15 جولائی 2025
تحریر: کلیم اللہ
افغانستان سے متصل جنوبی وزیرستان کا واحد بارڈر انگور اڈہ کراسنگ پوائنٹ گزشتہ بائیس ماہ سے بند ہے، جس کے باعث سرحدی کاروباری طبقہ شدید متاثر ہو رہا ہے۔ یہ کراسنگ پوائنٹ ضلع ہیڈکوارٹر وانا سے 54 کلومیٹر دور تحصیل برمل میں واقع ہے۔
یہ بارڈر اُس وقت بند ہوا جب حکومت نے عام شہریوں اور تاجروں کے لیے ویزہ کی شرط لازمی قرار دی۔ اس فیصلے کے خلاف مقامی لوگوں نے بطورِ احتجاج بارڈر کو بند کر دیا۔ مظاہرین کا مؤقف تھا کہ بارڈر کے دونوں جانب لوگوں کے رشتہ دار ہیں اور وہ بار بار ویزہ حاصل کرنے کے متحمل نہیں ہو سکتے، لہٰذا یہ شرط ختم کی جائے۔
کئی مہینوں تک احتجاج کے باوجود جب حکومت نے مطالبات تسلیم نہ کیے تو تاجروں نے ویزے کی شرط قبول کر لی، جبکہ عام شہریوں کے لیے اس شرط کو چمن بارڈر کے مظاہرین سے کیے گئے معاہدے سے مشروط کر دیا گیا۔ اس کے باوجود آج تک انگور اڈہ بارڈر دوبارہ نہیں کھولا گیا۔ حکومت اس بندش کی وجہ سیکیورٹی کو قرار دیتی ہے۔
بارڈر کی بندش اور سیکیورٹی کی غیر یقینی صورتِ حال کے خلاف وانا میں جمعے سے احتجاجی دھرنا جاری ہے۔ مظاہرین بارڈر کو فوری طور پر کھولنے، سیکیورٹی کی صورتِ حال بہتر بنانے، عوام کو امن فراہم کرنے اور معدنیات پر مالکانہ حقوق دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
جنوبی وزیرستان لوئر چیمبر آف کامرس کے صدر سیف الرحمان کا کہنا ہے کہ ’’خیبر پختونخوا اور قبائلی اضلاع میں امن و امان کی خراب صورتِ حال، گزشتہ 22 ماہ سے انگور اڈہ پاک–افغان بارڈر کی بندش اور معدنیات پر مالکانہ حقوق کے لیے یہ احتجاج ہو رہا ہے۔ بارڈر کی بندش سے مقامی لوگ بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں ہوتے، دھرنا جاری رہے گا اور ضرورت پڑی تو اسے کسی اور مقام پر منتقل کیا جائے گا۔‘‘
دھرنے میں مختلف سیاسی جماعتوں کی نمائندگی بھی موجود ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر امان اللہ وزیر کا کہنا ہے کہ’’پاکستان کے آئین کے تحت شہریوں کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔ ہم حکومت سے صرف وہی مطالبات کر رہے ہیں جو آئین ہمیں دیتا ہے۔ خدارا ہمارے عوام کو امن، تجارت اور معدنیات پر مالکانہ حقوق دیے جائیں۔‘‘
جنوبی وزیرستان سے رکنِ صوبائی اسمبلی عجب گل وزیر نے بھی دھرنے میں شرکت کی۔ وائس پی کے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ’’جب تک ہمارے لوگوں کو امن، تجارت اور پرسکون زندگی کی ضمانت نہیں ملتی، ایسے احتجاج جاری رہیں گے۔‘‘
انہوں نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ ضم شدہ اضلاع کے روکے گئے فنڈز جلد جاری کیے جائیں تاکہ پسماندگی، غربت اور بے امنی کا خاتمہ ہو اور ترقی کی راہ ہموار ہو۔ صوبائی حکومت کے حوالے سے ان کا کہنا تھاکہ ’’ہم امن و امان سے متعلق پالیسی بنانے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن صوبائی حکومت کی ایک حد تک چلتی ہے، اس سے آگے ہم بھی بے بس ہیں۔‘‘
یہ احتجاج آج پانچویں روز بھی جاری ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک انگور اڈہ بارڈر سمیت اُن کے دیگر مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، دھرنا جاری رہے گا، اور ضرورت محسوس ہوئی تو اسے کسی اور مقام پر بھی منتقل کیا جا سکتا ہے۔