۲۳ جون ۲۰۲۵
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
لاہور
پنجاب کے ضلع خانیوال کے نواحی علاقے سردار پور میں ایک خاتون کو مبینہ طور پر ان کے دیور نے پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ پولیس کے مطابق واقع تلخ کلامی کے بعد پیش آیا۔ خاتون کو شدید زخمی حالت میں پہلے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کبیر والا منتقل کیا گیا، جہاں سے بعد ازاں انہیں ملتان کے نشتر ہسپتال کے برن یونٹ منتقل کر دیا گیا۔ فیملی کے مطابق متاثرہ خاتون کی حالت بدستور تشویشناک ہے اور وہ آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔
واقعے کا مقدمہ متاثرہ خاتون کے بھائی کی مدعیت میں تھانہ سرائے سدھو میں درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق، 20 جون کی شام چار بجے مدعی کو اس کی بہن کا فون موصول ہوا، جس میں اس نے بتایا کہ اس کا دیور رمضان نے اسے مارا پیٹا ہے۔ مدعی جب اپنی بہن کے گھر پہنچا تو اس کی بہن زمین پر پڑی تھی اور اس کے جسم کے مختلف حصوں پر شدید زخم تھے۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق، رمضان نے مبینہ طور پر اپنی بھابھی پر پٹرول چھڑک کر اسے آگ لگا دی اور موقع سے فرار ہو گیا۔ مقدمے میں اقدام قتل کی دفعہ 324 کے تحت کارروائی کی گئی ہے۔
متاثرہ خاتون کے بھائی نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی بہن کا شوہر رکشہ ڈرائیور ہے اور واقعے کے وقت گھر پر موجود نہیں تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی بہن کی اپنے دیور رمضان سے تلخ کلامی ہوئی، جس کے بعد اس نے پٹرول چھڑک کر جان سے مارنے کی کوشش کی۔ ان کے مطابق، ان کی بہن کی حالت نازک ہے اور وہ نشتر ہسپتال ملتان کے برن یونٹ کے آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔
تھانہ سرائے سدھو کے تفتیشی افسر خذیفہ فرحان نے وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم رمضان کو 36 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ملزم نشے کا عادی ہے اور اس کا اپنی بھابھی کے ساتھ نشے سے روکنے پر جھگڑا ہوا تھا، جس کے بعد یہ واقعہ پیش آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزم اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہے اور تفتیش جاری ہے۔
پاکستان میں صنفی بنیاد پر تشدد (GBV) کے رجحانات انتہائی تشویشناک ہیں۔ SSDO کی رپورٹ “Mapping Gender‑Based Violence (GBV) in Pakistan 2024” کے مطابق سال 2024 میں ملک بھر میں 32,617 کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں 5,339 ریپ، 24,439 اغواء/حملہ، 2,238 گھریلو تشدد اور 547 عزت کے نام پر قتل شامل تھے ۔ روزانہ کی بنیاد پر 67 اغواء، 19 ریپ اور 6 گھریلو تشدد کے واقعات ہوئے ۔
تاہم، سزا یافتگی کی شرح نہایت کم ہے۔ ریپ اور غیرت کے نام پر قتل دونوں میں صرف 0.5 فیصد، اغواء میں 0.1 فیصد، اور گھریلو تشدد میں 1.3 فیصد کیسز میں ہی ملزموں کو سزا دی گئی۔