09 جولائی 2025

رپورٹ : اعتزاز ابراہیم


مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور کے علاقے سیت پور میں پسند کی شادی کرنے والے نوجوان سے بدلہ لینے کے لیے خاتون کے سابق شوہر اور اس کے اہل خانہ نے نوجوان کے والد پر حملہ کر کے اسے شدید زخمی کر دیا۔ متاثرہ شخص کے ناک اور ہونٹ کاٹ دیے گئے جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، تاہم دیگر نامزد ملزمان تاحال فرار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سیت پور کے رہائشی اختر نامی نوجوان نے ایک سال قبل ایک خاتون کا تنسیخ نکاح کروا کر اس سے پسند کی شادی کی تھی۔ اس شادی پر خاتون کے سابق شوہر اور اس کے اہل خانہ کو سخت اعتراض تھا۔

ایف آئی آر کے مطابق خدا بخش دوپہر تقریباً دو بجے حجام کی دکان سے واپس گھر جا رہے تھے کہ راستے میں آٹھ مسلح افراد نے انہیں گھیر لیا۔ مدعی مقدمہ، جو کہ خدا بخش کا بھتیجا ہے، نے پولیس کو بتایا کہ ملزمان کے پاس چاقو، چھڑی ، کلہاڑی اور پستول موجود تھے۔ انہوں نے خدا بخش کو زمین پر گرا کر اس کے ناک اور ہونٹ چاقو اور کلہاڑی کے وار سے کاٹ دیے۔ متاثرہ کی چیخ و پکار سن کر قریبی لوگ موقع پر جمع ہوئے جس پر ملزمان فرار ہوگئے۔

واقعے کی ایف آئی آر تھانہ سیت پور میں خدا بخش کے بھتیجے کی مدعیت میں درج کی گئی ہے جس میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 324 (اقدام قتل)، 148 (مسلح افراد کی طرف سے ہنگامہ آرائی) اور 149 (غیر قانونی اجتماع) شامل کی گئی ہیں۔ ایف آئی آر میں خاتون کے سابق شوہر، اس کے بھائیوں اور دیگر رشتہ داروں سمیت آٹھ افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن میں مزید بتایا گیا ہے کہ متاثرہ خاندان کو گزشتہ ایک سال سے قتل کی دھمکیاں مل رہی تھیں۔ وجہ عناد یہ تھی کہ خاتون نے اپنے سابق شوہر سے طلاق لے کر خدا بخش کے بیٹے اختر سے شادی کر لی تھی، جسے اس کا سابق شوہر اور خاندان برداشت نہ کر سکے۔

واقعے کے بعد خدا بخش کو شدید زخمی حالت میں طبی امداد کے لیے فوری طور پر نشتر اسپتال ملتان منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

میڈیا کو جاری بیان میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایک مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ جلد باقی ملزمان کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

یہ واقعہ اپنی نوعیت کا واحد واقعہ نہیں۔ گزشتہ ماہ یکم جون کو لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن میں بھی اسی نوعیت کا واقعہ پیش آیا تھا، جہاں نبیلہ نامی خاتون کو اس کے سابق شوہر نے ٹوکے کے وار سے قتل کر دیا تھا۔ مقتولہ نے چھ ماہ قبل سلیم نامی شخص سے پسند کی شادی کی تھی، جس پر اس کے سابق شوہر نے انتقامی کارروائی کی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here