20 مئی 2025
سٹاف رپورٹ
پیر کے روز سینیٹ نے اٹھارہ سال سے کم عمر لڑکے اور لڑکیوں کی شادیوں پر پابندی سے متعلق بل کو متفقہ طور پر منظور کر لیا۔
جب بل پیش کیا گیا تو جے یو آئی ف نے اس پر اعتراض اٹھایا اور بل کو اسلامی نظریاتی کونسل کو بھیجنے کا مطالبہ کیا تاہم ڈپٹی چیئرمین نے اس کو رد کر دیا جس کے بعد جے یو آئی ف نے ایوان سے واک آوٹ کر دیا۔
بعد میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے بل پر ووٹنگ کروائی اور بل کو متفقہ طور پر منظور کر لیا۔
اس سے قبل یہ بل قومی اسمبلی سے بھی متفقہ طور پر منظور ہو چکا ہے۔ اس بل کو قومی اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کی ممبر شرمیلا فاروقی نے پیش کیا تھا۔
اب صدر سے منظوری کے بعد یہ بل قانون بن جائے گا اور اس کا نفاذ اسلام آباد کی حدود تک ہوگا۔
بل میں شامل اہم شقیں
اس بل کے تحت نکاح رجسٹرار کم عمر بچوں کی شادی کا اندارج نہ کرنے کے پابند ہونگے۔
نکاح پڑھانے والا شخص نکاح پڑھانے یا رجسٹرڈ کرنے سے قبل دونوں فریقین کے کمپیوٹررائز شناختی کارڈز کی موجودگی یقینی بنائے گا۔
بل میں بتایا گیا کہ کمسن لڑکی سے شادی پر کم سے کم دو سال اور زیادہ سے زیادہ تین سال قید بامشقت ہوگی۔
کم عمر بچوں کی رضامندی یا بغیر رضامندی شادی کے نتیجے میں جنسی عمل کو ریپ تصور کیا جائے گا۔
نابالغ دلہن یا دولہے کی شادی کرانے پر پانچ سے سات سال قید،دس لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں ہوں گی۔
‘تمام صوبوں کو شادی کی عمر اٹھارہ سال مقرر کرنی چاہیے’
آج نیوز کے پروگرام سپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر کے ساتھ بات کرتے ہوئے شرمیلا فاروقی کا کہنا تھا کہ 2013میں سندھ اسمبلی سے اسی طرح کا بل بھی انہوں نے پاس کروایا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلامی نظریاتی کونسل نے سندھ اسمبلی سے پاس شدہ بل کے خلاف رائے دی تھی اور ان کے اس بل کو فیڈرل شریعت کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا اور عدالت نے اس بل کو ٹھیک قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ریاست عورت اور بچے کے حقوق کے لئے قانون سازی کر سکتی ہے۔
شرمیلا فاروقی کا مزید کہنا تھا کہ ان کو کہا گیا کہ قومی اسمبلی سے یہ بل پاس نہیں ہو سکے گاکیوں کہ یہ بہت متنازع ہے لیکن پھر بھی یہ بل متفقہ طور پر پاس کروا لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کا سب سے زیادہ کریڈٹ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو جاتا ہے اور اگر وہ اس میں ذاتی دلچسپی نہ لیتے تو بل پاس نہ ہو سکتا۔
پروگرام میں شریک مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیر اعظم کے کوارڈینیٹر رانا احسان افضل نے اس بل کی منظوری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ شادی کی کم از کم عمر اٹھارہ سال کرنا جی ایس پی پلس سٹیٹس کی شرط بھی ہے، اس لئے وہ تمام صوبوں سے رابطے میں ہیں تاکہ شادی کی عمر پورے ملک میں ایک جیسی ہی مقرر ہو۔
پروگرام میں شریک تحریک انصاف کے رہنما ملک ظہیر عباس کھوکھر نے بھی بل کو خوش آئند قرار دیا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب کو خاتون ہونے کے ناطے ایسی قانون سازی کرنی چاہیے جس سے عورت محفوظ ہو۔