02 جولائی 2025

تحریر مصطفیٰ خان

ضلع کرم


خیبر پختونخوا کا سرحدی اور تنازعات کا شکار ضلع کرم حالیہ طوفانی بارشوں سے بدترین متاثر ہوا ہے۔ علاقے میں کئی دنوں سے جاری موسلادھار بارشوں کے باعث سڑکیں، پل، مکانات، کھیت اور دیگر بنیادی ڈھانچے بری طرح متاثر ہوئے ہیں، جبکہ بعض علاقے مکمل طور پر زیرِ آب آ چکے ہیں۔ متاثرین نے فوری امداد کی اپیل کی ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ اور صوبائی حکومت نے ابتدائی سروے مکمل کر کے امدادی کارروائیاں شروع کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ پاراچنار اور اس کے نواحی دیہات ہیں، جہاں مقامی افراد نہ صرف اپنے مکانات بلکہ کھڑی فصلیں، باغات، اور مال مویشی بھی کھو بیٹھے ہیں۔ متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ شدید بارشوں اور سیلابی ریلوں نے ان کی زندگی بھر کی جمع پونجی برباد کر دی ہے۔

متاثرہ شہری سید اعجاز کا کہنا ہے، “یہ بارش ہمارے لیے آفت بن کر آئی۔ کھیتوں میں گندم اور آلو کی فصل تیار تھی، سب کچھ برباد ہو گیا۔ اب نہ کھانے کو کچھ ہے اور نہ رہنے کو چھت۔”

متاثرہ شہری لعل حسین اپنی مشکلات کو بیان کرتے ہوئے کہتے ہیں،”رات کو اچانک طوفان آیا، میرے چار کمروں پر مشتمل مکان پانی میں بہہ گیا۔ غربت کی وجہ سے بارانی ندی کے قریب مکان خریدا تھا، اب میری دنیا اجڑ چکی ہے۔ حکومت فوری مدد کرے۔”

اسی طرح ایک اور متاثرہ شہری، سبطین حسین نے بتایا کہ ان کے گھر کے ساتھ ساتھ درخت، باورچی خانہ اور حجرہ بھی سیلاب کی نذر ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی زندگی بھر کی کمائی سے یہ سب کچھ بنایا تھا، اور اب وہ سب پانی میں بہہ چکا ہے۔

ذاکر حسین، جو پہلے ہی کرایے کے مکان میں رہائش پذیر تھے، کہتے ہیں کہ وہ رات کو اس وقت جاگے جب ان کے کمرے پانی سے بھر چکے تھے۔ “سارا سامان بہہ گیا، خالی ہاتھ نکلنا پڑا۔ اب نہ کوئی چھت ہے، نہ کپڑے، نہ سامان۔

ضلعی انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ وہ متاثرین کی فوری امداد کے لیے سرگرم ہے۔ ڈپٹی کمشنر کرم اشفاق احمد کے مطابق، “ہم نے ابتدائی سروے مکمل کر لیا ہے۔ جن علاقوں میں سڑکیں اور پل متاثر ہوئے ہیں، وہاں متبادل راستے قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ امدادی کارروائیاں بروقت مکمل کی جا سکیں۔”

ڈی سی اشفاق احمد نے مزید بتایا کہ وہ مختلف محکموں کی ٹیموں کے ہمراہ متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کر چکے ہیں اور متاثرہ خاندانوں کی فہرستیں مرتب کی جا رہی ہیں تاکہ انہیں ترجیحی بنیادوں پر امداد فراہم کی جا سکے۔

علاقائی قبائلی عمائدین نے بھی حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ جلال بنگش، جو کہ ایک مقامی قبائلی رہنما ہیں، کا کہنا تھا کہ، “ضلع کرم میں حالیہ بارشوں سے ناقابلِ تلافی نقصان ہوا ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر خیمے، خوراک، اور نقد امداد فراہم کرے۔”

مقامی ذرائع کے مطابق، اب تک درجنوں مکانات مکمل طور پر منہدم ہو چکے ہیں جبکہ کئی دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔ علاقے میں طبی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث کئی زخمی افراد کو قریبی اضلاع منتقل کرنا پڑا۔

متاثرین کا مطالبہ ہے کہ نہ صرف فوری امداد دی جائے بلکہ آئندہ ایسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جامع حکمتِ عملی بھی وضع کی جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو ضلع کرم میں انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here