13 مئی 2025
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد: نور مقدم قتل کیس میں مرکزی مجرم ظاہر جعفر نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی جس کی سماعت منگل کے روز ہوئی، جس میں مجرم ظاہر جعفر کے وکیل سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے مزید دستاویزات جمع کرانے کے لیے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی، جس پر عدالت نے سخت ردعمل دیا۔
جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دیے اگر آپ عدالت میں موجود ہیں تو سماعت ملتوی کیوں کی جائے؟
سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیا کہ ظاہر جعفر ذہنی مریض ہے، لیکن عدالتوں نے اس اہم نکتے کو یکسر نظرانداز کیا۔ میں کچھ ایسی دستاویزات جمع کرانا چاہتا ہوں جن سے کیس کی نوعیت مکمل طور پر تبدیل ہو جائے گی۔ یہاں تک کہ سپریم کورٹ کے جاری کردہ فیصلوں کو بھی نظرانداز کیا گیا۔
اس پر جسٹس باقر نجفی نے سوال اٹھایا، کیا ذہنی بیماری کا نکتہ ٹرائل کورٹ اور ہائی کورٹ میں اٹھایا گیا تھا؟
وکیل نے جواب دیا، جی ہاں، لیکن دونوں عدالتوں نے اس پہلو کو نظرانداز کیا۔
جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا یہ نکتہ اگر آپ آج بھی اٹھا سکتے ہیں تو الگ درخواست دینے کی ضرورت کیا ہے؟ ہماری عدالت میں تو صرف جج یا وکیل کے انتقال پر ہی کیس ملتوی ہوتا ہے۔ اگر ہم بیس سال ڈیتھ سیل میں رہنے والے کو بری کر دیں تو وہ کیا سوچے گا؟ اگر ملزم بری ہو کر ہمارے سامنے آ جائے تو وہ فائل اٹھا کر ہمارے منہ پر مارے گا۔ قصور سسٹم کا نہیں، ہمارا ہے جو بلاوجہ التواء دیتے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا، آپ جو درخواست دینا چاہتے ہیں دے دیں، ہم اس پر فیصلہ کر لیں گے۔
سلمان صفدر نے مؤقف اپنایا کہ آج تک ملزم کی ذہنی حالت جانچنے کے لیے کوئی میڈیکل بورڈ تشکیل نہیں دیا گیا۔
مدعی کے وکیل شاہ خاور نے اس درخواست کی بھرپور مخالفت کی، جس پر جسٹس باقر نجفی نے کہا پہلے درخواست آنے تو دیں، پھر مخالفت کیجیے گا۔
عدالت نے فریقین کی باہمی رضا مندی سے سماعت 19 مئی تک ملتوی کرتے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر فریقین کے وکلاء مکمل تیاری کے ساتھ پیش ہوں۔ کیس کی سماعت جسٹس ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔
یاد رہے کہ 20 جولائی 2021 کو نور مقدم، جو سابق پاکستانی سفیر شوکت مقدم کی 27 سالہ بیٹی تھیں، جس کو اسلام آباد میں امریکی نژاد پاکستانی اور بااثر کاروباری خاندان سے تعلق رکھنے والے ظاہر جعفر کے گھر میں بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔
نور کو دو دن تک یرغمال بنا کر رکھا گیا، تشدد کیا گیا، جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور بعد ازاں بے دردی سے قتل کر کے سر قلم کر دیا گیا۔ ظاہر جعفر کو جائے واردات سے گرفتار کیا گیا اور اس کا ڈی این اے اور فنگر پرنٹس شواہد سے میل کھا گئے۔
یہ کیس پورے ملک میں غم و غصے کا باعث بنا اور پاکستان میں خواتین کے خلاف تشدد کے خلاف بحث کا مرکز بن گیا۔
فروری 2022 میں اسلام آباد کی سیشن عدالت نے ظاہر جعفر کو نور کے قتل کے جرم میں سزائے موت اور زیادتی کے جرم میں 25 سال قیدِ سخت کی سزا سنائی۔ اس کے دو گھریلو ملازمین، چوکیدار محمد افتخار اور مالی محمد جان کو جرم میں معاونت پر 10،10 سال قید کی سزا دی گئی، جبکہ ظاہر کے والدین اور دیگر ملزمان کو شواہد کی عدم موجودگی کی بنیاد پر بری کر دیا گیا۔
مارچ 2023 میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے ظاہر جعفر کی سزائے موت برقرار رکھی اور زیادتی کی سزا کو بھی سزائے موت میں تبدیل کر دیا۔ عدالت نے گھریلو ملازمین کی اپیلیں بھی مسترد کر دیں۔