12 جون 2025
تحریر اسد ممتاز
کراچی: تین تلوار، کراچی کا وہ مقام جو برسوں سے احتجاج اور اظہار رائے کی علامت رہا ہے، ایک بار پھر تاریخ کے ایک اہم لمحے کا گواہ بنا۔ ذوالفقار علی بھٹو جونیئر کی دعوت پر شہریوں، سیاسی کارکنوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے فلسطینی عوام سے یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
پلے کارڈز، بینرز اور بلند آواز میں نعرے لگاتے مظاہرین کی یہ موجودگی عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کی کوشش تھی۔ مظاہرین نے غزہ میں مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی۔
فلسطین کا مسئلہ انسانیت کا مقدمہ ہے: بھٹو جونیئر
احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے واضح موقف اپنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطین کا مسئلہ نہ صرف ایک قوم کا ہے، نہ ہی یہ محض مذہبی تناظر میں دیکھا جا سکتا ہے، بلکہ یہ سراسر انسانیت کا مقدمہ ہے۔
انہوں نے دو ریاستی حل کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے اس فارمولے کو مسترد کیا اور واضح کیا کہ پاکستانی عوام فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، ہر قیمت پر۔
مختلف سیاسی جماعتوں کی شرکت
اس احتجاج میں مختلف سیاسی نظریات سے تعلق رکھنے والے افراد شریک تھے، جو ایک نکتے پر متفق نظر آئے کہ غزہ میں بہتا خون کسی مذہب یا جغرافیے سے بالاتر ایک انسانی سانحہ ہے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ عالمی طاقتوں کی خاموشی، اقوام متحدہ کی بے عملی اور مسلم دنیا کی مصلحت پسندی نے اس بحران کو طول دیا ہے۔
خارجہ پالیسی پر سوالات
یہ احتجاج صرف علامتی نہیں تھا بلکہ اس نے ایک اہم سوال کو پھر سے اٹھایا: کیا ہم بطور قوم مظلوم کے ساتھ کھڑے ہونے کا حوصلہ رکھتے ہیں؟ کیا ہماری خارجہ پالیسی محض بیانات تک محدود رہے گی یا یہ عوامی جذبات کی عکاسی بھی کرے گی؟
کراچی کی تین تلوار پر اٹھنے والی یہ آواز ایک یاد دہانی ہے کہ مسئلہ فلسطین صرف فلسطینیوں کا نہیں، یہ ہماری مشترکہ اخلاقی، انسانی اور سیاسی ذمہ داری ہے۔ مظاہرین نے یہ بات دہرائی کہ اگر عالمی برادری خاموش رہی تو تاریخ کسی کو معاف نہیں کرے گی۔