12 جون 2025
سٹاف رپورٹ
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ فی الحال کم از کم تنخواہ سینتیس ہزار روپے مناسب ہے اور اس میں مزید اضافہ نہیں ہوگا۔
آج نیوز کے پروگرام “سپاٹ لائٹ” میں میزبان منیزے جہانگیر کے ساتھ مالی سال 2025-26 کے بجٹ پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی میں کمی آئی ہے اور دنیا بھی اس بات کو تسلیم کر رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں بھی خاطر خواہ اضافہ کیا ہے۔
بجٹ میں پیٹرولیم مصنوعات پر کاربن ٹیکس کے نفاذ کے حوالے سے کیے گئے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کاربن لیوی کا تعلق ریونیو بڑھانے سے نہیں، بلکہ ماحولیاتی آلودگی سے ہے۔ ہمیں فوسل فیول کے استعمال کی حوصلہ شکنی کرنی ہوگی۔
تاہم، جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر حکومت کلین انرجی کو فروغ دینا چاہتی ہے تو سولر پینلز پر ٹیکس کیوں لگایا گیا، تو وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ سولر پینلز کی مقامی انڈسٹری کو انسینٹو دینے کے لیے ٹیکس عائد کیا گیا ہے، کیونکہ مقامی انڈسٹری کا کہنا ہے کہ وہ 18 فیصد کے فرق سے درآمدی پینلز کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔
وفاقی حکومت نے اس بجٹ میں وفاقی ترقیاتی پروگرام کے لیے ایک ہزار ارب روپے مختص کیے ہیں، جن میں سے 330 ارب روپے سڑکوں کی تعمیر کے لیے رکھے گئے ہیں۔ پاکستان کے سابق وزیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ پاشا نے اس پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو اس مرتبہ سڑکوں کے بجائے آبی وسائل کی تعمیر پر زیادہ توجہ دینی چاہیے تھی۔
اس حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا مؤقف تھا کہ سڑکوں کی تعمیر کے لیے مختص رقم کا بڑا حصہ بلوچستان کی این-25 اور سکھر-حیدرآباد موٹروے کی تعمیر پر خرچ ہوگا، جو ملک کی معاشی لائف لائن کا حصہ ہیں۔
آبی وسائل کی تعمیر کے حوالے سے وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ بجٹ میں مختص رقم کا بڑا حصہ دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر پر خرچ ہوگا، اور باقی آبی منصوبوں کے بارے میں وزیر اعظم جلد اعلان کریں گے۔
‘فصلوں کی سپورٹ پرائس مقرر کرنے کے خلاف ہوں’
ڈاکٹر حفیظ پاشا نے حکومت کی جانب سے فصلوں کی سپورٹ پرائس مقرر نہ کرنے کی پالیسی کو غلط قرار دیا اور کہا کہ حکومت کو فصلوں کی خریداری اور سپورٹ پرائس مقرر کرنے کی پالیسی کا فی الفور دوبارہ آغاز کرنا چاہیے۔
تاہم وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں حکومت کو فصلوں کی قیمت طے کرنے اور ان کی خریداری سے باہر نکل آنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو کسانوں کو بیج دینے اور فصلیں محفوظ کرنے کے نظام پر توجہ دینی چاہیے، اور پنجاب میں ایسا ہو بھی رہا ہے۔
تاہم ان کا ماننا تھا کہ اس سال حکومت کی جانب سے گندم نہ خریدنے کی وجہ سے کسانوں کی گندم کم قیمت پر بکی۔ ان کا کہنا تھا کہ جب کوئی تبدیلی آتی ہے تو کچھ مشکلات تو ہوتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سال حکومت نے آئی ایم ایف کی شرط کے تحت کھادوں اور کیڑا مار ادویات پر ٹیکس لگانا تھا، لیکن ہم نے آئی ایم ایف سے بات کر کے ان پر ٹیکس نہیں لگایا۔
ملٹری پنشن میں اصلاحات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے وزارتِ دفاع کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔
اس کے علاوہ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ہم نے سات ہزار ٹیرف لائنز میں سے چار ہزار سات سو پر کسٹم ڈیوٹی ختم کر دی ہے تاکہ خام مال کی قیمت کم ہو سکے۔
ای کامرس پر ٹیکس کے حوالے سے جواب دیتے ہوئے وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ جو لوگ دکانوں سے خریداری کرتے ہیں وہ 18 فیصد ٹیکس دیتے ہیں، لیکن آن لائن شاپنگ پر کوئی ٹیکس نہیں ہے، اس لیے دونوں کو برابر سطح پر لانے کے لیے ٹیکس نافذ کیا گیا ہے۔
زرعی ٹیکس کے حوالے سے وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ یہ ٹیکس صوبائی حکومتوں نے نافذ کرنا تھا، اور تمام صوبے اس حوالے سے قانون سازی مکمل کر چکے ہیں، جبکہ اس کی وصولی یکم جولائی سے شروع ہو جائے گی۔
پراپرٹی کی خرید و فروخت پر ٹیکس میں دی گئی چھوٹ پر بات کرتے ہوئے محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ خریدار پر جو ٹیکس کم کیا گیا ہے، اتنا ہی ٹیکس بیچنے والوں پر لگا دیا گیا ہے تاکہ ریونیو میں کوئی فرق نہ آئے۔
ریٹیل سیکٹر کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ “تاجر دوست اسکیم” اس طرح کامیاب نہیں ہو پائی جیسے ہم نے سوچا تھا، لیکن اب ہم اسے ڈیجیٹل انوائسنگ اور ٹریک اینڈ ٹریس کی طرف لے جا رہے ہیں۔
فاٹا اور پاٹا میں ٹیکس کے حوالے سے وضاحت دیتے ہوئے وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ان علاقوں پر انکم ٹیکس لگانے کا ارادہ نہیں، لیکن وہاں سیلز ٹیکس میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ٹیکس چھوٹ دینے اور سبسڈی کی پالیسیوں سے آگے بڑھنا ہوگا، اور صنعت کو عالمی سطح پر مقابلے کے لیے تیار کرنا ہوگا۔
وزیر خزانہ نے ریکوڈک کو ملک کی معیشت کے لیے ایک “گیم چینجر” منصوبہ قرار دیا اور کہا کہ ہمیں آئی ٹی، مائننگ اور معدنیات پر زیادہ توجہ دینی ہوگی۔