4 جون 2025
تحریر کلیم اللہ
فیصل آباد: شہر کے علاقے ماڈل سٹی میں گھریلو ملازمت کرنے والی 13 سالہ عالیہ کی تشدد زدہ لاش برآمد ہونے کے بعد پولیس نے مالک مکان اور اس کی اہلیہ کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے دونوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
عالیہ اپنے والد اور بہن کے ہمراہ ایک گھر میں ملازمت کرتی تھی۔ واقعے کے روز منگل کو اس کے والد ارشاد کو مالک مکان ذیشان کی جانب سے فون آیا کہ عالیہ کی طبیعت خراب ہے، وہ آ کر اپنی بیٹی کو لے جائے۔ جب والد گھر پہنچا تو بیٹی کی لاش چھت پر پڑی ہوئی تھی۔
پولیس کو اطلاع اور ایف آئی آر
اپنی بیٹی کو مردہ حالت میں دیکھ کر ارشاد نے فوری طور پر پولیس کی ہیلپ لائن 15 پر کال کی۔ تھانہ مدینہ ٹاؤن میں درج ایف آئی آر کے مطابق، ارشاد کا کہنا ہے کہ جب وہ گھر پہنچے تو بیٹی کی لاش چھت پر پڑی تھی اور جسم پر شدید تشدد کے نشانات موجود تھے۔ خاص طور پر سر اور بازوؤں پر چوٹیں واضح تھیں۔
ارشاد کے مطابق، جب انہوں نے شور مچایا تو ملزمان (ذیشان اور اس کی بیوی) نے معاملہ رفع دفع کرنے کے لیے رقم دینے کی پیشکش کی، مگر انہوں نے انکار کرتے ہوئے پولیس کو اطلاع دی۔
واقعے کی تفصیلات
ارشاد کے پانچ بچے ہیں اور وہ اپنی بیوی سے علیحدگی اختیار کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ان سے وعدہ کیا تھا کہ وہ ان کی بیٹیوں کو اپنی بیٹیوں کی طرح رکھیں گے اور باقاعدہ تنخواہ بھی دیں گے۔ تاہم کچھ عرصے بعد وہ عالیہ کو اکثر مارتے پیٹتے اور والد سے ملاقات کی بھی اجازت نہیں دیتے تھے۔
ارشاد کے بقول، ملزمان عالیہ کو اپنے گھر کے علاوہ رشتہ داروں کے گھروں میں بھی کام کے لیے بھیجتے تھے، جس سے وہ انکار کرتی تھی۔ واقعے کے روز بھی جب عالیہ نے رشتہ داروں کے گھر جانے سے انکار کیا تو ملزمان نے اسے بیلچے، سوٹے اور لکڑی کے جھاڑو سے تشدد کا نشانہ بنایا۔
‘فریج میں رکھی چیز کھانے پر تشدد کیا گیا’
عالیہ کے چچا نے Voice PK کو بتایا کہ “بچی نے گھر میں موجود فریج سے کچھ کھا لیا تھا، جس پر اس کے ساتھ بہیمانہ تشدد کیا گیا اور اسے قتل کر دیا گیا۔”
پولیس کی کارروائی
تھانہ مدینہ ٹاؤن کے ایس ایچ او مظفر کھوکھر کے مطابق، ایف آئی آر درج ہونے کے دو گھنٹے بعد ہی دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان نے ابتدائی بیان میں کہا کہ دونوں بہنیں آپس میں لڑ رہی تھیں، جس پر انہوں نے عالیہ پر تشدد کیا جو اس کی موت کا سبب بنا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو ریمانڈ پر لے لیا گیا ہے اور مکمل تفتیش کے بعد تمام حقائق منظرِ عام پر لائے جائیں گے۔
چند روز قبل ایسا ہی ایک واقعہ جہلم کے علاقے کالا گجراں میں پیش آیا تھا، جہاں ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے 18 سالہ گھریلو ملازمہ صفیہ کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی تھی۔ پولیس نے اس کیس میں بھی مالک مکان راؤ محمد آصف، اس کی اہلیہ اور دو دیگر ملازمین کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا تھا۔
صفیہ کا تعلق ضلع اوکاڑہ سے تھا اور وہ گزشتہ دو سال سے اس گھر میں کام کر رہی تھی۔ لاش پر تشدد کے واضح نشانات تھے اور ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں جسمانی تشدد کی تصدیق کی گئی تھی۔