20 مئی 2025
تحریر
اسلام گل
خیبر: ضلع خیبر کی تحصیل جمرود کے مقامی رہنما ملک نصیر آفریدی کی رہائی کے مطالبے پر علاقے کی خواتین نے پہلی بار احتجاج کرتے ہوئے پاک-افغان شاہراہ کو مکمل طور پر بند کر دیا۔ خواتین کا کہنا تھا کہ ملک نصیر گزشتہ کئی ماہ سے جھوٹے مقدمات میں قید ہیں اور انہیں فوری طور پر رہا کیا جانا چاہیے۔
پولیس نے مقامی عمائدین کے ذریعے خواتین سے مذاکرات کرکے سڑک کھولنے اور احتجاج ختم کرنے کی کوشش کی۔ تاہم، مذاکراتی عمل میں شامل افراد نے وائس پی کے کو بتایا کہ بات چیت جاری تھی کہ پولیس نے مذاکرے کرنے والے دو افراد کو نہ صرف گرفتار کر لیا بلکہ تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔ انہیں جمرود تھانے منتقل کر دیا گیا۔
عدنان آفریدی، جو ملک نصیر کی رہائی کے لیے بنائی گئی کمیٹی کے رکن ہیں، کو بھی پولیس نے گرفتار کیا، تاہم خواتین کے دباؤ پر انہیں جلد رہا کر دیا گیا۔ عدنان نے بتایا کہ وہ جمرود بازار میں تھے جب تھانے کے ایس ایچ او نے انہیں فون کرکے احتجاجی مقام پر پہنچنے اور خواتین سے بات کرکے پرامن طریقے سے احتجاج ختم کرانے کو کہا۔ ان کا کہنا تھا: “جب ہم پہنچے تو خواتین کو سڑک سے ہٹا کر سائے میں بٹھا دیا گیا اور مذاکرات جاری تھے کہ اچانک پولیس نے مجھے اور ایک ساتھی کو زبردستی گاڑی میں بٹھا کر تھانے لے گئی۔ بعد ازاں، خواتین کو ملک نصیر کی رہائی کا یقین دلایا گیا اور انہوں نے احتجاج ختم کر دیا۔”
تاہم، ضلع خیبر کے ڈپٹی کمشنر اور مقامی عمائدین کے درمیان مذاکرات اب بھی جاری ہیں۔
احتجاجی مقام پر موجود سماجی کارکن نعمت اللہ نے پولیس پر زبردستی احتجاج ختم کرانے اور مقامی لوگوں کو دھمکیاں دینے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا: “حکومت نے ملک نصیر کی رہائی کا وعدہ تو کیا ہے، لیکن اس پر عمل نہیں ہو رہا۔ اگر اگلے اتوار تک انہیں رہا نہ کیا گیا تو ہم سخت احتجاجی اقدامات اٹھائیں گے۔”
دوسری طرف، پولیس حکام کا کہنا تھا کہ خواتین سے عزت و احترام کے ساتھ بات چیت کی گئی اور انہیں سڑک بند ہونے سے ہونے والی مشکلات سے آگاہ کیا گیا، خاص طور پر افغان مہاجرین کے لیے جو گاڑیوں میں بچوں اور خواتین کے ساتھ مشکلات کا شکار ہو رہے تھے۔ پولیس کے مطابق، احتجاج کرنے والے سڑک کھولنے پر راضی ہو گئے تھے، لیکن دو افراد نے انہیں مزید احتجاج پر اکسایا، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کی۔ انہوں نے تشدد کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ملک نصیر کے مقدمات عدالت میں زیر سماعت ہیں اور ان کی رہائی کا کوئی وعدہ نہیں کیا گیا۔ خواتین کے احتجاج کی تصاویر اور ویڈیوز بنانے پر مکمل پابندی تھی۔ سڑک کھلنے کے بعد پولیس نے خواتین کو گاڑیوں میں بٹھا کر گھر پہنچایا۔ ماضی میں بھی خواتین نے مختلف مطالبات پر پاک-افغان شاہراہ بند کی ہے، لیکن اس بار ان کے مطالبات کو سنجیدگی سے نہیں لیا گیا۔
ملک نصیر آفریدی کون ہیں ؟
ملک نصیر کو 24 دسمبر 2023 کو شاہ کس کے علاقے میں ضلعی پولیس آفس سے گرفتار کیا گیا تھا، جب وہ ایک وفد کے ساتھ پولیس افسر سے مذاکرات کے لیے گئے تھے۔ انہیں اب تک 18 مختلف عدالتوں میں پیش کیا جا چکا ہے، اور گزشتہ ہفتہ 9 مئی کو روالپنڈی کی اینٹی ٹیررزم عدالت نے انہیں اٹل جیل بھیج دیا۔
ان کی رہائی کے لیے مقامی عمائدین کا جرگہ گزشتہ کئی ہفتوں سے مشاورت کر رہا ہے۔ تاہم، گزشتہ اتوار کو ملک نصیر کے خاندان نے مزید ایک ہفتے کی مہلت مانگی ہے، جس کا فیصلہ آنے والے اتوار کو ہوگا۔
ملک نصیر کو مقامی سطح پر شہرت وادی تیراہ کے بے گھر افراد کی واپسی کے لیے 15 سال بعد کیے گئے دو ماہ طویل دھرنے کی وجہ سے ملی، جس میں پاک-افغان شاہراہ بند کر دی گئی تھی۔ انہوں نے پشتون قومی جرگے (2023) کے انعقاد میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔
پشتون قومی جرگہ کے ترجمان حاجی برکت خان آفریدی نے وائس پی کے کو بتایا کہ اگرچہ جرگے کا انعقاد حکومت کی رضامندی سے ہوا تھا، لیکن اس کے باوجود پشتون تحفظ موومنٹ کے کئی رہنماؤں جیسے ملک نصیر، صمد خان، نجیب مجبور، حقیار محسود اور علی وزیر کے خلاف مقدمات درج کرکے انہیں گرفتار کر لیا گیا۔