23 مئی 2025
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد: جمع کے روز سپریم کورٹ آف پاکستان میں ججز کے ٹرانسفر کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔
جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں پانچ رکنی آئینی بینچ نے کیس کی سماعت کی، جس میں اہم آئینی اور قانونی نکات پر دلائل دیے گئے۔
کراچی بار کے وکیل فیصل صدیقی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت میں ججز کے تبادلے کے لیے ان کی رضامندی ضروری نہیں سمجھی جاتی، بلکہ سنیارٹی کے اصول کے تحت ٹرانسفر کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ججز کی ٹرانسفر کا طریقہ کار مختلف ہے اور اس میں کئی آئینی پیچیدگیاں شامل ہیں۔
فیصل صدیقی نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن صرف ججز کی تقرری کے لیے ضروری ہے، جبکہ صدر مملکت کے پاس جج کا تبادلہ کرنے کا آئینی اختیار موجود ہے، تاہم یہ لازمی نہیں۔
اس پر جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے کہ صدر کے پاس آئینی اختیار ہے، لیکن کوئی بھی اس اختیار کو زبردستی نافذ نہیں کر سکتا۔
بینچ کے دیگر ججز نے بھی مختلف نکات پر سوالات اٹھائے۔ جسٹس نعیم اختر افغان نے یاد دلایا کہ فیصل صدیقی نے دلائل کی ابتدا میں کہا تھا کہ وہ صدر کے اختیار کو چیلنج نہیں کر رہے، اور صرف سنیارٹی کے مسئلے پر بات کریں گے۔
جسٹس صلاح الدین پنور نے کہا کہ وکیل نے سنیارٹی پر فوکس کرنے کی بات کی تھی، اب دلائل اس سے ہٹ کر چل رہے ہیں۔
فیصل صدیقی نے استدلال کیا کہ جج کا تبادلہ “ٹائم باؤنڈ” یعنی وقت کی قید میں ہونا چاہیے، اور اسی بنیاد پر انہوں نے فیڈرل شریعت کورٹ کی مثال دی، جہاں ہائیکورٹ کے ججز تین سال کے لیے تعینات ہوتے ہیں۔
تاہم جسٹس محمد علی مظہر نے سوال اٹھایا کہ فیڈرل شریعت کورٹ میں تعیناتی کا تبادلے کے معاملے سے کیا تعلق ہے؟ انہوں نے کہا کہ ایک ہائیکورٹ سے دوسری ہائیکورٹ میں تبادلہ برابر کا درجہ رکھتا ہے۔
فیصل صدیقی نے کہا کہ جسٹس آصف ایڈیشنل جج کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، اور ان کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں تقرری پر سوال اٹھایا کہ آیا جوڈیشل کمیشن ان کی کارکردگی بلوچستان ہائیکورٹ میں دیکھے گا یا اسلام آباد ہائیکورٹ میں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایڈیشنل جج کی ٹرانسفر کے بعد مستقل تقرری کا سوال اہم ہے۔
دلائل کے دوران جسٹس محمد علی مظہر نے سوال کیا کہ اگر ججز کو دوبارہ ان کی اصل ہائیکورٹ بھیجا جائے تو ان کی سینیارٹی کیا ہوگی؟ کیا وہ نیچے سے شروع کی جائے گی؟ انہوں نے کہا کہ بھارت میں ایسا مسئلہ نہیں آتا کیونکہ وہاں سینیارٹی متاثر نہیں ہوتی۔
جسٹس شکیل احمد نے بھی بھارتی نظام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہاں ٹرانسفر ہونے والے ججز کی سینیارٹی متاثر نہیں ہوتی۔
اس پر فیصل صدیقی نے کہا کہ بھارت میں ججز ٹرانسفر کے بعد حلف لیتے ہیں، جبکہ ہمارے ہاں ایسا کوئی اصول واضح طور پر تحریری صورت میں موجود نہیں۔
فیصل صدیقی نے مزید دلائل دیے کہ قائم مقام چیف جسٹس کا تبادلہ ممکن ہے، جبکہ مستقل چیف جسٹس کا تبادلہ نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے سابق اٹارنی جنرل منیر اے ملک کی طرف سے الجہاد ٹرسٹ کیس میں دیے گئے دلائل کا حوالہ بھی دیا۔ جسٹس شکیل احمد نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ منیر صاحب نے اس نقطے پر مکمل وضاحت دی تھی۔
جسٹس محمد علی مظہر نے سوال کیا کہ اگر آپ کہہ رہے ہیں کہ تبادلہ ٹائم باؤنڈ ہوتا ہے تو اس کی کوئی وجہ بتائیں کہ ایسا کیوں ہونا چاہیے؟
فیصل صدیقی نے کہا کہ وہ آئندہ سماعت پر اس کی تفصیلی وجوہات پیش کریں گے۔
بینچ نے سماعت 26 مئی تک ملتوی کردی، کراچی بار کے وکیل فیصل صدیقی اگلی سماعت میں بھی اپنے دلائل جاری رکھیں گے۔