۲۰ جون ۲۰۲۵

رپورٹ : اعتزاز ابراہیم


لاہور

بہاولپور میں ایک خاتون کی مدعیت میں سب انسپکٹر احتشام اسلم کے خلاف جنسی زیادتی کا مقدمہ درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق پولیس اہلکار نے نوکری دلوانے کا جھانسہ دے کر خاتون کو مبینہ طور پر گن پوائنٹ پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔ ملزم کو گرفتار کر کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

تھانہ سول لائن میں درج مقدمے کے مطابق، 19 ستمبر 2024 کو ایک نامعلوم ملزم کے پیچھے پولیس تعاقب میں تھی جب وہ خاتون کے گھر میں داخل ہوا۔ پولیس نے اسے حراست میں لے کر کارروائی کے بہانے سب انسپکٹر احتشام اسلم نے متاثرہ کا فون نمبر حاصل کیا۔ چند روز بعد اس نے متاثرہ سے رابطہ کیا، خاتون نے ایف آئی آر میں کہا کہ ملزم نے اس کی تعلیم، خاندانی حیثیت اور نجی زندگی سے متعلق سوالات کیے اور وعدہ کیا کہ وہ اس کی ایک اچھی نوکری دلوایا گا۔

متاثرہ نے بیان دیا کہ 13 مارچ 2025 کو سب انسپکٹر نے کال کر کہا کہ وہ اپنی تعلیمی اسناد لے کر یونیورسٹی چوک پہنچے۔ وہاں پہنچنے پر سب انسپکٹر نے متاثرہ کو اپنی گاڑی میں بٹھایا اور اسے ایک غیر معلوم مقام پر لے جا کر گن پوائنٹ پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ متاثرہ کا کہنا ہے کہ واقعہ کے بعد وہ خوف کی وجہ سے کچھ عرصے خاموش رہی، مگر بعد میں پولیس سے رابطہ کیا اور مقدمہ درج کروایا۔

پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا، جہاں سے اسے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کر دیا گیا۔ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔

یہ واقعہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب پنجاب میں حالیہ برسوں میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے اختیارات کے ناجائز استعمال اور خواتین سے ناروا سلوک کے متعدد واقعات سامنے آئے ہیں۔

اسی طرح کا ایک واقعہ رواں سال فروری میں لاہور کے علاقے مناواں میں پیش آیا ۔جہاں مبینہ طور پرتھانہ شفیق آباد کے پولیس اہلکار امجد نے معذور بھکاری خاتون کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی ۔پولیس نے ملزم کانسٹیبل کو گرفتار کیا جس پر قانونی کاروائی جاری ہے۔

گوجرانوالہ میں بھی رواں سال مارچ میں تھانا دھلے کے محرر پر لیڈی پولیس اہلکار کو زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ سامنے آیا۔ہیڈ کانسٹیبل آصف باجوا پر خاتون پولیس اہلکار کے ساتھ جنسی زیادتی اور بلیک میلنگ کا الزام عائد کیا گیا تھا ۔ ایف آئی آر میں بیان کیا گیا کہ ملزم نے متاثرہ کو ہوٹل پر کھانا کھلانے کے بہانے بلایا، وہاں اس سے زیادتی کی اور واقعے کی ویڈیو بنا کر اسے بلیک میل کرنے لگا ۔ پولیس نے شکایت ملنے کے بعد ملزم کو گرفتار کیا۔

پنجاب میں بڑھتے ہوئے جنسی زیادتی کے کیسز :

پنجاب پولیس کی اپنی ویب سائٹ پر جاری اعداد و شمار کے مطابق، جنوری 2025 سے 30 اپریل 2025 تک خواتین کے ساتھ زیادتی کے 1223مقدمات درج کیے گئے۔ ان میں سے 718 مقدمات میں چالان جمع کروا دیا گیا ہے، 255 مقدمات تاحال زیرِ تفتیش ہیں، 7 مقدمات میں ملزمان کا سراغ نہیں لگایا جا سکا، جبکہ 243 مقدمات منسوخ کر دیے گئے ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here