۲۸ جون ۲۰۲۵
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
لاہور
پنجاب کے ضلع وہاڑی کے علاقے لڈن میں واقع مدرسے فیضان مصطفیٰ میں 8 سالہ طالبعلم پر قاری کی جانب سے مبینہ طور پر ڈنڈوں سے شدید تشدد کا واقعہ سامنے آیا ۔ متاثرہ بچے کے والد کی مدعیت میں قاری فیاض کے خلاف تھانہ لڈن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ ملزم نے تین جولائی تک عبوری ضمانت حاصل کر لی ۔
مدرسہ فیضانِ مصطفیٰ میں زیر تعلیم آٹھ سالہ اسماعیل پر قاری فیاض نے مبینہ طور پر اس وقت تشدد کیا جب وہ 25 جون کو مدرسے تاخیر سے پہنچا۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق، قاری نے بچے کو ڈنڈوں سے مارا جس کے نتیجے میں اس کے جسم کے مختلف حصوں پر چوٹیں آئیں۔ ایف آئی آر میں مزید الزام عائد کیا گیا ہے کہ قاری نے بچے کو دھمکی دی کہ اگر اس نے کسی کو واقعہ کے بارے میں بتایا تو اسے جان سے مار دیا جائے گا۔
بچے کے والد محمد فاروق نے وائس پی کے سے گفتگو میں بتایا کہ ان کا بیٹا جب گھر پہنچا تو خوفزدہ اور سہما ہوا تھا، اور لنگڑا کر چل رہا تھا۔ جب وجہ پوچھی تو وہ رونے لگا اور بتایا کہ قاری صاحب نے ڈنڈوں سے مارا ہے۔ والد کا کہنا تھا بچے کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال لے جایا گیا جہاں اس کا میڈیکل کروایا گیا، جس کے بعد تھانے میں مقدمہ کے اندراج کی درخواست دی گئی۔
بچے کے والد نے دعویٰ کیا ہے کہ قاری فیاض کے خلاف اس سے قبل بھی طلبہ پر تشدد کی شکایات سامنے آ چکی ہیں، تاہم ہر بار مدرسے کی انتظامیہ کی مداخلت اور قاری کی معافی پر معاملہ دبا دیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کا بیٹا گزشتہ تین ماہ سے اس مدرسے میں تعلیم حاصل کر رہا ہے جہاں تقریباً سو بچے زیرِ تعلیم ہیں۔
تھانہ لڈن پولیس نے محمد فاروق کی مدعیت میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 506 (دھمکی دینا) اور 342 (غیر قانونی حراست و اذیت) کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس ترجمان عدنان طارق کے مطابق، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فوری کارروائی عمل میں لائی گئی، تاہم ملزم قاری فیاض نے 3 جولائی تک عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کر لی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔
اسی نوعیت کا ایک واقعہ گزشتہ ماہ، 27 مئی کو پنجاب کے ضلع پاکپتن کے علاقے عارف والا میں پیش آیا، جہاں ایک دینی مدرسے میں گیارہ سالہ طالبعلم فیضان کو محض کھیلنے کے الزام میں قاری اشرف شیرازی نے مبینہ طور پر شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر متاثرہ بچے کے چچا نے تھانہ عارف والا میں قاری کے خلاف مقدمہ درج کروایا، جس پر پولیس نے کارروائی کا آغاز کیا۔
بچوں پر بڑھتے ہوئے تشدد کے واقعات :
بچوں کے حقوق کے لئے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیم ’ساحل‘ کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، سال 2024 میں ملک بھر سے بچوں کے خلاف جرائم کے مجموعی طور پر 3364 کیسز رپورٹ ہوئے۔
اعداد و شمار کے مطابق، بچوں کے خلاف جرائم کے ہر روز اوسطاً 9 کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں جنسی زیادتی،تشدد، اغواء، لاپتہ ہونے قتل اور بچوں کی شادی کے واقعات شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق متاثرہ بچوں میں لڑکیوں کی تعداد 1791 (53 فیصد) اور لڑکوں کی تعداد 1573 (47 فیصد) ہے۔
ساحل کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جغرافیائی تقسیم کے مطابق، 3364 کیسز میں سے 78 فیصد کیسز پنجاب سے رپورٹ ہوئے، 12 فیصد سندھ، 4 فیصد خیبر پختونخوا، 4 فیصد اسلام آباد، جبکہ باقی 2 فیصد بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سے آئے۔