08 مئی 2025
تحریر
اسلام گل
پشاور: “اگر مجھے پہلے سے پتہ ہوتا تو میں شادی سے قبل لازمی تھیلیسیمیا کا ٹیسٹ کرواتی،” شبانہ کہتی ہیں ۔یہ دردناک اعتراف ہے ایک ایسی ماں کا جس کا بچہ اس مہلک بیماری سے جنگ لڑ رہا ہے۔ شادی سے پہلے تھیلیسیمیا کے ٹیسٹ کی اہمیت اب پہلے سے کہیں زیادہ واضح ہو چکی ہے۔ حال ہی میں پشاور ہائی کورٹ نے صوبائی حکومت کو حکم دیا ہے کہ نکاح کی رجسٹریشن کے لیے تھیلیسیمیا، یرقان اور ایڈز کے ٹیسٹ کے قانون پر دو ماہ کے اندر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
شبانہ اپنے ڈھائی سالہ بچے کو ہر ماہ دو سے تین مرتبہ انتقالِ خون کے لیے پشاور میں واقع فرنٹیر فاؤنڈیشن لاتی ہیں۔ ان کے بچے کو پیدائشی طور پر خون کا یہ عارضہ لاحق ہے۔ پہلے بچے کی پیدائش کے بعد، دو بچوں کو پیدائش سے قبل ہی ضائع کرنا پڑا کیونکہ وہ بھی اسی خطرناک مرض کا شکار تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ “شادی کے بعد ہی مجھے معلوم ہوا کہ ایک ٹیسٹ موجود ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ مستقبل میں پیدا ہونے والے بچے تھیلیسیمیا سے متاثر ہوں گے یا نہیں۔” انہوں نے تاکید کی کہ “نکاح یا شادی سے پہلے یہ ٹیسٹ لازمی کرانا چاہیے، کیونکہ بعد میں والدین کو انتہائی اذیت ناک زندگی گزارنی پڑتی ہے، جبکہ بچہ ایک زندہ لاش کی طرح زندگی گزارتا ہے۔”
اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں ہر سال تقریباً پانچ سے سات ہزار تھیلیسیمیا کے شکار بچے پیدا ہوتے ہیں۔ ملک بھر میں ڈیڑھ لاکھ رجسٹرڈ مریضوں میں سے چالیس ہزار صرف خیبر پختونخوا میں ہیں، جبکہ ایک بڑی تعداد غیر رجسٹرڈ مریضوں کی بھی موجود ہے۔
پشاور میں قائم فرنٹیر فاؤنڈیشن خون کے عارضے میں مبتلا مریضوں کو مفت علاج اور خون مہیا کرتی ہے۔ ادارے کے ایڈمنسٹریٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر فخر زمان کا کہنا ہے کہ “پاکستان میں ایک کروڑ 45 لاکھ لوگ تھیلیسیمیا مائنر ہیں۔ یعنی اگر تھیلیسیمیا مائنر کی حامل مرد اور عورت کی شادی ہوتی ہے تو 25 فیصد امکان ہوتا ہے کہ ان کے بچے تھیلیسیمیا میجر کا شکار ہوں گے۔” انہوں نے خبردار کیا کہ “
پاکستان میں تھیلیسیمیا کے مریضوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس میں کمی لانے کے لیے شادی سے پہلے ٹیسٹ کو لازمی قرار دینا ضروری ہے۔”
2009 میں خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلی نے ایک بل پاس کیا تھا جس میں شادی سے پہلے تھیلیسیمیا، یرقان اور ایڈز کے ٹیسٹ لازمی قرار دیے گئے تھے، تاہم مختلف مسائل کی بنا پر یہ باقاعدہ قانون کا حصہ نہیں بن سکا۔ حال ہی میں پشاور کے ایڈوکیٹ محمد ناصر غلزئی نے پشاور ہائی کورٹ میں اس حوالے سے ایک کیس دائر کیا، جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا کہ قانون کی موجودگی کے باوجود بھی نکاح رجسٹریشن سے پہلے ٹیسٹ کے فیصلے پر عمل درآمد نہیں کیا جاتا۔
عدالت نے صوبائی حکومت کو حکم جاری کیا ہے کہ دو ماہ کی مدت میں نیا نکاح نامہ فارم تیار کرے اور نکاح رجسٹریشن کے لیے مذکورہ ٹیسٹ لازمی قرار دیے جائیں۔ محمد ناصر غلزئی کے مطابق “اس کیس کو عدالت میں لانے کا بنیادی مقصد نئی نسل کو تھیلیسیمیا اور دیگر موذی امراض سے محفوظ بنانا ہے۔” انہوں نے بتایا کہ “مذکورہ قانون پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے تمام صوبائی محکمے بڑی تیزی کے ساتھ اپنا کام کر رہے ہیں اور امید ہے کہ جلد ہی اس پر عمل درآمد شروع ہو جائے گا۔”
پاکستان میں شادی یا نکاح سے پہلے تھیلیسیمیا، یرقان اور ایڈز کے ٹیسٹ کے لیے فی الحال باقاعدہ کوئی قومی قانون موجود نہیں ہے۔ اگر پشاور ہائی کورٹ کے حالیہ فیصلے پر عمل درآمد ہوتا ہے تو خیبر پختونخوا ملک کا پہلا صوبہ ہوگا جہاں یہ ٹیسٹ لازمی ہوں گے۔