15 مئی 2025
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد: جمعرات کے روز سپریم کورٹ میں ججز کے تبادلوں کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں پانچ رکنی آئینی بینچ نے کی، جس میں جسٹس شاہد بلال، جسٹس شکیل احمد، جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس صلاح الدین پنہور بھی شامل ہیں۔
کیس کی سماعت کے دوران ججز کے تبادلوں، سینیارٹی، تقرری کے طریقہ کار اور عدلیہ کی آزادی سے متعلق اہم نکات پر تفصیلی بحث ہوئی۔
درخواست گزار ججز کی طرف سے وکیل منیر اے ملک نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ججز کی سینیارٹی کا تعلق براہِ راست عدلیہ کی آزادی سے ہے۔ اُنہوں نے مؤقف اپنایا کہ آئین کے آرٹیکل 175(3) کے تحت عدلیہ کو ایگزیکٹو سے الگ رکھا گیا ہے، اور ججز کے تبادلے اس اصول کی خلاف ورزی ہیں۔
انہوں نے مثال دی کہ ماضی میں لاہور ہائیکورٹ کے تین ججز اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس تعینات ہوئے۔ جسٹس سردار اسلم کا حوالہ دیتے ہوئے منیر اے ملک نے کہا کہ ان کی تعیناتی تبادلے کے زمرے میں نہیں آتی بلکہ یہ ایک باقاعدہ نئی تقرری تھی جو صدر پاکستان نے آئین کے آرٹیکل 193 کے تحت کی۔
منیر اے ملک نے کہا کہ چیف جسٹس کے پاس سینیارٹی کا تعین کرنے کا اختیار انتظامی ہے اور اگر کسی فریق کو اس پر اعتراض ہو تو وہ مجاز عدالت سے رجوع کرسکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر ہائیکورٹ کے جج کا حلف، جوڈیشل کمیشن، اور تعیناتی کا طریقہ مختلف ہوتا ہے۔ جج کی تقرری اور تبادلے کو الگ الگ معاملات سمجھا جانا چاہیے۔ تبادلے کی صورت میں نیا حلف لینا ضروری ہے۔
جسٹس محمد علی مظہر نے تبصرہ کیا کہ آئین اس بات پر خاموش ہے کہ کیا تبادلے پر آیا ہوا جج نیا حلف لےگا۔ انہوں نے ریمارکس دیے کہ آرٹیکل 200 اور 175 اے کو ملا کر پڑھا جائے تو یہ تبادلہ نہیں بلکہ نئی تقرری تصور ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ کوئی جج براہِ راست مستقل جج کا حلف نہیں لیتا، پہلے ایڈیشنل جج کی حیثیت سے حلف لیا جاتا ہے، پھر جوڈیشل کمیشن کی منظوری کے بعد مستقل کیا جاتا ہے۔
وقفے کے بعد لاہور ہائیکورٹ بار اور لاہور بار ایسوسی ایشن کے وکیل حامد خان نے دلائل کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن 133 سال پرانی ہے اور اس کے 25 ہزار ممبران ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری ججز کے تبادلوں پر شدید تحفظات رکھتی ہے، اور یہ ایک بدنیتی پر مبنی اقدام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ معاملہ نہ صرف قانونی بلکہ آئینی اور اخلاقی طور پر بھی حساس ہے۔
جسٹس محمد علی مظہر نے ہدایت کی کہ حامد خان منیر اے ملک کے دلائل کو نہ دہرائیں بلکہ آئینی نکات پر روشنی ڈالیں۔ جسٹس شکیل احمد نے استفسار کیا کہ ان خطوط کو پڑھ کر آپ کس قسم کی بدنیتی ثابت کرنا چاہتے ہیں؟
حامد خان نے دورانِ سماعت اہم انکشافات کرتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ایک جج نے چیف جسٹس عامر فاروق کو خفیہ ایجنسیوں کی مداخلت سے آگاہ کیا لیکن کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا، جس کے بعد ججز نے چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھا۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا کہ ججز نے خفیہ ایجنسیوں کی مداخلت کو عیاں کیا، لیکن جب معاملہ سپریم کورٹ پہنچا تو چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کمیشن کے لیے وہی حکومت منتخب کی جس پر الزامات تھے۔
جسٹس نعیم اختر افغان نے کہا کہ اگر آپ تمام ہائیکورٹس کے جوابات پڑھیں گے تو یہی تاثر ملے گا کہ ایجنسیوں نے مداخلت کی ہے، لیکن اب بہتر ہوگا کہ ہم آئینی نکات پر بات کریں۔
سماعت کے دوران جسٹس شاہد بلال نے حامد خان سے استفسار کیا کہ آپ کے خیال میں اسلام آباد ہائیکورٹ بار نے اپنی درخواست کیوں واپس لی؟ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر ایجنسیاں ججز پر اثر انداز ہوسکتی ہیں تو وکلاء کی بار ایسوسی ایشنز پر کیوں نہیں؟
جسٹس شاہد وحید نے انکشاف کیا کہ انہیں اطلاع ہے کہ لاہور بار اور لاہور ہائیکورٹ بار کے صدور ایک سیاسی جماعت سے وابستہ ہیں، جس پر جسٹس شاہد بلال نے نشاندہی کی کہ اسی جماعت کے وہ خود سینیٹر بھی ہیں۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بار کی سیاست اب قومی سیاست کے زیر اثر آ چکی ہے۔
دلائل سننے کے بعد عدالت نے ججز کے تبادلے کے خلاف کیس کی سماعت 19 مئی تک ملتوی کر دی۔ آئندہ سماعت میں وکیل حامد خان اپنے دلائل جاری رکھیں گے۔
جبکہ دوسری جانب 19 مئی کو جوڈیشل کمیشن کا ہونے والا اجلاس موخر کردیا گیا ہے, چیف جسٹس یحی آفریدی نے جوڈیشل کمیشن کا 19 مئی کا اجلاس موخر کیا ۔ جوڈیشل کمیشن اجلاس میں اسلام آباد ہائیکورٹ اور سندھ ہائیکورٹ میں مستقل چیف جسٹس لگانے پر غور ہونا تھا۔ جوڈیشل کمیشن اجلاس میں بلوچستان اور پشاور ہائیکورٹ میں بھی مستقل چیف جسٹس لگانے پر غور ہونا تھا۔ جوڈیشل کمیشن اجلاس کی کوئی تاریخ نہیں دیآرٹیکل 200 کو آرٹیکل 175اے سے ملا کر پڑھنے سے کبھی جج کا ٹرانسفر نہیں ہوگا، جسٹس محمد علی مظہر