۲ جون ۲۰۲۵
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
لاہور
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کم عمری کی شادی پر پابندی سے متعلق قانون ’کیپیٹل ٹیریٹری چائلڈ میرج ریسٹرینٹ بل 2025‘ مذہبی اور سیاسی حلقوں میں سخت ردعمل اور مخالفت کا سبب بن گیا۔ ایک طرف مذہبی جماعتیں اس قانون کو اسلامی اصولوں کے خلاف قرار دے رہی ہیں اور اسے مسترد کرتے ہوئے عید کے بعد ملک گیر احتجاج کا اعلان کر چکی ہیں، تو دوسری جانب انسانی حقوق کے کارکنان اور خواتین کے تحفظ کے لیے سرگرم حلقے اس قانون کو بچوں، بالخصوص کم عمر بچیوں کے تحفظ کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔
مذہبی جماعتوں کا ردِعمل:’’یہ قانون شریعت سے متصادم ہے‘‘
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان، لیاقت بلوچ نے وائس پی کے سے گفتگو میں اس قانون کو شرعی اصولوں سے متصادم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسلام میں شادی کی بنیاد عمر نہیں بلکہ بلوغت ہے، جو ہر فرد میں مختلف ہو سکتی ہے۔ ان کے مطابق بلوغت کی تشخیص میڈیکل طریقے یا والدین کے مشاہدے سے ممکن ہے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ اس قانون سازی میں شرعی تقاضوں کو نظر انداز کیا گیا ہے، اور اسے وفاقی شرعی عدالت پہلے ہی غیر شرعی قرار دے چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ’’صدر مملکت کی جانب سے اس قانون پر دستخط، آئینی اور مذہبی حدود کی کھلی خلاف ورزی ہے۔‘‘
انہوں نے بل کی منظوری کے عمل پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ جس عجلت میں یہ قانون منظور کیا گیا، وہ ظاہر کرتا ہے کہ یہ اقدام بیرونی دباؤ اور غیر ملکی ایجنڈے کو خوش کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ لیاقت بلوچ نے بتایا کہ مذہبی جماعتوں سے مشاورت جاری ہے اور عید کے بعد اس قانون کے خلاف ملک گیر احتجاج کا آغاز کیا جائے گا۔
اسی حوالے سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کم عمری کی شادی پر پابندی کے قانون کی شدید مخالفت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اسلامی شناخت کو ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ’’ہم آج بھی غلامی کے دور سے گزر رہے ہیں، اور قرآن و سنت کے خلاف قانون سازی کسی صورت قبول نہیں کریں گے،‘‘ فضل الرحمان نے کہا کہ ۔جے یو آئی (ف) سمجھتی ہے کہ کم عمری کی شادی پر پابندی اسلام میں جائز نکاح کو مشکل بناتی ہے اور اسلامی اصولوں سے متصادم ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے اعلان کیا کہ عید کے بعد ان کی جماعت بھی اس قانون کے خلاف ملک گیر احتجاج کرے گی۔
دوسری جانب نیشنل کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن کی سابق چیئرپرسن اور خواتین کے حقوق کی سرگرم کارکن خاور ممتاز نے مذہبی حلقوں کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ قانون بچوں، بالخصوص بچیوں، کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔
خاور ممتاز کے مطابق، ’’جب ایک شخص 18 سال کی عمر میں شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکتا ہے، ووٹ ڈالنے کا اہل ہوتا ہے، تو شادی کے لیے بھی یہی عمر مقرر ہونا چاہیے‘‘
انہوں نے کہا تھا کہ خواتین یا بچوں کے حقوق سے متعلق قانون سازی کے موقع پر ہمیشہ مذہبی حلقے مخالفت میں سامنے آتے ہیں، جو کمزور طبقات کے تحفظ کی کوششوں میں رکاوٹ بنتا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی رکنِ قومی اسمبلی شرمیلا فاروقی نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اسلام اور آئینِ پاکستان انصاف، انسانی وقار اور تحفظ کو اہمیت دیتے ہیں۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ آئین کا آرٹیکل 25(1) تمام شہریوں کو قانون کے برابر تحفظ فراہم کرتا ہے، جبکہ آرٹیکل 25(2) جنس کی بنیاد پر کسی قسم کی تفریق کی اجازت نہیں دیتا۔
شرمیلا فاروقی کے مطابق شادی کی کم از کم عمر 18 سال مقرر کرنا انصاف کی طرف ایک عملی قدم ہے اور اس سے کم عمر بچوں کو استحصال سے بچایا جا سکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے طریقوں کا کوئی جواز نہیں جو انسانی حقوق اور آئینی ضمانتوں کی خلاف ورزی پر مبنی ہوں۔
قانون کی تفصیلات: سزا، جرمانے اور عدالتی احکامات
یہ بل پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شرمیلا فاروقی نے قومی اسمبلی میں اور شیری رحمان نے سینیٹ میں پیش کیا، جسے دونوں ایوانوں نے منظور کیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے بل پر دستخط کیے جس کے بعد یہ قانون بن چکا ہے۔
قانون کے مطابق اٹھارہ سال سے کم عمر بچوں کی شادی کو غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔
نکاح رجسٹرار کے لیے لازم ہو گا کہ وہ شناختی کارڈ دیکھے بغیر نکاح رجسٹر نہ کرے۔
شناختی دستاویزات کے بغیر نکاح پڑھانے یا رجسٹر کرنے والے کو ایک سال قید، ایک لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکیں گی۔
اٹھارہ سال سے کم عمر لڑکی سے شادی کرنے والے مرد کو کم از کم دو سال اور زیادہ سے زیادہ تین سال قید بامشقت کی سزا دی جائے گی۔
کم عمری کی شادی کو چائلڈ ابیوز کے زمرے میں شامل کیا گیا ہے جس پر پانچ سے سات سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں تجویز کی گئی ہیں۔
شادی کے لیے بچے یا بچی کو ملازمت دینے یا پناہ دینے والے کو تین سال قید اور جرمانے کی سزا ہو گی۔
والدین یا سرپرست اگر کم عمر بچوں کی شادی کرواتے ہیں تو انہیں بھی تین سال قید بامشقت اور جرمانے کی سزا دی جا سکتی ہے۔
شادی کے لیے کم عمر بچوں کو زبردستی علاقہ چھوڑنے پر مجبور کرنا بچوں کی اسمگلنگ تصور کیا جائے گا، جس پر پانچ سے سات سال قید اور جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ عدالت کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ کم عمری کی شادی کو روکنے کے لیے حکم امتناع جاری کرے۔ عدالتیں ان مقدمات کو 90 دن کے اندر نمٹانے کی پابند ہوں گی۔ اس قانون کا اطلاق صرف اسلام آباد کی حدود میں ہوگا۔