۵ جون ۲۰۲۵
رپورٹ : اعتزاز ابراہیم
لاہور
حافظ آباد کے علاقے کسوکی میں خاتون کے ساتھ مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی اور شوہر کو اسلحہ کے زور پر جنسی عمل پر مجبور کرنے کے واقعے میں پولیس نے ایک ملزم کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔ پولیس کے مطابق مذکورہ ملزم خاور ولد ریاض کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے ساتھ مقابلے کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا۔
خاتون کے ساتھ مبینہ گینگ ریپ کا واقعہ 25 اپریل کو پنجاب کے شہر حافظ آباد کے علاقے کسوکی میں پیش آیا۔واقعہ کی ایف آئی آر 3 جون کو درج کی گئی۔ جس میں مدعی مقدمہ نے الزام عائد کیا کہ 25 اپریل کو وہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ نوشہرہ ورکاں سے واپس آ رہے تھے کہ راستے میں ان کی بیوی رفع حاجت کے لیے ایک شوگر مل کے قریب رکیں۔ اس دوران لئیق نامی ملزم نے ان سے وہاں رکنے کی وجہ پوچھی، جس پر بتایا گیا کہ ان کی اہلیہ رفع حاجت کے لیے گئی ہیں۔
مدعی کے مطابق اسی دوران اکرام،چاند اور خاور نامی چار مزید نامعلوم افراد موقع پر پہنچے اورملزمان نے دونوں میاں بیوی کو زبردستی ایک قریبی قبرستان کے پاس لے جا کر برہنہ کر دیا۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے مدعی کے ہاتھ پاؤں باندھ دیے اور اس کی بیوی کو اس کی آنکھوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا، جب کہ ایک ملزم اس واقعے کی ویڈیو بناتا رہا۔
ایف آئی آر میں مزید کہا کیا گیا کہ ریپ کے بعد ملزمان نے شوہر کو اسلحہ کے زور پر اپنی بیوی کے ساتھ جنسی عمل کرنے پر مجبور کیا۔ مدعی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ملزمان نے ان سے دو موبائل فون، دو تولے سونا اور 2500 روپے بھی چین لیے۔
مدعی مقدمہ نے کہا کہ اپنی عزت بچانے کے لیے انہوں نے اس واقعہ کی رپورٹ فوری طور پر پولیس میں درج نہیں کروائی تھی لیکن جب اس واقعہ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دی گئی تو پھر انھوں نے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کے لیے متعلقہ تھانے میں درخواست دی۔
پولیس کے مطابق متاثرہ خاندان نے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد مقدمہ درج کروایا۔ ترجمان حافظ آباد پولیس ارسلان نے وائس پی کے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ میں ملوث ایک ملزم خاور ولد ریاض آج صبح کے وقت کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ کے ساتھ ہونے والے مقابلے میں اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے مارا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ کو اطلاع موصول ہوئی کہ ملزم خاور اپنے تین ساتھیوں کے ہمراہ ایک جگہ موجود ہے اور اس کی گرفتاری کے لئے جب چھاپہ مارا گیا تو ملزمان کی طرف سے فائرنگ شروع کر دی گئی اور ملزم خٓاوراپنے ساتھیوں کے فائر لگنے سے ہلاک ہوگیا۔
انکا مزید کہنا تھا کہ اس واقع کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں خاتون اور اسکا خاوند برہنہ حالت میں تھے اور ملزمان ان پر تشدد کر رہے تھے ۔
ڈی پی او حافظ آباد پولیس عاطف نذیر کا میڈیا کو جاری بیان میں کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے جیو فینسنگ، موبائل لوکیشنز اور اہل علاقہ و رشتہ داروں سے تفتیش کی جا رہی ہے اور پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔ اور جلد باقی ملزمان پولیس کی گرفت میں ہوں گے۔