13 جون 2025
رپورٹ: اعتزاز ابراہیم
لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن میں بیوی کو قتل کرنے والے شوہر کو پولیس نے گزشتہ روز گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم محمد نواز نے گھریلو ناچاقی پر اپنی بیوی نبیلہ بی بی کو 30 مئی کو تیز دھار ٹوکے کے وار سے قتل کر دیا تھا۔
ایف آئی آر تھانہ گرین ٹاؤن میں مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں قتل کی دفعہ 302 کے تحت درج کی گئی ہے۔ مدعی کے مطابق نبیلہ بی بی کی شادی 2008 میں محمد نواز سے ہوئی تھی اور ان کے تین بچے ہیں۔ میاں بیوی میں اکثر جھگڑا رہتا تھا جس کے باعث نبیلہ کچھ عرصے سے اپنے بھائی کے گھر مقیم تھی۔
ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ 30 مئی کو محمد نواز نے صلح کی خواہش ظاہر کی اور نبیلہ اور بچوں کو اپنے ساتھ لے گیا۔ چند گھنٹے بعد محمد نواز نے مقتولہ کے بھائی کو فون کر کے کہا کہ وہ فوراً اس کے گھر پہنچے تاکہ تمام معاملات آج ہی طے ہو جائیں۔ جب نبیلہ کا بھائی وہاں پہنچا تو دیکھا کہ محمد نواز نے نبیلہ کو ٹوکے کے وار سے قتل کر دیا تھا اور موقع سے فرار ہو گیا۔
واقعے کا نوٹس ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور سید ذیشان رضا نے لیا، جن کی ہدایت پر ایس پی انویسٹی گیشن صدر معظم علی کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دی گئی۔ پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کا میڈیا کو جاری بیان میں کہنا ہے کہ خواتین اور بچوں پر تشدد اور ان کے قتل میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ شواہد کی روشنی میں مضبوط چالان مرتب کیا جائے گا تاکہ ملزم کو قرار واقعی سزا دلائی جا سکے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ قانون شکن عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
خواتین پر تشدد کے بڑھتے واقعات
سال 2024 میں پاکستان میں صنفی بنیاد پر تشدد کے 32,617 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ان میں 5,339 عصمت دری، 24,439 اغواء، 2,238 گھریلو تشدد اور 547 عزت کے نام پر قتل کے واقعات شامل تھے۔ یہ اعداد و شمار غیر سرکاری تنظیم سسٹین ایبل سوشل ڈیوپلمینٹ کی سالانہ رپورٹ میں جاری کیےگئے۔
اسی رپورٹ کے مطابق گھریلو تشدد کے سب سے زیادہ کیسز پنجاب سے رپورٹ ہوئے، جہاں 1,167 مقدمات درج ہوئے، تاہم ان میں صرف 3 کیسز میں سزا ہوئی۔ سندھ میں 375، خیبر پختونخوا میں 446، بلوچستان میں 160، اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 22 کیسز رپورٹ ہوئے۔ مجموعی طور پر گھریلو تشدد میں سزا کی شرح محض 1.3 فیصد رہی۔