگا.

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here