۱۹ جون ۲۰۲۵

رپورٹ : اعتزاز ابراہیم


لاہور

کراچی کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں بدھ کے روز پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں دو افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ تھا اور اس کی ایف آئی آر ضلع کیماڑی کے تھانہ اتحاد ٹاؤن میں پولیس کی مدعیت میں درج کر لی گئی ہے، جس میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 302، 324 اور 34 شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق، پولیس کو اطلاع ملی کہ اتحاد ٹاؤن کے ایک گھر میں فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ جب پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو ایک شخص کی لاش گھر کے باہر تھری پر پڑی تھی جبکہ گھر کے اندر کچن میں ایک اور شخص کی لاش اور ایک شخص زخمی حالت میں زمین پر پڑا ہوا تھا۔ گھر میں موجود نبیلہ نامی خاتون نے پولیس کو بتایا کہ کچن میں پڑی لاش اس کے شوہر سیف الرحمان کی ہے، زخمی شخص اس کا دیور عتیق الرحمان ہے جبکہ گھر کے باہر موجود لاش اس کے سابق شوہر کے بھتیجے محمد علی کی ہے۔

نبیلہ کے بیان کے مطابق، وہ اپنے موجودہ شوہر سیف الرحمان اور دیور عتیق کے ساتھ اس گھر میں مقیم تھی۔ گزشتہ روز اس کا سابق شوہر کے بھائی محمد گل ، انار گل اور بھتیجا محمد علی مسلح ہو کر گھر میں داخل ہوئے اور آتے ہی فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں سیف الرحمان موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ دیور عتیق الرحمان زخمی ہو گیا۔ نبیلہ کے مطابق، دیور نے جوابی فائرنگ کی، جس میں محمد علی ہلاک ہو گیا جبکہ محمد گل اور انار گل فرار ہو گئے۔

نبیلہ نے مزید بتایا کہ نو ماہ قبل سیف الرحمان اسے ضلع ٹانک، خیبر پختونخوا سے بھگا کر کراچی لایا تھا، جس پر اس کے سابق شوہر کے خاندان کی طرف سے مسلسل دھمکیاں دی جا رہی تھیں۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ساوٴتھ، سید اسد رضا نے میڈیا کو جاری بیان میں بتایا کہ جائے وقوعہ سے دو افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جن میں نبیلہ اور زخمی عتیق الرحمان شامل ہیں۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے ایک 30 بور پستول بھی برآمد کیا ہے۔ ڈی آئی جی کے مطابق ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ واقعہ لڑکی کو واپس لے جانے کی کوشش کے دوران دونوں فریقین کے درمیان تصادم کا نتیجہ تھا، جس میں سیف الرحمان اور محمد علی مارے گئے جبکہ عتیق الرحمان زخمی ہوا۔

ادھر خیبر پختونخوا کی تحصیل مارتونگ میں بھی غیرت کے نام پر قتل کا ایک واقعہ پیش آیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ثنا اللہ نامی ایک نوجوان کو اس وقت قتل کر دیا گیا جب وہ اپنی پسند کی شادی کرنا چاہتا تھا، تاہم لڑکی کے بااثر خاندان نے اس رشتے سے انکار کر دیا۔ مقتول کے والد کے مطابق، دونوں بچے پانچویں جماعت سے ایک دوسرے کو جانتے تھے اور شادی کے خواہشمند تھے۔ والد نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ لڑکی والوں کی طرف سے بارہا دھمکیاں موصول ہوئیں، جس کے بعد لڑکے نے لڑکی کے ساتھ عید الفطر سے پہلے گھر سے بھاگنے کی کوشش کی۔ تاہم پولیس نے دونوں کو راستے سے گرفتار کر لیا۔

والد کا کہنا تھا کہ بیٹے کو بچانے کے لیے انہوں نے اسے جعلی مقدمے میں کراچی جیل بھجوا دیا تاکہ وہ محفوظ رہ سکے، مگر جیل میں اس کی ذہنی حالت خراب ہو گئی۔ جب اسے جیل سے نکال کر گاؤں واپس لایا گیا تو کچھ دن بعد مسجد سے واپسی پر فائرنگ کر کے اسے قتل کر دیا گیا۔ والد کے مطابق لڑکی اس وقت دارالامان میں ہے اور اس کی جان کو بھی خطرہ لاحق ہے۔ لڑکے کے قتل کا مقدمہ والد کی مدعیت میں تھانہ مارتونگ میں درج کر لیا گیا ہے جبکہ ملزمان تاحال گرفتار نہیں ہو سکے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here