19 جون 2025

سٹاف رپورٹ


پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ امریکا، ایران کے خلاف پاکستان سے مدد مانگ سکتا ہے، لیکن انہیں امید ہے کہ پاکستان ایران کے خلاف کوئی قدم نہیں اٹھائے گا۔

آج نیوز کے پروگرام سپاٹ لائٹ میں میزبان منیزے جہانگیر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عوام اور فوجی قیادت کو بھی اندازہ ہے کہ پاکستان خود بھی صیہونی ریاست کا ممکنہ ہدف ہو سکتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل نہیں چاہتا کہ خطے میں کوئی ایسی طاقت موجود ہو جو اسے چیلنج کر سکے۔ “اسرائیل جب حماس کو برداشت نہیں کر رہا تو پاکستان اور ایران کو کیسے برداشت کرے گا؟”

امریکی بیسز مسلم ممالک میں ہیں، اس لیے نشانہ نہیں بنا رہے

جب ان سے پوچھا گیا کہ آیا ایران خطے میں موجود امریکی بیسز کو نشانہ بنا سکتا ہے، تو ایرانی سفیر نے کہا کہ چونکہ یہ بیسز مسلمان ممالک میں موجود ہیں، اس لیے ہم ان پر حملے سے گریز کر رہے ہیں۔ تاہم اگر مجبور کیا گیا تو ہم امریکی بیسز کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں تمام اسلامی ممالک سے توقع ہے کہ وہ اس جنگ میں ایران کی حمایت کریں گے، کیونکہ یہ صرف ایران کی جنگ نہیں ہے- “آج ہم نشانے پر ہیں، کل کو آپ ہو سکتے ہیں۔”

چین کو چاہیے کہ وہ ایران کو بھی ہتھیار دے

چین کی جانب سے ایران کو ہتھیار دینے سے متعلق سوال پر ایرانی سفیر نے کہا کہ چین نے اب تک ایران کو ہتھیار نہیں دیے، لیکن وہ ایران کا دوست ہے اور جانتا ہے کہ امریکا کا اصل ہدف وہ خود بھی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جو بھی ممالک امریکا کے نشانے پر ہیں، انہیں چاہیے کہ وہ ایران کی مدد کریں۔ “جس طرح امریکا اسرائیل کو ہتھیار فراہم کر رہا ہے، چین کو بھی چاہیے کہ وہ ایران کو ہتھیار فراہم کرے۔”

ایران-اسرائیل جنگ میں روس کے کردار پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے کہا کہ روس نے صیہونی ریاست کی ہر سطح پر مذمت کی ہے اور آئی اے ای اے میں بھی ایران کی حمایت کی ہے، لیکن ہر ملک اپنے مفادات کو سامنے رکھتا ہے۔

واضح رہے کہ روس کے صدر ولادی میر پوٹن نے کہا ہےکہ ایران نے اب تک روس سے مدد نہیں مانگی ہے۔

شکست ہو یا فتح، ہم مزاحمت کریں گے

اس جنگ میں امریکا کے کردار پر بات کرتے ہوئے ایرانی سفیر نے کہا کہ امریکا کی مدد کے بغیر اسرائیل ایک مہینہ بھی نہیں چل سکتا۔ ایران پر حملے کے لیے امریکا نے اسرائیل کو وسائل اور میزائل فراہم کیے۔

امریکی صدر ٹرمپ کی جانب سے ایران کو ہتھیار ڈالنے کے مشورے پر ایرانی سفیر نے کہا، “ایران پوری طاقت سے کھڑا ہے۔ چاہے شکست ہو یا فتح، ہم مزاحمت کریں گے، کیونکہ عزت سب سے بڑی چیز ہے۔”

اسرائیل کی جانب سے ایران کے فضائی کنٹرول کے دعوے پر ردعمل دیتے ہوئے ایرانی سفیر نے کہا کہ اسرائیل میزائلوں اور طیاروں سے ایران کی فضاؤں پر قبضے کا دعویٰ کر رہا ہے، لیکن جب وہ زمین پر اترے گا تو ہم حساب برابر کر دیں گے۔

اگر امریکا مذاکرات چاہتا ہے تو جنگ ختم کرے

امریکا سے مذاکرات کے امکان سے متعلق سوال پر ایرانی سفیر نے کہا کہ اگر امریکا واقعی مذاکرات پر یقین رکھتا تو وہ جنگ کا آغاز نہ کرتا۔ یا تو امریکا مذاکرات پر یقین نہیں رکھتا یا وہ جنگ کے ذریعے اپنی شرائط منوانا چاہتا ہے، جو ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹرمپ جانتا ہے کہ ایران ایٹمی ہتھیار نہیں بنانا چاہتا، اور آئی اے ای اے بھی 15 بار یہ کہہ چکا ہے۔ لیکن امریکا ایران کو غلام بنانا چاہتا ہے۔

آئی اے ای اے کے بہت سے انسپکٹر جاسوس ہوتے ہیں

این پی ٹی (NPT) سے ایران کے ممکنہ انخلا سے متعلق سوال پر ایرانی سفیر نے کہا کہ ایرانی عوام این پی ٹی سے نکلنے کے حق میں ہیں، کیونکہ اس معاہدے سے ایران کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ اگر ہم این پی ٹی سے نکلتے ہیں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم ایٹم بم بنائیں گے۔

انہوں نے کہا، “آئی اے ای اے کے بہت سے انسپکٹر دراصل جاسوس ہوتے ہیں۔ تو ہم کیسے انہیں ملک میں آنے کی اجازت دے سکتے ہیں؟”

ایرانی سفیر نے تصدیق کی کہ اسرائیلی حملوں میں زمین پر موجود ایک ایٹمی ری ایکٹر کو نقصان پہنچا، تاہم وہاں سے کوئی تابکاری خارج نہیں ہو رہی۔

دنیا میں سب سے زیادہ جمہوریت ایران میں ہے

ایران میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں اور اسرائیلی وزیراعظم کے رجیم چینج کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے ایرانی سفیر نے کہا کہ اسرائیل ہمیں انسانی حقوق کا سبق نہ دے۔ یہ ایسے ہی ہے جیسے کوئلہ دوسرے کوئلے کو سیاہ ہونے کا طعنہ دے۔

انہوں نے کہا کہ ہر امریکی صدر ایران میں حکومت کی تبدیلی کی بات کرتا ہے، لیکن بعد میں مذاکرات کی درخواست کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا، “دنیا میں سب سے زیادہ جمہوریت ایران میں ہے، کیونکہ وہاں کا آئین عوام نے بنایا ہے اور عوام کے نمائندے سپریم لیڈر کا انتخاب کرتے ہیں۔”

رضا شاہ پہلوی دوئم نیتن یاہو کے ذریعے ایران پر حکومت کرنا چاہتا ہے

سابق ایرانی بادشاہ کے بیٹے رضا شاہ پہلوی دوئم پر تنقید کرتے ہوئے ایرانی سفیر نے کہا کہ وہ اسرائیلی میزائلوں کے سہارے اقتدار میں آنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ رضا شاہ پہلوی دوئم دنیا کے خبیث ترین شخص نیتن یاہو کے ذریعے ایران پر حکومت کرنا چاہتے ہیں، لیکن ایسا ہرگز نہیں ہوگا۔

ایرانی سفیر نے آخر میں پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف کو کھل کر ایران کی حمایت کرنے اور رضا شاہ دوئم پر تنقید کرنے پر ہیرو قرار دیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here