۲۱ جون ۲۰۲۵

رپورٹ : اعتزاز ابراہیم


لاہور

خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور کی تحصیل خان پور میں ٹک ٹاک پر سرگرم 26 سالہ خاتون کے ساتھ مبینہ طور پر دو افراد نے اجتماعی زیادتی کی۔ متاثرہ خاتون کا تعلق پنجاب کے شہر ٹیکسلا سے ہے، پولیس نے واقعہ کا مقدمہ متاثرہ لڑکی کی مدعیت میں تھانہ خان پور میں درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا، تاہم تاحال کسی بھی ملزم کو گرفتار نہ کیا جاسکا۔

ایف آئی آر کے مطابق، یہ واقعہ خان پور روڈ پر پیش آیا جہاں دو ملزمان نے متاثرہ لڑکی سے سوشل میڈیا کے ذریعے رابطہ کیا اور نوکری کی پیشکش کرتے ہوئے ملاقات کے لیے بلایا۔ متاثرہ لڑکی کے بیان کے مطابق، وہ ٹیکسلا سے خان پور کے لیے روانہ ہوئی، جہاں نجیب خان اور فیضان نامی افراد نے اسے زبردستی گاڑی میں بٹھایا اور چلتی گاڑی میں گن پوائنٹ پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

خاتون کے مطابق، زیادتی کے بعد ملزمان نے اس کا موبائل فون، زیورات اور نقد رقم بھی چھین لی، اور بعدازاں اسے ایک سنسان مقام پر چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ متاثرہ لڑکی نے فوری طور پر تھانہ خان پور سے رجوع کیا، جہاں اس کے بیان کی روشنی میں مقدمہ درج کیا گیا۔

تھانہ خان پور کے تفتیشی افسر تنویر نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ خاتون کا میڈیکو-لیگل مکمل کروا لیا گیا ہے جس میں جسمانی تشدد کے نشانات پائے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈی این اے کے لیے ضروری نمونے فرانزک لیبارٹری کو بھجوائے گئے ہیں، اور رپورٹ موصول ہونے پر مزید حقائق سامنے آئیں گے۔ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ جلد از جلد ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

واقعے کا مقدمہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 376 (زیادتی)، 392 (ڈکیتی)، 506 (دھمکیاں دینا) اور 34 (مشترکہ نیت) کے تحت درج کیا گیا ہے۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک بھر میں خواتین کے خلاف جنسی تشدد کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، خاص طور پر ایسے کیسز میں جہاں خواتین کو سوشل میڈیا، شادی یا نوکری کا جھانسہ دے کر بلایا جاتا ہے اور بعد میں ان کے ساتھ زیادتی کی جاتی ہے۔

ماضی میں بھی اسی نوعیت کے کئی واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں۔ 13 مارچ 2025 کو بہاولپور میں ایک پولیس اہلکار سب انسپکٹر احتشام اسلم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں الزام عائد کیا گیا کہ اس نے ایک خاتون کو نوکری دلوانے کے بہانے بلایا اور پھر اسے گن پوائنٹ پر مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کر دیا اور مقدمہ عدالت میں زیرِ سماعت ہے۔

اسی طرح 25 فروری 2025 کو سرگودھا میں بھی ایک نوجوان لڑکی کے ساتھ زیادتی کا واقعہ رپورٹ ہوا، جہاں ایک شخص نے بیرونِ ملک نوکری کا لالچ دے کر ملاقات کے لیے بلایا اور بعد ازاں خاتون کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here