21 مئی 2025

تحریر: کلیم اللہ


شمالی وزیرستان کے علاقے ہرمز گاؤں میں مبینہ طور پر ایک ڈرون حملے میں ایک ہی خاندان کے چار بچے شہید ہوگئے۔ یہ واقعہ پیر کی صبح اُس وقت پیش آیا جب بچوں کی ماں انہیں اسکول بھیجنے کے لیے ناشتہ تیار کر رہی تھی۔ واقعے کے خلاف مقامی افراد نے لاشوں کے ساتھ احتجاجی دھرنا دے رکھا ہے۔

ہلاک ہونے والے بچوں کے کزن ملک سعید اللہ نے وائس پی کے کو بتایا کہ “19 تاریخ کی صبح بچوں کی ماں اپنے جگر گوشوں کو اسکول رخصت کرنے کے لیے ناشتہ تیار کر رہی تھی کہ اچانک ڈرون آیا اور گھر پر بم گرایا۔جس کے نتیجہ میں تین بچے موقع پر ہی شہید ہوگئے جبکہ تین سے چار افراد زخمی ہوئے، جن میں بچے اور خواتین شامل تھیں۔ ان میں سے ایک بچہ بنوں کے خلیفہ گلنواز اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ ‘‘

سعید اللہ کہتے ہیں کہ ’’ہم نے دھرنا اس لیے دیا ہے تاکہ اقتدارِ اعلیٰ میں بیٹھے لوگوں کو دکھا سکیں کہ وہ جنہیں ‘طالبان’ یا ‘خوارج’ کہا جاتا ہے، اصل میں یہ مظلوم اور معصوم شہری ہیں۔ یہ بچے ہرمز گاؤں کے ایک غریب خاندان سے تعلق رکھتے تھے، اور اس حملے میں پورا خاندان ختم ہوگیا، صرف ایک معذور بچہ زخمی حالت میں بچ پایا۔‘‘

ہرمز گاؤں، شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں واقع ہے، جہاں پچھلے چھ ماہ سے امن و امان کی صورتحال شدید خراب ہو چکی ہے۔ آئے روز ناخوشگوار واقعات پیش آتے ہیں، اور مغرب کے بعد لوگ گھروں سے نکلنے سے گریز کرتے ہیں۔ یوں کہنا غلط نہ ہوگا کہ رات کے وقت یہاں حکومتی رٹ مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے۔ ان حالات میں مقامی افراد حکومتی اور ریاستی اداروں کے کردار پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔

اسی حوالے سے ایک قبائلی رہنما ملک نثار علی خان نے بتایا ’’پچھلے کچھ مہینوں سے میر علی کے حالات روز بروز بگڑتے جا رہے ہیں۔ سرکاری اور دفاعی اداروں کی کارروائیوں کی وجہ سے ہم عام شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ بیشتر کارروائیاں عوام کے خلاف ہوتی ہیں، نہ کہ اُن کے خلاف جن کے خلاف یہ جنگ لڑنے کا دعویٰ کرتے ہیں۔ ان معصوم بچوں کی لاشیں اور شہادتیں اس کی زندہ مثال ہیں۔‘‘

ملک نثار کا مزید کہنا تھا کہ ’’بدقسمتی سے سیکیورٹی فورسز اس حملے کی بھی تردید کر رہی ہیں کہ یہ ان کا کیا گیا ڈرون حملہ تھا۔ یہاں تک کہ ان بچوں کی لاشوں کو محفوظ رکھنے کے لیے ایمبولینس بھی فراہم نہیں کی جا رہی، کیونکہ تمام ایمبولینس سروسز پر پابندی لگا دی گئی ہے۔‘‘

پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنما حیات وزیر نے وائس پی کے کو بتایا کہ ’’دنیا ہمیں دہشتگرد کہتی ہے لیکن ہم پرامن لوگ ہیں۔‘‘ اپنے ہاتھ میں مارٹر نما گولا پکڑے وہ کہتے ہیں کہ ’’ ایمان سے کہتا ہوں، میں نے یہ چیز پہلی بار دیکھی ہے۔ یہ گولہ نہ اسرائیل کے خلاف استعمال ہوا ہے، نہ بھارت کے خلاف، بلکہ یہ ہمارے معصوم بچوں، خواتین، اسکولوں اور مسجدوں کے خلاف روزانہ استعمال ہو رہا ہے۔‘‘

شدید گرمی میں لاشوں کے سامنے دھرنے کے اسٹیج پر مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگ تقاریر کرتے رہے۔ وقفے وقفے سے مظاہرین شدتِ جذبات میں روتے اور آنکھوں سے آنسو صاف کرتے۔ انہی مظاہرین میں شامل قریبی تپی گاؤں کے رہائشی ملک خالق نور حکومت سے اپیل کرتے ہوئے جذباتی انداز میں کہتے ہیں کہ ’’یہاں پہلے بھی ایسے واقعات ہوئے ہیں، مگر اس بار تو معصوم فرشتے جیسے بچوں کو مار دیا گیا۔‘‘ قبائلی دشمنیوں کی روایات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ’’اگر دو دشمن گروہوں نے ایک دوسرے کے کئی افراد مار بھی دیے ہوں، تب بھی بچوں کو کچھ نہیں کہا جاتا، لیکن انہوں نے تو اس حد

کو بھی پار کر دیا ہے۔‘‘

خالق نور سوال کرتے ہیں کہ ’’ہم اس ملک کے شہری ہیں، ہم نے اس ریاست کو تسلیم کیا ہے، مگر ریاست ہمارے وجود کو کیوں تسلیم نہیں کرتی؟ ہم نے ایسا کون سا گناہ کیا ہے جس کی سزا ہمیں روزانہ بمباری کی صورت میں دی جا رہی ہے؟‘‘

رواں ماہ خیبرپختونخوا میں یہ اپنی نوعیت کا چھٹا واقعہ ہے۔ رپورٹس کے مطابق ان واقعات میں اب تک نو افراد جاں بحق اور 28 زخمی ہو چکے ہیں، جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے اس واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ’’سویلین آبادی پر ڈرون کا استعمال انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔‘‘ کمیشن نے مقامی لوگوں کی جانب سے واقعے کی آزاد تحقیقات کے مطالبے کی بھی حمایت کی ہے۔

دوسری جانب فوجی الزامات کے جواب میں آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ’’یہ دعوے بے بنیاد ہیں کہ یہ حملہ سیکیورٹی فورسز نے کیا ہے بلکہ یہ ایک مربوط ڈس انفارمیشن مہم کا حصہ ہیں جس کا مقصد دہشتگردی کے خلاف جاری سیکیورٹی فورسز کی کوششوں کو بدنام کرنا ہے۔‘‘ بیان میں مزید کہا گیا کہ “ان الزامات کے بعد فوری طور پر جامع تحقیقات شروع کی گئیں، جن کے ابتدائی نتائج سے معلوم ہوا ہے کہ اس گھناؤنے حملے کی منصوبہ بندی بھارتی سرپرستی میں ‘فتنہ الخوارج’ نے کی، اور اسی نے اس پر عملدرآمد کیا۔‘‘ تاہم آزاد ذرائع سے اس آئی ایس پی آر کے اس دعوے کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here