13 جون 2025
رپورٹ: رانا مالہی
اسلام آباد: راولپنڈی کے علاقے مورگاہ میں ایک نالے سے نوزائیدہ بچے کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ مقامی رہائشیوں نے نالے میں لاش دیکھ کر فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس کے مطابق جب وہ موقع پر پہنچی تو نوزائیدہ کی لاش ایک شاپنگ بیگ کے ٹکڑے میں لپٹی ہوئی نالے میں پڑی ہوئی تھی۔ ابتدائی طور پر بچے میں زندگی کے کوئی آثار یا حرکت نظر نہیں آئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لاش کے قریب سے کوئی ایسا ثبوت نہیں ملا جس سے نوزائیدہ کی ماں یا واقعے میں ملوث کسی شخص کا سراغ لگایا جا سکے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، اور پولیس کے مطابق بچے کی موت کی اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد معلوم ہو سکے گی۔
راولپنڈی میں اس طرح کا رواں سال میں یہ دوسرا واقعہ ہے۔ جنوری کی ابتدا میں بھی راولپنڈی کے علاقے رتہ امرال میں پولیس نے نالہ لئی کے قریب کچرے کے ڈھیر سے دو نوزائیدہ بچیوں کی لاشیں برآمد کی تھیں۔
جبکہ رواں سال پنجاب کے شہر سیالکوٹ میں بھی متعدد اس طرح کے واقعات رپوٹ ہوئے جس میں نوزائیدہ بچوں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔
پاکستان میں بچیوں کے قتل جیسے دل دہلا دینے والے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جو سماجی و اقتصادی مسائل اور ثقافتی تعصبات کی عکاسی کرتے ہیں۔ صدیوں سے پدرانہ اصولوں، معاشی دباؤ، اور بیٹیوں کے حوالے سے منفی رویوں نے ایسے المناک واقعات کو جنم دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، گزشتہ چند سالوں میں پاکستان بھر میں نوزائیدہ بچیوں کے قتل کے متعدد واقعات سامنے آئے۔ سندھ میں ایک واقعے میں ایک نوزائیدہ بچی کوڑے کے ڈھیر سے زندہ حالت میں ملی، جبکہ دیگر واقعات میں پنجاب اور بلوچستان میں بچیوں کی لاشیں ویران علاقوں یا بے نشان قبروں سے برآمد ہوئیں۔
ماہرین کے مطابق، یہ مسئلہ صرف دیہی علاقوں تک محدود نہیں، بلکہ شہری خاندانوں میں بھی ایسے واقعات دیکھے گئے ہیں۔ پاکستان میں بیٹوں کو بیٹیوں پر ترجیح دینا ایک عام رویہ ہے، جو زیادہ تر معاشی اور ثقافتی وجوہات سے جڑا ہوا ہے۔ بیٹوں کو خاندان کا کفیل سمجھا جاتا ہے، جبکہ بیٹیوں کو جہیز اور وراثت کے بوجھ کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔
ایدھی فاؤنڈیشن کی ایک تحقیق کے مطابق، صرف 2022 میں ملک بھر میں 1,210 نوزائیدہ بچوں کی لاشیں برآمد ہوئیں، جن میں سے 80 فیصد لڑکیاں تھیں۔
اسی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق 2022 میں کراچی میں 289 نوزائیدہ بچوں کی لاشیں ملیں۔ جبکہ 2017 تا مارچ 2022 تک مجموعی طور پر 563 لاشیں ملیں، جن میں 397 لڑکوں اور 166 لڑکیوں کی لاشیں شامل تھیں۔ 2019 میں کراچی کے مختلف علاقوں سے 375 نوزائیدہ بچوں کی لاشیں افشا ہوئیں۔