29 مئی 2025
سٹاف رپورٹ
جمعیت علماۓ اسلام (ف) کے رہنما اور سابق سینیٹر حافظ حمد اللہ نے سوال اٹھایا ہے کہ جب بھارت سے اسی سے زائد ڈرونز کراچی اور لاہور میں داخل ہوئے تھے تو فوج نے انہیں مار گرایا تھا، لیکن جب فاٹا میں ڈرون آتا ہے تو وہ دکھائی کیوں نہیں دیتا؟
آج نیوز کے پروگرام سپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حمد اللہ نے میڈیا سے شکوہ کیا کہ بھارتی اداکارہ کے انتقال کی خبر چوبیس گھنٹے چلتی ہے، لیکن فاٹا کے بچوں کی ڈرون حملوں میں ہلاکت کی خبر کوئی چینل نہیں چلاتا۔” انہوں نے سوال اٹھایا کہ ڈرون حملوں میں مارے جانے والے بچے کیا دہشت گرد تھے؟
حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ جب بھارت سے ڈرون آیا تھا تو اسے گرانے میں فوج نے کردار ادا کیا تھا، تو فاٹا میں جب ڈرون آتا ہے تو وہاں بھی فوج کو متحرک ہونا چاہیے۔ اس حوالے سے انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومت دونوں کو ذمے دار ٹھہرایا۔
واضح رہے کہ پچھلے ایک مہینے میں قبائلی علاقوں میں چھ ڈرون حملے ہو چکے ہیں، جن میں اب تک چار بچوں سمیت دس افراد ہلاک اور پچاس زخمی ہو چکے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ ڈرون حملے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کر رہی ہے، جبکہ مقامی افراد سیکیورٹی فورسز کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔
جے یو آئی (ف) کے رہنما نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ اگر آپ کہتے ہیں کہ یہ ڈرون خوارج نے مارے تھے تو یہ بھی بتایا جائے کہ یہ ڈرون انہوں نے اڑائے کیسے تھے؟
’وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کو تعزیت کے لیے جانا چاہیے تھا‘
اس موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹر ہمایوں مہمند کا کہنا تھا کہ یہ چھوٹے ڈرون ہوتے ہیں جن کا دائرہ کار زیادہ سے زیادہ پانچ سو میٹر ہوتا ہے اور ان میں بارود کی مقدار بھی کم ہوتی ہے۔
تاہم، جب میزبان منیزے جہانگیر نے ان سے سوال کیا کہ کیا وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈا پور کو ڈرون حملوں کا نشانہ بننے والے بچوں کے لواحقین کے پاس جانا چاہیے تھا، تو سینیٹر ہمایوں مہمند کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے وزیرِ اعلیٰ یا ان کے ترجمان ہی بہتر جواب دے سکتے ہیں، لیکن ان کی ذاتی رائے میں وزیرِ اعلیٰ کو ضرور تعزیت کے لیے جانا چاہیے تھا۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ یہ ڈرون حملے کون کر رہا ہے، تو ان کا کہنا تھا کہ ڈرونز سے متعلق معلومات وفاقی حکومت اور انٹیلیجنس اداروں کے پاس ہوتی ہیں۔
’کیا وزیرِ اعلیٰ جھک مارنے کے لیے بیٹھا ہوئےہیں؟‘
اس موضوع پر بات کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیرِ اعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان نے کہا کہ ان ڈرون حملوں کی تحقیقات کی ذمے داری صوبائی حکومت کی تھی، اور اگر ان کے پاس مطلوبہ صلاحیت نہیں تھی تو انہیں وفاقی حکومت یا وزیرِ دفاع سے بات کرنی چاہیے تھی۔
انہوں نے کہا، “اگر صوبے کا چیف ایگزیکٹو اپنے صوبے میں ہونے والے ڈرون حملے کا نوٹس نہیں لے سکتا تو کیا وہ جھک مارنے کے لیے بیٹھا ہوا ہے؟”