05 جون 2025

سٹاف رپورٹ


وفاقی وزیرِ مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا ہے کہ اگر ضرورت محسوس ہوئی تو ستائیسویں آئینی ترمیم بھی لائی جا سکتی ہے، لیکن فی الحال اس کا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں۔ تاہم، یہ ترمیم خارج از امکان نہیں۔

آج نیوز کے پروگرام سپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ فی الوقت چھبیسویں آئینی ترمیم کا مقدمہ بھی زیرِ سماعت ہے، لیکن ترمیم کرنا پارلیمنٹ کا استحقاق ہے۔

واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے تاحال ستائیسویں آئینی ترمیم کی کوئی تفصیلات یا خد و خال ظاہر نہیں کیے گئے، تاہم بعض وکلا تنظیموں کا خیال ہے کہ مجوزہ ترمیم کے ذریعے ہائی کورٹ کے ججز کے تبادلوں کے طریقۂ کار میں تبدیلی لائی جائے گی۔

اس حوالے سے وکلا تنظیموں میں بھی اختلافات سامنے آ چکے ہیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ بار کے صدر واجد گیلانی نے اعلیٰ عدلیہ میں ساختی اصلاحات کے لیے مجوزہ ترمیم کا خیرمقدم کیا ہے، جبکہ کراچی بار نے ان کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے وکلا مارشل لا کے دوبارہ نفاذ اور وفاق پر عدالتی ون یونٹ اسکیم مسلط کرنے کی کسی بھی کوشش کی سخت مزاحمت کریں گے۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے سینیٹر اور سینئر وکیل کامران مرتضیٰ نے کہا کہ ججز کے تبادلے سے متعلق شق چھبیسویں ترمیم میں بھی شامل تھی، جس کی انہوں نے مخالفت کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت ججز کے تبادلے میں ان کی رضامندی طلب کرنے والی شق کو نکالنا چاہتی تھی۔

کامران مرتضیٰ کا یہ بھی کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے پارلیمنٹ کے باہر چھبیسویں ترمیم پر جے یو آئی (ف) سے مشاورت کی تھی اور ان کے کچھ مطالبات بھی مانے گئے تھے۔

تاہم تحریک انصاف کے رہنما نعیم حیدر پنجوتھا نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان چھبیسویں آئینی ترمیم کے مخالف تھے اور آج بھی ہیں۔ تحریک انصاف نے اس ترمیم پر اس لیے مشاورت کی تھی تاکہ کسی بڑی تباہی سے بچا جا سکے۔

نعیم حیدر پنجوتھا کا یہ بھی کہنا تھا کہ چھبیسویں ترمیم کے معاملے پر جے یو آئی (ف) اور تحریک انصاف کے لوگوں کو اغوا کیا جا رہا تھا اور انہیں دھمکیاں دی جا رہی تھیں۔

اس پر کامران مرتضیٰ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ان سمیت بہت سے لوگوں کو دھمکیاں دی گئی تھیں، تاہم ان کا کہنا تھا کہ ترمیم منظور کرانے کے لیے حکومت کے پاس درکار اراکین کی تعداد موجود تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ نعیم حیدر پنجوتھا سے پوچھا جائے کہ کس جماعت کے کتنے لوگوں نے پیسے لیے تھے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ تحریک انصاف کے کم از کم تیرہ اراکین کا کردار چھبیسویں آئینی ترمیم کے معاملے پر مشکوک تھا۔

وفاقی وزیرِ مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے چھبیسویں آئینی ترمیم کے لیے بزور طاقت ووٹ لینے کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اس ترمیم پر کسی کو کوئی دھمکی نہیں دی گئی اور یہ مکمل اتفاقِ رائے سے کی گئی تھی۔ اس سلسلے میں کسی شخص کو اغوا نہیں کیا گیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here