سندھ میں ہندو بچوں کے مبینہ اغوا اور جبری مذہب تبدیلی کا معاملہ سینیٹ پہنچ گیا

سندھ کے شہر شہدادپور میں ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے چار بچوں کے مبینہ اغوا اور ان میں سے دو کے کراچی میں مبینہ جبری طور پر اسلام قبول کرنے کے واقعے کو لےکر قومی سطح پر تشویش۔ سینیٹ میں مذمت۔

0
237

21 جون 2025

رپورٹ: رانا مالہی


اسلام آباد: سندھ کے شہر شہدادپور میں ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے چار بچوں کے مبینہ اغوا اور ان میں سے بعض کے کراچی میں مبینہ جبری طور پر اسلام قبول کرنے کے واقعے نے قومی سطح پر تشویش پیدا کر دی ہے، جس کی بازگشت ایوان بالا سینیٹ میں بھی سنائی دی۔

واقعہ 18 جون کو اُس وقت منظرعام پر آیا جب متاثرہ بچوں کے والدین نے شہدادپور کے متعلقہ تھانے میں اغوا کی ایف آئی آر درج کروائی۔ والدین کا الزام ہے کہ ایک مقامی استاد، فرحان خاصخیلی، نے اپنے تین ساتھیوں ذوالفقار، عرفان اور مجید کے ہمراہ اسلحے کے زور پر 13 سالہ ہنی کمار اور 15 سالہ دشینا بائی کو ایک کمپیوٹر سینٹر سے اغوا کیا۔

اگلے ہی دن، 19 جون کو جییا بائی اور دیا بائی نامی دو اور لڑکیوں کے اغوا کی بھی شکایت درج کروائی گئی، جنہیں والدین کے مطابق وہی افراد کراچی لے گئے۔

شہدادپور کی مقامی عدالت نے 20 جون کو فیصلہ سناتے ہوئے ہنی کمار اور دشینا بائی کو والدین کے حوالے کرنے کا حکم دیا، جبکہ جییا بائی اور دیا بائی کو کراچی کے ویلفیئر سینٹر واپس بھیجنے کی ہدایت جاری کی۔

واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔ ہندو پنچایت، متاثرہ خاندانوں اور شہریوں نے احتجاجی مظاہرے کیے اور بچوں کی فوری بازیابی اور تحفظ کا مطالبہ کیا۔

اس حساس معاملے پر سینیٹ میں بھی آواز بلند ہوئی۔ سینیٹر دنیش کمار نے اپنے خطاب میں کہا کہ “سندھ میں ہندو برادری اکثریت میں ہونے کے باوجود ظلم و زیادتی کا نشانہ بنتی ہے۔ ان کی کم عمر لڑکیوں کو اغوا کر کے جبری طور پر مذہب تبدیل کروایا جاتا ہے، جو کہ نہ صرف انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے بلکہ آئین پاکستان کی روح کے بھی منافی ہے۔”

مجلس وحدت المسلمین کے سینیٹر علامہ ناصر عباس نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ “اقلیتوں پر ظلم کرنے والے عناصر کو قرار واقعی سزا ملنی چاہیے۔ ایسے حساس معاملات کے لیے ایک ٹاسک فورس تشکیل دی جانی چاہیے تاکہ ان کی روک تھام ہو سکے۔”

وفاقی وزیرِ مملکت برائے بین الصوبائی رابطہ کھیل داس کوہستانی نے بھی واقعے پر اظہارِ خیال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ “اٹھارہ سال سے کم عمر بچیوں کو زبردستی اغوا کر کے ایک ہی دن میں مذہب تبدیل کروانا تشویشناک ہے۔ اس پر فوری قانون سازی کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کو روکا جا سکے۔”

ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (HRCP) سمیت دیگر انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے جبری مذہب تبدیلی کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر قانون سازی کا مطالبہ کیا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here