20 جون 2025

تحریر شیریں کریم


گلگت: عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان کے 13 رہنماؤں اور کارکنوں کو مختلف علاقوں سے گرفتار کر کے جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ ان پر انسداد دہشت گردی ایکٹ (ATA) کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ اہل خانہ اور سماجی کارکنان ان گرفتاریوں کو سیاسی انتقام قرار دے رہے ہیں۔

گرفتار ہونے والوں میں قراقرم نیشنل موومنٹ کے سابق جنرل سیکریٹری تعرف عباس، سینئر وکیل ایڈووکیٹ احسان علی، اور دیگر شامل ہیں۔ ان کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ یہ سب لوگ عوامی حقوق، زمین، روزگار اور آئینی حیثیت جیسے مسائل پر آواز اٹھا رہے تھے۔

تعرف عباس کی اہلیہ نازیہ کا کہنا ہے، “کیا اب عوامی مسائل پر بات کرنا جرم بن گیا ہے؟ میرے شوہر کو 16 دنوں سے قید میں رکھا گیا ہے، صرف اس لیے کہ وہ عوامی حقوق کی بات کرتے ہیں۔” انہوں نے بتایا کہ “یہ کوئی مجرم نہیں ہیں، لیکن ان کے ساتھ مجرموں جیسا سلوک ہو رہا ہے۔ جیلوں میں ڈال کر اپنے گھر والوں سے ملنے نہیں دیا جا رہا۔”

ایڈووکیٹ احسان علی کی بیٹی زویا کا کہنا ہے، “ہمارے مطالبات دہشت گردی نہیں، عوامی فلاح کے نکات ہیں۔ اگر زمین، پانی، روزگار پر بات کرنا جرم ہے، تو پھر انصاف کہاں ہے؟ میرے والد نے گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق، جن میں آئینی حقوق سمیت زمینوں اور معدنیات کی عوامی ملکیت کے حوالے سے آواز اٹھائی، جس کی پاداش میں انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔”

ایڈووکیٹ احسان علی کی بہن زہرہ خانم نے بتایا، “میرے بھائی 70 سال کے بزرگ اور بیمار ہیں، لیکن انہیں بھی گرفتار کر کے رکھا گیا ہے۔ ہم کئی دنوں سے احتجاج کر رہے ہیں، مگر ہماری آواز کوئی نہیں سن رہا۔ ہم احتجاج کا سلسلہ جاری رکھیں گے جب تک ہمارے پیارے گھر نہیں لوٹتے۔”

حکومت گلگت بلتستان کا کہنا ہے کہ یہ گرفتاریاں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کی گئی ہیں۔ معاون خصوصی اطلاعات ایمان شاہ نے کہا، “یہ عناصر عوام میں کنفیوژن پیدا کرتے ہیں، اور ہم کسی کو امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔”

عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں کے اہل خانہ نے اعلان کیا ہے کہ جب تک تمام گرفتار افراد کو رہا نہیں کیا جاتا، احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔

مزید گرفتاریاں

دریں اثنا، ذرائع کے مطابق گلگت پولیس نے عوامی ایکشن کمیٹی کے ایک اور مرکزی رہنما ایڈووکیٹ غلام عباس کو گرفتار کر لیا ہے۔ عوامی ایکشن کمیٹی کے مرکزی آرگنائزر اور عوامی ورکرز پارٹی گلگت بلتستان کے صدر کامریڈ بابا جان نے اس گرفتاری کو سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “ایڈووکیٹ غلام عباس ایک اصولی، جمہوری اور عوامی جدوجہد کے رہنما ہیں، جنہوں نے ہمیشہ مظلوم عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کی ہے۔”

بابا جان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایڈووکیٹ غلام عباس کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور سیاسی کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن بند کیا جائے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ عوامی ایکشن کمیٹی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کے لیے احتجاجی تحریک کو مزید منظم کیا جائے گا۔

عوامی ایکشن کمیٹی کے ترجمان آفاق بلاور نے بھی سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ “ایڈووکیٹ غلام عباس کی گرفتاری قابل مذمت عمل ہے۔ عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنما مسلسل نشانے پر ہیں، آئے روز کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے، جبکہ دوسری جانب گلگت بلتستان کے عوام بنیادی سہولات سے محروم ہوتے جا رہے ہیں۔ پولیس نے گلگت کو منی کراچی بنا کر رکھ دیا ہے، جہاں شہریوں کو خوف و ہراس میں مبتلا رکھا جا رہا ہے۔”

آفاق بلاور نے مزید کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی اپنی پرامن جدوجہد جاری رکھے گی اور سیاسی کارکنوں کی رہائی تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایڈووکیٹ غلام عباس کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور عوامی آواز کو دبانے کا سلسلہ بند کیا جائے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here