۱۰ جون ۲۰۲۵
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
لاہور
پنجاب کے ضلع منڈی بہاؤالدین کی تحصیل ملکوال کے نواحی گاؤں مراد وال میں عید الاضحیٰ کے پہلے روز 8 سالہ بچی کے اغواء اور قتل کے واقعے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس نے مقتولہ کی سگی والدہ کو مرکزی ملزمہ کے طور پر گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزمہ نے اعتراف جرم کر لیا۔
واقعہ 7 جون کو پیش آیا ۔ ملزمہ نے تھانہ ملکوال میں ایف آئی آر درج کروائی، جس میں بیان دیا کہ وہ اپنی بیٹی کے ہمراہ رشتہ داروں سے ملنے مراد وال آئی تھی، جہاں اس کی بیٹی چیز لینے باہر نکلی اور لاپتہ ہو گئی۔
بچی کی گمشدگی کی اطلاع ملنے پر پولیس نے علاقے میں تلاش شروع کر دی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) منڈی بہاؤالدین وسیم ریاض خان نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے تفتیشی ٹیم تشکیل دی۔ بچی کی لاش مراد وال کے قریبی کماد کے کھیت سے برآمد ہوئی، جسے پولیس نے اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال منتقل کیا۔
پولیس نے لاش کا پوسٹ مارٹم کروایا اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے۔ علاقہ مکینوں کے بیانات بھی قلمبند کیے گئے۔ تفتیش کے دوران مقتولہ کی والدہ کے بیانات میں تضاد پایا گیا، جس پر پولیس نے مشتبہ قرار دیتے ہوئے اسے حراست میں لیا۔
ترجمان منڈی بہاؤالدین پولیس ذوہیب نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمہ نے ابتدائی تفتیش کے دوران بچی کے قتل کا اعتراف کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمہ نے بیان دیا کہ اس نے دوسری شادی کی راہ ہموار کرنے کے لیے اپنی 8 سالہ بیٹی کو قتل کیا۔ جرم کے بعد خود ہی اغواء کی جھوٹی اطلاع دی تاکہ شک کسی اور پر جائے۔ملزمہ طلاق یافتہ تھی اور ایک بچی کی ماں تھی۔
پولیس کے مطابق ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور اس کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔ اور ملزمہ کو قانون کے مطابق سزا دلوائی جائے گی۔
دوسری طرف سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے اور ہدایت کی ہے کہ مجرمہ کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔
بچوں کے حقوق کے لئے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم ’ساحل‘ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، سال 2024 میں ملک بھر سے بچوں کے خلاف جرائم کے مجموعی طور پر 3364 کیسز رپورٹ ہوئے۔
اعداد و شمار کے مطابق، بچوں کے خلاف جرائم کے ہر روز اوسطاً 9 کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں جنسی زیادتی، اغواء، لاپتہ ہونے قتل اور بچوں کی شادی کے واقعات شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق متاثرہ بچوں میں لڑکیوں کی تعداد 1791 (53 فیصد) اور لڑکوں کی تعداد 1573 (47 فیصد) ہے۔
ساحل کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جغرافیائی تقسیم کے مطابق، 3364 کیسز میں سے 78 فیصد کیسز پنجاب سے رپورٹ ہوئے، 12 فیصد سندھ، 4 فیصد خیبر پختونخوا، 4 فیصد اسلام آباد، جبکہ باقی 2 فیصد بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سے آئے۔رپورٹ کے مطابق صرف جنسی زیادتی کے کیسز کی تعداد 1828 ہے، جن میں لڑکیاں اور لڑکے تقریباً برابر متاثر ہوئے ہیں۔ 56 کیسز ایسے بھی رپورٹ ہوئے جن میں جنسی زیادتی کے بعد بچوں کو قتل کیا گیا۔